اِس غضبناک کرپشن کا ذمہ دار کون ؟

کرپشن نے ہمارے ملک کی جڑوں کو بری طرح کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے آئے روز منظرعام پر آنیوالی بدعنوانی کی داستانوں نے پوری دنیا میں پاکستانیوں کو بدنام کردیا ہے خصوصاََبیرونِ ملک کمیونٹی جو کہ وطن سے دور ہونے کے باوجود ہرمشکل وقت میں اپنے بھائیوں کی خدمت کرنے میں سب سے آگے نظرآتی ہے کو اس صورتحال سے خاصی پریشانی ہوتی ہے بلکہ جیسا کہ میں نے اپنے گزشتہ کالم میں بھی اس بات کا تذکرہ کیا تھا کہ حکومت پاکستان اگر اوورسیزکمیونٹی کے ساتھ سوتیلا پن ختم کرتے ہوئے انہیں ووٹ اور عوامی نمائندگی کا حق دے تو تقریباََ ایک کروڑ سے زائد اوورسیزکمیونٹی پاکستان کا تمام قرض اتار سکتی ہے جس سے ایک ایساخوشحال ملک جنم لے گاجس کی نہ صرف معیشت مضبوط اور مثالی ہوگی بلکہ اس کی تمام تر داخلہ و خارجہ پالیسیاں کسی قسم کے دباؤ سے آزاد اور عوامی خواہشات کے مطابق ہوں گی لیکن افسوس کسی بھی حکومت نے اس جانب توجہ نہیں کی جس کی وجہ یہ ہے کہ ملک پر چند مخصوص اورمفاد پرست خاندانوں نے قبضہ کررکھا ہے جونسل درنسل اس ملک کے وسائل کو اپنی ذاتی جاگیر اور عوام کو اپنی رعایا سمجھتے رہے ہیں اور وہ کسی صورت نہیں چاہتے کہ یہ ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو اور ان کا یہ خواب اسی صورت ہی پورا ہوسکتا ہے جب اُن کو حکومت کرنے کیلئے ایک جاہل،مقروض اور بیمارقوم ملے گی اسی لئے آپ دیکھیں کہ آج تک کسی بھی حکومت نے تعلیم اور صحت کو کبھی بھی وہ اہمیت نہیں دی جو اسے دینی چاہئے تھی دوسری جانب اندرونی و بیرونی قرضے اور کرپشن تقریباََ سب حکومتوں کا پسندیدہ ہابی رہا خصوصاََاس سلسلے میں گزشتہ دنوں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے پیش ہونے والی اس رپورٹ نے توپاکستانی باشندوں کے ساتھ ساتھ اوورسیزکمیونٹی کوہلاکررکھ دیا ہے جس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مشیر عادل گیلانی نے یہ انکشاف کیا کہ گیلانی حکومت نے گزشتہ چاربرسوں پرمشتمل دورِ حکومت میں 8500ارب روپے کی ریکارڈ کرپشن کی ہے اگرہم اس رقم کو امریکی ڈالروں میں تبدیل کریں تویہ 94ارب امریکی ڈالرز بنتے ہیں یادرہے پاکستان پر اس وقت کل بیرونی قرضے56ارب ڈالر اور مقامی بنکوں سے لئے گئے قرضے 34ارب ڈالر ہیں یعنی سادہ الفاظ میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ اگر ہم نے کرپشن پر قابو پایا ہوتا تو آج نہ صرف ہم اندرونی و بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کرچکے ہوتے بلکہ ہمارے خزانے میں اضافی 4ارب ڈالر بھی موجود ہوتے ۔

اس رپورٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد میں اُن دانشوروں سے جو دن رات امریکہ کی مخالفت میں بیانات اور تبصرے جاری کرتے رہتے ہیں ایک سوال پوچھتا ہوں کہ اس غضبناک کرپشن میں امریکہ کا کتنا ہاتھ ہے ؟کیا پی آئی اے،پی ایس او،ریلوے،ایف بی آر،پاکستان سٹیل ،سوئی سدرن اورواپڈا جیسے اداروں میں امریکی اہلکار بیٹھے ہیں جو یہاں سے منافع کماکر امریکہ منتقل کررہے ہیں ؟اور کیا بیرونِ ملک سے اندھادھند قرضے پاکستان کو زبردستی تھمادئیے گئے تھے اور سب سے بڑھ کریہ کہ تمام اداروں کو تباہی کے دہانے پہنچانے اور قوم پر قرضوں کا بے پناہ بوجھ لاد دینے والی اس حکومت کو کیاووٹ امریکیوں نے کاسٹ کئے تھے ؟اور کیا کوئی مجھے بتائے گا کہ سوئس بنکوں میں پڑے 200ارب ڈالرزکس کے ہیں خدارا کچھ خدا کا خوف کریں قوم کی گھٹی میں ہروقت امریکی مخالفت ڈالنے کی بجائے اسے بتائیں کہ تمھارا اصل دشمن کون ہے اور میں یہاں قوم کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ تمھارا اصل دشمن امریکہ یاکوئی اور نہیں یہ بے ایمان اور کرپٹ سرمایہ داراور جاگیردارٹولہ ہے جو گزشتہ 65سالوں سے ملک کو کھا رہا ہے اور اس کا پیٹ بھرنے میں نہیں آرہا کیوں کہ یہی وہ لوگ ہیں جو قوم میں انصاف،محنت اورایمانداری کے ذریعے آگے بڑھنے کاجذبہ پیداکرنے کی بجائے کرپشن ،رشوت اور بے ایمانی کی حوصلہ افزائی بلکہ سرپرستی کرتے رہے اوراپنی حرص اور اقتدارکیلئے قومی مفادات کو ڈالروں کے عوض بیچتے رہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس سے ایک مخصوص ٹولے کے اکاؤنٹس تو بھرگئے لیکن ملک کنگال ہوگیااورآج یہ عالم ہے کہ ہمیں ایک چھوٹے سے چھوٹے پروجیکٹ کیلئے بھی بیرونی امداد اور قرض کی ضرورت ہوتی ہے اور سرمایہ داریت کے اس دور میں ہرکوئی اپنے مفادات کے مطابق ہی دوسروں سے معاملات کرتا ہے لہٰذا جب ہم اپنی ہر ضرورت کیلئے دوسروں کے آگے جھولی پھیلائیں گے تو ہمیں اُن کے مطالبات کو ڈکٹیشن اور مداخلت کا نام دے کر انہیں برابھلا کہنے کی بجائے خود کو سنوارنے کی فکرکرنی چاہیے اوریہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو منتخب کرکے ایوانوں میں پہنچائیں جو ملک کو کرپشن جیسی لعنت سے پاک کرنے کاجذبہ رکھتے ہوں تب ہی ہم صحیح معنوں میں ایک آزاد اور خودمختارملک بن سکتے ہیں ۔
 
mian zakir hussain naseem
About the Author: mian zakir hussain naseem Read More Articles by mian zakir hussain naseem: 44 Articles with 25896 views my name is mian zakir hussain naseem i live in depalpur pakistan but i also running a construction company zhn group in america i am also president pm.. View More