نام نہاد آزاد اور بے باک میڈیا بے نقاب

مختلف سازشوں اور اسکینڈلز کے بعد اب میڈیا بھی اسکینڈلز کی زد میں آگیا ہے۔بلکہ یہ کہنا چاہئے کہ میڈیا بے نقاب ہوگیا ہے۔ہم بارہا یہاں یہ بات کہہ چکے ہیں ہمارا میڈیا نہ تو آزاد ہے اور نہ ہی دیانت دار بلکہ مغربی ایجنڈے پر چلتا ہے اور میڈیا کے نام نہاد اینکرز مغربی ایجنٹ ہیں۔ اب حال ہی میں یو ٹیوب کے ذریعے منظر عام پر آنے والی ویڈیو نے یہ بات واضح کردی کہ پورے ملک میں اخلاقیات،ایمانداری، قانون پسندی کا راگ الاپنے والے اندر سے کیا ہیں۔ یہاں یہ بات واضح رہنی چاہیے کہ ہم نے کم وبیش ڈھائی سال قبل نجی ٹی وی چینلز کی خاتون اینکرز کی سی آئی اے ارکان کے ساتھ ’’بے تکلفانہ انداز‘‘ میں بنوائی گئی تصاویر قارئین سے شئیر کی تھیں۔اس کے علاوہ انہی صفحات پر ہم نے مبشر لقمان کے بارے میں یہ کہا تھا کہ یہ فرد قادیانی لابی کا آدمی ہے۔ خیر اب صورتحال یہ ہے کہ ویڈیو میں یہ بات بے نقاب ہوئی کہ کس طرح ایک پلانٹڈ انٹرویو لیا گیا اور اس میں مبشر لقمان اپنی مرضی کے سوالات کرنے کے لئے ساتھی اینکر پر دباؤ ڈالتے رہے جبکہ انٹر ویو کے دوران عبدالقادر گیلانی کی کال بھی آئی کہ فلاں فلاں بات بھی پوچھوں ملک ریاض سے۔

دنیا نیوز کی اس ویڈیو کو تمام ہی چینلز نے اپنا موضوع بنایا لیکن جیو نیوزنے خاص طر پر اس پر کئی پروگرامات کئے ، شائد اس کی وجہ یہ ہو کہ مبشر لقمان نے حامد میر کا نام لینے کی کوشش کی تھی۔ اب ہوا یہ کہ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد دنیا نیوز اور جیو نیوز کے درمیان کشیدگی کا آغاز ہوا اور جیو نے مبشر لقمان کے کچے چٹھے کھولنے شروع کئے۔ اس کے جواب میں اب دنیا نیوز نے بھی جیو کے خلاف ایک پروگرام کرڈالا ہے ۔لیکن بنیادی بات یہ ہے کہ میڈیا کے نمائندوں میں اکثریت دین بیزار، سیکولز ازم کے حامی ، اور مغربی ایجنڈے کو چلانے والوں کی ہیں جو کہ غیر ملکی این جی اوز سے ان خدمات کا ٹھیک ٹھاک معاوضہ وصول کرتے ہیں ، ابھی تو یہ دیکھیں کہ اس بحر کی تہہ سے کیا نکلتا ہے۔

ہم یہاں ایک خبر قارئین سے شئیر کریں گے جس میں لوگوں کی فہرست ہے جو کہ ملک ریاض سے رقوم وصول کرتے رہے ہیں۔

