ثامن نقوی:کوئی سنتا نہیں آواز

 ثامن نقوی: کوئی سنتا نہیں آواز(شعری مجموعہ)،ادارہ ممتاز مطبوعات ،گلشن اقبال ،کراچی ،سال اشاعت 2008۔
تبصرہ نگار:ڈاکٹر غلام شبیر رانا

پاکستان کے نامور ادیب ،دانش ور اور افسانہ نگار طاہر نقوی نے اپنے والد ثامن نقوی کا مجموعہ کلا م بڑی محنت سے مرتب کر کے شائع کیا ہے ۔ثامن نقوی کی شاعری کا زمانہ بیسویں صدی کے دوسرے عشرے تک کے عرصے کی یاد دلاتا ہے ۔یہ کلام اب تک شائع نہ ہو سکا ۔یہ مختلف ادبی مجلات میں منتشر صورت میں تھا ۔اس تمام کلام کو یک جا کر کے اسے کتابی صورت میں زیور طباعت سے آراستہ کر نا بلا شبہ ایک کٹھن مر حلہ تھا ۔طاہر نقوی نے تحقیق کے ذریعے یک ایسے شاعر کا کلام قارئین کی خدمت میں پیش کیا ہے جس کی علمی و ادبی خدمات پر ابلق ایام کے سموں کی گرد پڑ گئی تھی۔ایک بڑے تخلیق کار کا یوں گوشہ گم نامی میں چلے جاناایک زندہ قوم اور مہذب معاشرے کے لیے کوئی نیک شگون نہیں ۔اس مجموعہ کلام کی اشاعت سے اردو ادب کی ثر وت میں اضافہ ہوا ہے ۔یہ بات بلا خوف تردید کہی جا سکتی ہے کہ یہ لفظ زندہ رہیں گے اور حرف صداقت لکھنے والے ایسے تخلیق کار کو دوام حاصل ہے ۔ثامن نقوی کے چند اشعار:
شکوہ ہی کیا کہ غیر تو پھیر غیر ہیں مگر
اپنوں سے بھی امید شرافت نہ کیجیے

موجودگی تھی ان کی میرے واسطے حیات
وہ کیا گئے کہ موت کا پیغام آگیا

یہ چاکری غلام بناتی ہے دائمی
پڑھ لکھ کے گھاس کھودئیے غیرت نہ کیجیے

میں ڈھونڈتا ہوا تم کو ،چلا تو ہوں لیکن
مگر قدم یہ تھمیں گے کہاں ،نہیں معلوم

ثامن نقوی کی شاعری میں تخلیق ادب کو ایک ایسے سماجی عمل کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس کے معجز نما اثرسے احساس و ادراک کی خوابیدہ صلاحیتوں کو مہمیز کیا جا سکتا ہے ۔ان کی شاعری آج کے دور میں بھی مسائل عصر کا احاطہ کرتی ہے اور تمام واقعات کو قاری کے شعور میں شامل کرکے سوچ کے متعدد نئے در وا کرتی چلی جاتی ہے ۔اس شاعر ی کے مطالعہ سے قاری کے جذبات اور احساسات کی مثبت انداز میں تہذیب و تزکیہ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔یہ زندہ شاعری سماجی عمل سے مربوط ہے اور اس سے زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے ۔
 

image
Dr.Ghulam Shabbir Rana
About the Author: Dr.Ghulam Shabbir Rana Read More Articles by Dr.Ghulam Shabbir Rana: 6 Articles with 6754 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.