ورچوئل یونیورسٹی اوپن کورس ویئر۔علم کا بحرِ بیکراں

تعلیم کا حصول اور فروغ انسانی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور علم کے فروغ کی بدولت ہی ایک بہتر اور مہذب معاشرہ تشکیل پاتا ہے ۔آج کا دور بڑا عجیب سا دور ہے جہاں ہر طرف نفسا نفسی کا عالم ہے۔ لوگ فطرتاََ علم پروردہ نہیں رہے اور عام طور پر اپنے علم اور تجربات کو بھی عوام کے ساتھ بغیر کسی مالی مفاد کے شیئر نہیں کرتے بلکہ علم کی فروخت ایک باقاعدہ نفع بخش کاروبار کا روب دھار چکی ہے۔ لیکن اس گئے گذرے دور میں بھی کچھ افراد اور ادارے اپنے علم کو افراد عالم کے ساتھ بغیر کسی مالی مفاد کے شیئر کر رہے ہیں ۔ یہ در اصل بنی نوع انسان کی علمی خدمت جس کی توفیق خدا وندِ قدوس نے انہیں عطا کی ہے۔ اور اس کا ایک ذریعہ اوپن کورس ویئر ہے۔ اوپن کورس ویئر در اصل سٹدی مٹیریل ہے جسے کوئی یونیورسٹی بناتی اور ڈیزائن کرتی ہے اور پھر اسے انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دینا کے ساتھ بغیر کسی فیس اور مالی مفاد کے شیئر کرتی ہے۔اور اس کا مقصد افرادِ عالم کی تعلیمی استعداد اور قابلیت میں اضافہ کرکے ا سے معاشرے کا کار آمد شہری بنانا ہے۔ اوپن کورس ویئر سے استفادہ کرنے کے لئے کسی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ کوئی بھی، کسی بھی وقت اس تعلیمی مواد کو پڑھ اور دیکھ کر اپنی تعلیمی قابلیت میں اضافہ کر سکتا ہے۔

اوپن کورس ویئر کی تحریک 1999 میں (تفصیلی تاریخی پس منظر پہ کسی اور کالم میں تبصرہ ہو گا)جرمنی سے شروع ہوئی، پھر امریکہ، انڈیا، چائینا، برطانیہ جاپان اور اب پاکستان نے اس سلسلہ میں خاطر خواہ کوششیں کیں ۔ مگر سب سے پہلے ایک موثر ، مستند اور جامع کورس ویئر Massachusetts Institute of Technology, نے2002 میں متعارف کروایا اور اس تحریک کو جلا بخشی۔اس کے بعد ایک باقاعدہ اوپن کورس ویئر کنسو ریشم بنا جس نے اوپن کورس ویئر بنانے اور متعارف کروانے والے اداروں کو مانیٹر کیا اور حوصلہ افزائی کی اور سالانہ بنیادوں پر Outstanding New site Award for OpenCourseWare Excellence کا انعقاد کیا ۔ گزشتہ برس یہ ایوارڈ University of Sumatera کو دیا گیا تھا ۔ اور اس برس Awards Committee of the OpenCourseWare Consortium نے یہ ایوارڈ Virtual University of Pakistan کو ایک جامع اوپن کورس ویئر(https://ocw.vu.edu.pk/) متعارف کروانے کے اعتراف کے طور پر اس کے نام کیا اور یونیورسٹی سے درخواست کی کہ اس کا کوئی نمائندہ 16 اپریل 2012کو OCW Consortium meeting in Cambridge, UK میں یہ ایوارڈ وصول کرے۔