ملک ریاض سے مالی فوائد لینے والے معروف و معتبر صحافی و اینکرز
پاکستانی تاریخ کے بڑے اسکینڈل کے مرکزی کردار ملک ریاض کی جانب سے متعدد ’’معروف اور معتبر‘‘صحافیوں و اینکرز کو رقوم اور پلاٹ دینے کے دستاویزی شواہد سامنے آئے ہیں۔ بحریہ ٹائون کارپوریٹ ہیڈآفس راولپنڈی، اسلام آباد کے لیٹر ہیڈ پر جاری تفصیلات کے مطابق ملک ریاض کی جانب سے جن صحافیوں و اینکرز کو رقوم اور پلاٹس دیے گئے ان میں مبشر لقمان، ڈاکٹر شاہد مسعود، نجم سیٹھی، کامران خان، حسن نثار، حامد میر، مظہر عباس، مہر بخاری، ماروی سرمد، ارشد شریف ، نصرت جاوید اور مشتاق منہاس وغیرہ شامل ہیں۔ بحریہ ٹائون کی جانب سے جاری کیے گئے دستاویزی شواہد کے مطابق ملک ریاض مبشر لقمان کو تین قسطوں میں2کروڑ85لاکھ روپے (جو نیشنل بینک میں ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے) اور مرسیڈیز بینز دی۔ڈاکٹر شاہد مسعود کو ایک کروڑ 7لاکھ روپے دیے(جو یکمشت نیشنل بینک میں ان کے اکائونٹ منتقل ہوئے)،کے علاوہ 7بار دبئی کا دورہ اوروہاں ہوٹل میں قیام کے اخراجات اور کرایے پر کار فراہم کی۔میڈیا کے ایک بڑے گروپ کے ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز نجم سیٹھی نے ایک کروڑ94لاکھ روپے وصول کیے(جو مسلم کمرشل بینک ڈی ایچ اے لاہور سے بحریہ ٹائون پرائیوٹ لمیٹڈ کے اکاؤنٹ ٹائٹل سے نجم سیٹھی کے اکاؤنٹ 14-7سوئفٹ کوڈ MUCBPKKAA منتقل ہوئے)، کے علاوہ بحریہ ٹائون لاہور میں ایک کنال پلاٹ لیا اور امریکا کا 3 دفعہ دورہ کیا جس میں تمام اخراجات ملک ریاض نے برداشت کیے۔ کامران خان نے62لاکھ روپے وصول کیے (جو NIBC بینک لمیٹڈ بحریہ ٹاؤن برانچ اکاؤنٹ نمبر 8263982 سے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے)۔ اس کے علاوہ ملک ریاض نے انہیں بحریہ ٹائون میں 2کروڑ کا گھر دینے کا وعدہ کیا تھا جو مئی 2012 تک انہیں نہیں ملا۔حسن نثارنے ایک کروڑ 10لاکھ روپے وصول کیے۔( یہ رقم ان کے اکاؤنٹ میں بحریہ ٹائون کے اکاؤنٹ ٹائٹل کے نمبر 42279-2 کے علاوہ حبیب بینک لمیٹڈ ،ایل ڈی اے پلازہ برانچ ، لاہور کوڈ1315سوئفٹ HABBPKKAX315 سے منتقل کی گئی)،اس کے علاوہ انہوں نے بحریہ ٹائون میں 10مرلہ کا پلاٹ بھی لیا۔ دوسروں کی پگڑیاں اچھالنے والے ایک معروف اینکر حامد میر نے ملک ریاض سے 2کروڑ50لاکھ روپے وصول کیے( یہ رقم NIBC بینک لمیٹڈ، بحریہ ٹائون برانچ کے اکاؤنٹ نمبر 8284050 سے ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی۔)حامد میر نے اسلام آباد میں 5کنال کا پلاٹ بھی لیا۔مظہرعباس کو 10لاکھ روپے (جو ان کے مسلم کمرشل بینک اکاؤنٹ نمبر 0075232201000124 میں ٹرانسفر ہوئے ) اورلاہور میں10مرلہ کا پلاٹ دیا گیا۔مہر بخاری کو ایک اور اینکر کاشف عباسی سے شادی کے موقع پر 50 لاکھ کی سلامی دی گئی اور اسلام آباد میں ایک کنال کا پلاٹ دیا گیا۔ماروی سرمد نے 10لاکھ روپے وصول کیے( جو ان کے اکاؤنٹ میں NIBC بینک لمیٹڈ، بحریہ ٹائون برانچ کے اکاؤنٹ نمبر8284059 سے منتقل کی گئی)۔ارشد شریف کو ملک ریاض کے کہنے پر نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کا بیورو چیف بنایا گیا۔اس کے علاوہ انہوں نے دو قسطوں میں 85لاکھ روپے لیے( جو ان کے اکاؤنٹ میں UBLاکاؤنٹ نمبر37100154 سے منتقل کی گئی)۔ایک اور معروف ، مظلوم اور معتبر اینکر نصر جاوید جو حب الوطنی کی تصویر بنے نظر آتے ہیں، نے78لاکھ روپے وصول کیے( یہ رقم ان کے اکاؤنٹ میں مسلم کمرشل بینک ڈی ایچ اے لاہور کے بحریہ ٹائون پرائیوٹ لمیٹڈ کے ٹائٹل اکاؤنٹ نمبر14-7سوئفٹ کوڈ نمبرMUCBPKKAA سے منتقل کی گئی) اس کے علاوہ انہوں نے نذرانے میں ٹویوٹا کرولا بھی لی۔ دستاویزی ثبوت کے مطابق ملک ریاض سے مالی فائدہ حاصل کرنے والوں میں آخری نام معروف صحافی مشتاق منہاس کا ہے جنہوں نے ملک ریاض سے دو قسطوں میں55لاکھ روپے لیے(یہ رقم بحریہ ٹائون پرائیوٹ لمیٹڈ کے اکاؤنٹ نمبر51077-6اور حبیب بینک لمیٹڈ ، ایل ڈی اے پلازہ برانچ،لاہور کے کوڈ نمبر 1315 سوئفٹ نمبرHABBPKKAX315 سے ان کے بینک اکاؤنٹ منتقل کی گئی۔

جبکہ ابھی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔اس کے بعد آپ خود ہی فیصلہ کرلیں کہ میڈیا کے بارے میں ہم جو کچھ کہتے رہے ہیں کیا وہ غلط تھا؟؟ اور کیا میڈیا پر جو بے حیائی، فحاشی، سیکولر ازم، اور دینی مدارس و شعار اسلام کے خلاف جو مہم چلائی جارہی ہے اس کے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں ۔ اور جو لوگ پورے ملک کی برین واشنگ کرنے میں مصروف ہیں ان کا اپنا کردار کیا ہے اور وہ ہمارے معاشرے کو کس طرف لیجانا چاہتے ہیں۔
Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 534 Articles with 1453792 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More