غیر ملکی سیاحوں کی چین کے اسپرنگ فیسٹیول میں دلچسپی

متعدد مقامی آن لائن ٹریول پلیٹ فارمز کے اعداد و شمار کے مطابق، چین میں آٹھ روزہ اسپرنگ فیسٹیول کی تعطیلات کے دوران سیاحت کو بھرپور فروغ مل رہا ہے۔چین کے سیاحتی مقامات، مختلف آئس اینڈ اسنو سرگرمیوں، دلفریب ٹراپیکل مناظر، خوشحال لوک ثقافت اور دلکش پکوانوں کے ساتھ، حالیہ برسوں میں غیر ملکیوں میں تیزی سے مقبول ہوئے ہیں
.
غیر ملکی سیاحوں کی چین میں دلچسپی کی کئی وجوہات ہیں جن میں ملک نے گزشتہ سال کچھ ممالک کے عام پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا فری پالیسی نافذ کی تھی۔ملک نے جنوری کے اوائل میں کاروبار، تعلیم اور سیاحت کے لئے غیر ملکی شہریوں کے داخلے کو آسان بنانے کے لئے اقدامات کا ایک مجموعہ بھی شروع کیا ہے، جس سے تعطیلات کے دوران اندرون ملک سفر کو مزید فروغ مل رہا ہے ۔
اس سے قبل ،جنوری کے وسط میں چین کی بڑی آن لائن ٹریول ایجنسی "ٹرپ ڈاٹ کام" کی جانب سے اسپرنگ فیسٹیول ٹریول مارکیٹ کی پیش گوئی پر ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس سے پتہ چلتا ہے کہ تعطیلات کے دوران اندرون ملک سفری سرگرمیوں میں سال بہ سال 10 گنا سے زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ بیرونی سیاحوں کے اعتبار سے نمایاں ممالک میں جاپان ، امریکہ ، جمہوریہ کوریا ، ملائیشیا ، آسٹریلیا ، برطانیہ ، کینیڈا ، ویتنام ، جرمنی اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

بیرونی سیاحوں کی دلچسپی کی بات کی جائے تو بیجنگ سرمائی اولمپکس2022 کے بعد سے چین میں موسم سرما کے کھیلوں کی سرگرمیاں تیزی سے مقبول ہوئی ہیں۔ شمالی صوبہ ہیلونگ جیانگ میں واقع "برفانی شہر" ہاربین رواں موسم سرما میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے سب سے زیادہ ٹرینڈ کرنے والی منزل ہے۔ہاربن آئس اسنو ورلڈ کا دورہ، جو ایک مشہور تھیم پارک ہے، عام طور پر سیاحوں کے سفری پروگراموں میں سرفہرست ہوتا ہے۔ ایک ہزار سے زائد منجمد مناظر کے ساتھ ، جس میں ڈریگن کے سال کی دلکش عکاسی بھی شامل ہے ، یہ پارک آئس بائیکنگ ، اسنو موبلنگ اور پرجوش آئس سلائیڈز جیسی تفریحی سرگرمیوں کی ایک رینج بھی فراہم کرتا ہے۔اسی طرح برفیلے عجائب گھر کے دلکش نظارے کو دیکھنا بھی ایک منفرد تجربہ ہے ۔

موسم سرما کے کھیلوں کے شوقین افراد ہاربین سے ملحقہ صوبہ جی لان میں چانگ بائی پہاڑ تک پہنچنے کے لیے تین گھنٹے کی ٹرین سواری سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہ خطہ کئی اعلیٰ درجے کے اسکی ریزورٹس کی میزبانی کرتا ہے ، جو اسکیئنگ کے شوقین افراد کے لئے ایک شاندار پیش کش ہے۔اسی طرح ،جنوبی چین میں واقع ساحلی شہر سانیا نے اپنے دلفریب سمندری نظاروں اور وافر دھوپ سے سیاحوں کو مسلسل محظوظ کیا ہے۔ یہ خاص طور پر ان لوگوں کے لئے پرکشش ثابت ہوتا ہے جو سردی کی ٹھنڈک سے راحت چاہتے ہیں۔یہاں غیر ملکی سیاحوں کے لئے سیاحتی سرگرمیوں میں غروب آفتاب کا لطف اٹھاتے ہوئے ساحل پر دھوپ سے غسل کرنا ، غوطہ خوری جیسے زیر آب مہم جوئی میں مشغول ہونا ، اور تازہ ، فرحت بخش ہوا میں سانس لیتے ہوئے چہل قدمی کرنا شامل ہیں۔ سانیا اسپرنگ فیسٹیول کے دوران متعدد دلچسپ تقریبات کی میزبانی کر رہا ہے ، جیسے روایتی ڈریگن ڈانس ، ڈرون شوز ، لائٹ شوز اور آرٹ شو وغیرہ۔اسی طرح جنوب مغربی چین کے صوبہ یوئنان کے دارالحکومت کھون مینگ کا رخ کیا جائے تو یہ "بہار کا شہر" اپنے موسم گرما کی وجہ سے مشہور ہے جو فطرت کے شوقین افراد کے لیے ایک بہترین منزل ہے۔ تین اطراف سے پہاڑوں میں گھرا ہوا یہ خوبصورت شہر حیاتیاتی تنوع سے مالا مال ہے ۔ یہاں،اسٹون فاریسٹ اور کارسٹ لینڈ فارمز جیسے مقامات سیاحوں کے پرکشش مقامات کہلاتے ہیں۔

چینی لوک ثقافت میں گہری دلچسپی رکھنے والے بیرونی سیاحوں کے لئے، اسپرنگ فیسٹیول کے دوران "ٹیمپل فیئرز"میں شرکت ایک لازمی تجربہ ہے. ایک متحرک ثقافتی تہوار کے طور پر یہ میلے ملک بھر میں، خاص طور پر شمالی چین میں مقبول ہیں.اسی طرح دارالحکومت بیجنگ میں کچھ انتہائی پُرجوش میلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے ، خاص طور پر دیتان پارک اور لونگ تن پارک انتہائی مقبول میں۔ یہاں، سیاح روایتی لالٹین شوز سے بھرپور محظوظ ہو سکتے ہیں، مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور روایتی چینی دستکاریوں کی کشش کا تجربہ کرسکتے ہیں۔اسی طرح بے شمار ایسی سرگرمیاں ہیں جو بیرونی سیاحوں کے لیے باعث کشش ہیں اور وہ اسپرنگ فیسٹیول کے دوران چینی ثقافت کی وسعت اور دلکشی کو انتہائی قریب سے محسوس کر سکتے ہیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 431230 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More