کمپیوٹرائز شناختی کارڈ،پاسپورٹ اور نئی ووٹر فہرستیں

مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور معاشی بدحالی کے علاوہ کرپشن کی نئی نئی کہانیاں اس حکومت کے جانے کی افواہیں اور نشانیاں تو کافی پرانی ہیں لیکن یہ حکومت جب بھی جائے اس کے جانے پر فیئر الیکشنوں کو ہونا بھی نہایت ضروری ہیں۔اس کے لئے پورے ملکی کی نئی الیکشن فہرستوں کا درست اور تفصیلی ہونا بھی ایک بہت بڑی کاوش ہے اس کے لئے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے احکامات کی مد میں نادرا نئی فہرستوں کی تیاری پر رات دن تگ و دو کر رہی ہے لیکن فی الحال اس فہرست میں بہت ہی غلطیاں ہیں جن کو درست کرنا نہ صرف نادرا کی ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے بلکہ اس کی نگرانی از خود الیکشن کمیشن کو بھی کرنا ہو گی تب جا کے ایک جامع اور درست فہرست مرتب ہو گی۔نادراپاکستان میں ایک معتبر اور ایک پُر اثر ادارہ ہے جو پاکستانی عوام کو ای فائلنگ کے علاوہ ان کو کمپوٹرائزڈ شناختی بنا کر دیتا ہے۔اس ادارے نے پاکستان میں2000ءمیں پاکستان میں شناختی کارڈ بنانے سمیت ڈیٹا بیس کی ذمہ داری سنبھالی۔اس کے بعد سے لیکر اب تک نادرا نے اندرون ملک اور بیرون ملک تمام پاکستانیوں کا بہترین طریقے سے اندراج کیا اور شناختی کارڈ دینے کا فریضہ نبھایا۔علاوہ ازیں پاکستانی عوام کی ڈیٹا بیس سمیت کئی آفات میں اہم خدمات سمیت کئی اور ناقابل فراموش خدمات اہم اہم ہیں۔

پاکستان کے سارے صوبوں میں کئی نوجوانوں کے ناموں کی نئی فہرستوں میں شمولیت اور پرانی فہرستوں میں لوگوں کے موجودہ ایڈریس تبدیل ہونے کی انٹری کا درستگی سے شامل ہونا بھی اس وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اگرچہ نادرا نے اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر ایس ایم ایس کر کے ووٹ چیک کی سہولت دی ہے اس پر احقر نے جب خود کو چیک تو احقر کا ووٹ راولپنڈی میں انٹر ہونے کی بجائے سرگودھا کے شہر بھلوال میں نظر آیا۔یہ تو ایک ٹیسٹ کیس ہے اسی طرح ایک اخباری اطلاع کے مطابق صوبہ خیبر پختوانخواہ میں 2,000مرے ہوئے لوگوں کے نام بھی الیکشن کی نئی فہرستوں میں شامل کر دیئے گئے ہیں۔

اس سارے معاملے سے قطع نظر کئی نوجوانوں نے ماسوائے ملازمت اور داخلے کی ضرورت کے اپنے نئے شناختی کارڈ تک نہیں بنوائے۔اس کی وجہ انہیں نادار آفس میں پیش آنیوالی پریشانیاں ہیں۔پاکستان کے تمام علاقوں میں اتنے زیادہ نادار شناختی کارڈ بنانے والے آفس ہونے کے باوجود ہر روز لاکھوں افراد ان دفاتر میں روز دھکے کھاتے ملتے ہیں۔معمولی معمولی غلطیوں کی درستگی کے لئے انہیں کئی ماہ ذلالت کا سامناہوتاہے ،ہم ہر گز یہ نہیں کہتے کہ نادرا سٹاف رشوت لیتا ہے یا جان بوجھ کر عوام کو تنگ کرتا ہے لیکن ہم عوامی پریشانیوں کی خبر نادراسمیت حکام بالا تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ اس ادارے کو مزید موثر بنایا جا سکے۔نادرا کو عوام کی طرف سے منہ مانگے پیسے ادا کئے جاتے ہیں لیکن پھر بھی عوام کو ان کا جائز حق یعنی شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لئے ایڑیاں رگڑنی پڑتی ہیں۔نادرا کی طرف سے عوام کو پریشان کرنے اور بروقت انہیں شناختی کارڈ جیسی بنیادی سہولت نہ ملنے پر کئی افراد نہ صرف داخلے سے لیٹ اور محروم ہو جاتے ہیں بلکہ اس نظام میں تاحال طویل قطار جیسی خرابیوں کی وجہ سے لوگ جن میں خواتین ومرد شامل ہیں وہ ”نادرا“ سے متنفر اور نالاں ہیں جس پر نادرا سمیت تمام حکومتی مشینری کو بروقت حرکت کی شدید ضرورت ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق پچھلی دفعہ ہونے والے الیکشن بھی خراب انتخابی فہرستوں پر ہی منعقد کروائے گئے۔پاکستانی عوام اگرچہ ملکی خراب معیشت،لوڈشیڈنگ،مہنگائی اور بے روگاری سے ابتر اور مایوس ہے لیکن پھرموجودہ انتخابی فہرستوں کو بھی بہت زیادہ درستگی کی ضرورت ہے اس کے لئے تمام پاکستانی عوام اور نوجوانوں کو بھی نادرا کے علاوہ خود بھی تھوڑا وقت ضرور نکالنا ہوگا تاکہ ان خراب انتخابی فہرستوں کی غلطیوں کا ازالہ ہو سکے۔

جب تک انتخابی فہرستیں درست زاویے پر نہیں بنیں گی اور لوگوں کا ریکارڈ ڈیٹا بیس میں ٹھیک سے نہیں آئے گا تب تک ملک میں نہ تو شفاف الیکشن ہو سکتے ہیں اور نہ ہی عوام کو روزگار، پاسپورٹ،ایڈمیشن اور رجسٹریشن میں سہولت مل سکتی ہے۔نادرا کی طرف سے موبائل سمیت انٹرنیٹ پر بآسانی شناختی کارڈ کی ویری فیکشن کے باوجود اس نظام میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے مثلا ای سہولت پر عوام کو شناختی ویری فیکیشن کی فیس پچاس روپے ہے اسے اگر نصف کر دیا جائے اور آن لائن موبائل ویری فیکیشن پر تقریباً ایس ایم ایس کے بارہ روپے کی کٹنگ ہوتی ہے اس کو اگر تین سے چار روپیہ کر دیا جائے تو شاید عوام نادرا سمیت حکومت کو بھی دعائیں دینے کی اہل ہو جائے۔

ابھی بھی الیکشن نہیں ہوئے ابھی بھی ان انتخابی فہرستوں میں مزید اصلاح ہو سکتی ہے۔انتخابی فہرستیں جتنی واضح اور درست ہونگی پاکستانی الیکشن اتنے ہی فیئر ہونگے اور بہتر عوامی نمائندگی سامنے آئے گی۔ اس اصلاح اور ایڈیٹنگ کے لئے اسی طرح موبائل اور انٹرنیٹ پر آن لائین ڈیٹا عوام سے براہِ راست لیا جا سکتا ہے ،امید ہے نادرا عوام اور ملک کے مستقبل کے لئے کوئی مثبت راہ ضرورنکالے گا۔
mumtazamirranjha
About the Author: mumtazamirranjha Read More Articles by mumtazamirranjha: 35 Articles with 35242 views I am writting column since 1997. I am not working as journalist but i think better than a professional journalist. I love Pakistan, I love islam, I lo.. View More