اوپن کورس ویئر متعارف کروا کر ورچوئل یونیورسٹی دنیاکی چند بڑی یونیورسٹیوں کی صف میں شامل ہو گئی ہے ۔اس جامع اوپن کورس ویئر کو متعارف کروانے کا سہرا بلا شبہ ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر نوید ملک کے سر ہے جنہوں نے اس کے لیئے شبانہ روز محنت کی۔ اس کے علاوہ ان کی ٹیم جن میں رجسٹرار ورچوئل یونیورسٹی ڈاکٹر صداقت مہدی، ایم ڈی ورچوئل ٹی وی نیٹ ورکس تاجدار عالم، ڈایریکٹر فنانس نعیم طارق اور کنٹرولر ایگزامینیشن ڈاکٹر مشتاق کاظمی قابل ذکر ہیں ۔ علاوہ ازیں Quality Assurance Department اور IT department کی خدمات بھی قابل ذکر ہیں ۔ورچوئل یونیورسٹی نے یہ کار نامہ سر انجام دیکر در اصل اپنے عہد("Knowledge beyond Boundaries" اور "Quality Education at Your Doorstep" ) کی تجدید کی ہے۔ورچوئل یونیورسٹی کی عمر صرف دس سال ہے۔اور اس کمسنی میں ہی اس نے یہ کارنامہ سر انجام دیکر ایک بڑا کام کیا جو ایک متحرک قیادت اور ایک باوقار ٹیم کے بغیر ممکن نہ تھا ۔یہ بلا شبہ ایک اہم سنگِ میل ہے جس سے مدتوں تک علم کی روشنی کشید کی جاتی رہے گی۔

ورچوئل یونیورسٹی اوپن کورس ویئر ایک نہایت جامع کورس ویئر ہے جس میں انٹر نیشنل سٹینڈرڈ کے حامل138 کورسزز ہیں جن میں اکاونٹینگ، بینکنگ، فنانس، کمپیوٹر سائنس، آئی ٹی، اکنامکس، انگلش، لائ،مینجمنٹ، آرٹس، ریاضی، فزکس، سائیکالوجی اور سوشیالوجی کے کورسز شامل ہیں ۔ اور ان میں سے ہر کورس کے نوٹس، 45 ویڈیو لیکچرز، ریفرنس بکس کی تفصیل ، کورس سے متعلقہ مشقیں، لنکس اور گریڈنگ سکیم بھی شامل ہے۔ ہر کورس کے ویڈیو لیکچر ز پاکستان کے انتہائی قابل اور مستند اساتذہ سے ریکارڈ کروائے گئے ہیں جو عالمی معیار کے مطابق ہیں ۔یہ در اصل ایک علمی خزانہ ہے بلکہ علمی صدقہ جاریہ ہے جس سے پوری دنیا میں موجود طلباءو طالبات استفادہ کر سکتے ہیں۔ طلبا ءو طالبات کے علاوہ دیگر افراد معاشرہ، گھریلو خواتین، معذور ، اور ملازمت پیشہ افراد اس سے خاطر خواہ استفادہ کرکے اپنی علمی اتعداد اور قابلیت میں گھر بیٹھے اضافہ کر سکتے ہیں ۔ یہ کورسزز بالکل فری ہیں اور انہیں پڑھنے کے لئے کسی یونیورسٹی میں بھی جانے کی ضرورت نہیں ۔بلکہ یہ اتنے اعلیٰ اور جامع کورسزز ہیں کہ ان سے تو متعلقہ اساتذہ بھی رہنمائی لے سکتے ہیں اور پھر اپنے طلباءا طالبات کو بہتر انداز میں گائیڈ کر سکتے ہیں ۔

میں نے محسوس کیا ہے کہ علم کے فروغ کے لئے ورچوئل یونیورسٹی نے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔ اس کے تمام ویڈیو لیکچر یو ٹیوب پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں ۔علاوہ ازیں ان لیکچر ز کی DVDs بھی موجود ہیں ۔ کوئی بھی شخص چاہے وہ ورچوئل یونیورسٹی کا طالب علم ہے یا نہیں یہ DVDs نہایت ہی کم قیمت پر خرید سکتا ہے اور جب اس کے پاس وقت ہو ان سے علم کی روشنی لے سکتا ہے۔ اپنی تعلیمی استعداد اور قابلیت میں اضافہ کر سکتا ۔ ورچوئل یونیورسٹی کے فروغ ِ علم کے یہ اقدامات علمی طور پر حبس زدہ موسم اور ماحول میں ہوا کے تازہ جھونکوں کی مانند ہیں اور علم کی راہوںکے مشتاق مسافر اسے مدتوں یاد رکھیں گے۔
جو حبس کے موسم میں ہوا بانٹ رہا تھا
اس شخص کے ہاتھوں کا ہنر یاد رہے گا
Shahzad Ch
About the Author: Shahzad Ch Read More Articles by Shahzad Ch: 28 Articles with 28095 views I was born in District Faisalabad.I passed matriculation and intermediate from Board of intermediate Faisalabad.Then graduated from Punjab University.. View More