چین میں اسپرنگ فیسٹیول کا شاپنگ سیزن

چین کے سب سے بڑے تہوار اسپرنگ فیسٹیول کے دوران دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت اپنی سپر سائز مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے اور اپنے صارفین کی بڑی تعداد کے لئے نئے منظرنامے اور مصنوعات تخلیق کی گئی ہیں۔ڈریگن کے سال کی مناسبت سے ملک بھر میں آن لائن اور آف لائن خریداری کی سرگرمیوں میں نمایاں سہولت کی فراہمی سے صارفین کی کھپت کی زیادہ صلاحیت کو فروغ دیا گیا ہے ، جس سے عالمی معیشت کی بحالی میں مضبوط حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔

رواں سال اسپرنگ فیسٹیول کی مناسبت سے آن لائن اسپرنگ فیسٹیول شاپنگ سیزن کا آغاز 18 جنوری کو ہوا تھا۔یہ شاپنگ سیزن اسپرنگ فیسٹیول کی پوری تعطیلات کے دوران جاری رہے گا جو 17 فروری کو اختتام پزیر ہوں گی۔ کھپت کو فروغ دینے کے لئے رواں برس پہلی بڑی آن لائن سرگرمی کے طور پر ،اس شاپنگ سیزن نے مختلف علاقوں ، ای کامرس پلیٹ فارمز اور دکانوں سے آن لائن پروموشن سرگرمیوں کو مربوط کیا ہے ، اور صارفین کی متنوع ضروریات کو پورا کیا ہے، جو ڈریگن کے سال سے متعلق ہیں۔

چین کے سب سے بڑے آن لائن ڈسکاؤنٹ ریٹیلر "وی آئی پی شاپ" کے اعداد و شمار کے مطابق، شاپنگ سیزن کے آغاز کے بعد پہلے ہفتے میں ڈریگن تھیم کے سال پر مبنی خوبصورت کپڑوں کی فروخت کا حجم اس سے پہلے کے ہفتے کے مقابلے میں 120 فیصد بڑھ گیا ، جبکہ ڈریگن تھیم پر مبنی اسپورٹس سویٹرز کی فروخت کے حجم میں ماہ بہ ماہ تین گنا سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔اس کے علاوہ، گھریلو برانڈز نے تیزی سے ترقی کا تجربہ کیا، ڈاؤن کوٹ برانڈ "اسنوفلائینگ" کی فروخت کے حجم میں سال بہ سال 189 فیصد اضافہ ہوا۔

یہ بات قابل زکر ہے کہ شاپنگ سیزن میں کھپت کی نئی شکلیں سامنے آئی ہیں۔ڈیجیٹل کھپت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ، بیجنگ سمیت دیگر شہر "تھری سی مصنوعات" کے لئے ڈیبیو شوز پر زور دے رہے ہیں ، جبکہ شنگھائی صحت سے متعلق کھپت پر نمایاں توجہ کے ساتھ پروموشنل سرگرمیوں کو ہدف بنا رہا ہے۔مقامی جدید اشیاء کی نئی کشش کو اجاگر کرتے ہوئے مشرقی شہروں نے "غیر معمولی ثقافتی ورثہ ،قمری نئے سال کا شاپنگ فیسٹیول" جیسی سرگرمیوں کا انتخاب کیا ہے۔

دوسری جانب چین کا اسپرنگ فیسٹیول ملک میں فعال غیر ملکی کاروباری اداروں کے لیے بھی نئے امکانات لایا ہے۔اسپرنگ فیسٹیول سے قبل12 جنوری کو امریکی ریٹیل کمپنی کوسٹکو نے جنوبی چین میں اپنا پہلا اسٹور کھولا۔شین زین برانچ چینی قمری نئے سال سے صرف ایک ماہ قبل کھولی گئی ، جس کے لئے کوسٹکو نے پیشگی مکمل تیاری کی تھی ، جس میں مقامی شہریوں کو کھانے پینے کی مصنوعات اور اسپرنگ فیسٹیول سے جڑی دیگر اشیاء فراہم کی گئیں۔ملک میں بہتر لاجسٹکس معیار اور کارکردگی نے بھی لوگوں کے لئے سامان خریدنا آسان بنا دیا ہے۔"چیری ایکسپریس" اور "کیوی فروٹ فلائٹس" جیسے نقل و حمل کے اقدامات نے تازہ پھلوں کو چین کی بڑی مارکیٹ میں تیزی سے پہنچنے کے قابل بنایا ہے ، جس کے نتیجے میں غیر ملکی ساختہ ایسی اشیاء کی فروخت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔مصنوعات کی کھپت کے علاوہ، چینی صارفین کے لئے سروس کی کھپت ایک اور اہم آپشن ہے. مثال کے طور پر ، قمری نئے سال کی شام کے عشائیہ نے بہت مقبولیت حاصل کی ، اور بہت سے ریستوراں پہلے ہی مکمل طور پر بک ہوچکے تھے۔ای کامرس پلیٹ فارم "میتوان" کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 21 جنوری تک ریستورانوں میں نئے سال کے موقع پر ریزرویشن میں 2023 کے مقابلے میں تین گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ۔فوڈ انڈسٹری سے وابستہ ماہرین کے نزدیک قمری نئے سال کے موقع پر عشائیہ کے لئے وسیع پیمانے پر طلب اور کھپت صارفین کے اعتماد کی مزید بحالی اور خرچ کرنے کی ان کی بہتر صلاحیت کی نشاندہی کرتے ہیں، دوسری جانب یہ معاشی سرگرمیاں چینی معیشت کی مضبوطی اور لوگوں کی خوشحالی کی بھی علامت بن کر ابھری ہیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 431333 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More