یہ سیاسی مداری اور عوام کی ذمہ داری

جوں جوں الیکشن کا موسم قریب آرہاہے تقریباََ تمام سیاسی جماعتوں نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی دھرنوں اور ریلیوں کے نام پرعوام کی توجہ حاصل کرنے کیلئے الیکشن کمپین شروع کردی ہے اس وقت ہم دیکھتے ہیں کہ چار سیاسی پارٹیاں دھرنے بازی میں مصروفِ عمل ہیں ان میں مسلم لیگ (ن)لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنا دھرنا کھیل رہی ہے تو دوسری جانب شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ ریلوے کی حالتِ زار اور ناکامی کے خلاف میدان میں آچکی ہے اِدھر عمران خان کرپشن کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تو پیپلزپارٹی پنجاب حکومت کی ڈینگی وائرس کے خلاف ناکامی کو جواز بنا کر دھرنے اور ریلیاں نکال رہی ہے اگرچہ ملک اس وقت انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہے مثلاََ آپ دیکھیں کہ پاکستان ایک ایٹمی ملک ہونے کے باوجود بجلی کے بدترین بحران سے دوچار ہے حالانکہ ہم اس جوہری توانائی کواستعمال کرکے وافر بجلی پیدا کرسکتے ہیں توانائی کے مسئلے کو ہمیشہ کیلئے حل کرنے کا ایک بڑا ذریعہ کالا باغ ڈیم بھی ہے جس کی تعمیر ہمیشہ سیاسی مصلحتوں کی نظر ہوتی رہی اس کے علاوہ کوئلہ جسے بلیک گولڈ بھی کہا جاتا ہے پاکستان میں انتہائی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے لیکن افسوس ہم اس نعمت سے بھی فائدہ نہ اُٹھا سکے دوسری جانب ایک ایسے وقت میں جب دنیا ہوا اور بجلی کی رفتار سے چلنے والی تیزترین ٹرینیں اپنی عوام کو مہیا کررہی ہے ایسے میں پاکستان ریلوے اپنے پرانے انجنوں کی مرمت سے بھی عاجز نظر آتا ہے اور آج بھی 500ٹرینیں بیکار کھڑی ہمارا منہ چڑارہی ہیں اسی طرح دنیا کی بہترین اور جوہری طاقت کی حامل پیشہ ورانہ فوج رکھنے کے باوجود آئے روزہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی جاتی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ آج ہم دنیامیں اپنا اعتبارکھوچکے ہیں کوئی ملک ہماری مدد کرنے کو تیار نہیں حتیٰ کہ ملک میں آنیوالی آسمانی آفتوں پر بھی عالمی برادری ہماری مدد کو آنے کیلئے تیار نہیں ہوتی اس کی ایک وجہ تو وہی ہے جس کااظہار جناب عبداللہ حسین ہارون نے کیا ہے کہ عالمی برادری ہماری روز روز کی امدادی اپیلوں سے عاجز آچکی ہے اور دوسری بڑی وجہ ہماری کرپشن کی وہ کہانیاں ہیں جنہوں نے ہمیں پوری دنیا میں بدنام کرکے رکھ دیا ہے اس کے علاوہ ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی بجائے پنجاب کے وزیرِاعلیٰ صرف فوٹو سیشنوں میں ہی مصروف نظر آئے ان حالات میں سیاسی پارٹیوں کا عوام کے حقوق کیلئے سڑکوں پر آنا سوفیصد حق بجانب ہے لیکن یہاں یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ اِن دھرنوں اور ریلیوں میں عوام کی انتہائی کم تعداددکھائی دے رہی ہے اس کی وجہ یقیناَ یہ ہے َ کہ عوام اب اِن سیاسی بازی گروں کی چالوں میں آنے والے نہیں جو ہر بار عوام،اسلام اور پاکستان کا نام لے کر اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں تک تو پہنچ جاتے ہیں لیکن اس کے بعد انہیں نہ توعوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی رہتی ہے اور نہ ہی پاکستان کو بہتری اور ترقی کی راہ پر لانے کی کوئی فکر۔ کیوں کہ غریب عوا م کی حالت دھرنوںمیں گلنے سڑنے کے بعد بھی وہی رہتی ہے جو دھرنوں سے پہلے ہوتی ہے امیند ہے کہاب کی بار عوام اِن دھرنوں میں اندھادھند شریک ہونے کی بجائے اِن سیاسی بازیگروں کے مقاصد اور ارادوں پر بھی خوب نظررکھیں گے کہ کہیں وہ اِن دھرنوں کی آڑمیں عوام کو استعمال کرکے اُن کے ساتھ ایک بار پھر ہاتھ کرنے تونہیں جارہے ؟جس دن عوام اِس نقطے کو سمجھ گئے تواُس دن یقینا اک نیا پاکستان جنم لے گا۔
mian zakir hussain naseem
About the Author: mian zakir hussain naseem Read More Articles by mian zakir hussain naseem: 44 Articles with 25920 views my name is mian zakir hussain naseem i live in depalpur pakistan but i also running a construction company zhn group in america i am also president pm.. View More