ای کامرس کی طاقت

ابھی حال ہی میں چین کے ڈبل 11 آن لائن شاپنگ فیسٹیول کی 15 ویں سالگرہ منائی گئی ہے۔ علی بابا کی جانب سے 11 نومبر 2009 کو شروع کیے گئے پہلے ڈبل 11 ایونٹ سے لے کر آج دنیا کے سب سے بڑے ای کامرس شاپنگ گالا تک، اس جدید مارکیٹنگ ماڈل نے چین کی کھپت کی مارکیٹ کو نمایاں حد تک بدل دیا ہے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں زبردست حوصلہ افزائی کی ہے۔گزشتہ برسوں کی طرح رواں سال کے ڈبل 11 شاپنگ فیسٹیول میں بھی صارفین کی طلب اور معیاری مصنوعات کے لئے جوش و خروش میں اضافہ دیکھا گیا۔ علی بابا سے منسلک معروف آن لائن ریٹیل پلیٹ فارم ٹی مال کے مطابق 31 اکتوبر کو رات 8 بجے ایونٹ کا باضابطہ آغاز ہوتے ہی 155 برانڈز نے 100 ملین یوآن (13.72 ملین ڈالر) سے زائد کی فروخت حاصل کی جبکہ پہلے گھنٹے میں 71 ہزار 900 برانڈز نے گزشتہ سال کے پہلے دن کی فروخت کا ریکارڈ توڑ دیا۔
آغاز میں 29 لائیو اسٹریمنگ رومز کی فروخت کا حجم 100 ملین یوآن تک پہنچ گیا۔ ایک اور معروف ای کامرس پلیٹ فارم "جے ڈی ڈاٹ کام" کے مطابق اس کے خصوصی سبسڈی چینل کی فروخت رات 8 بجے ایونٹ شروع ہونے کے صرف چار منٹ کے اندر 100 ملین یوآن تک پہنچ گئی۔ نچلے درجے کی مارکیٹوں میں جے ڈی ڈاٹ کام اور ٹی مال کے مقابلے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے پلیٹ فارم " پن دودو" نے پہلے درجے کے شہروں میں صارفین کے آرڈرز کی تعداد میں سال بہ سال 113 فیصد اضافہ دیکھا، جبکہ چوتھے اور پانچویں درجے کے شہروں میں سال بہ سال 167 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ چینی صارفین کا تعلق مختلف علاقوں اور پس منظر سے ہے، اور متنوع اور ذاتی کھپت پر مبنی تقاضے رکھتے ہیں. ای کامرس پلیٹ فارمز کی مدد سے اب وہ مختلف اقسام کی مصنوعات اور خدمات تک آسانی سے رسائی حاصل کرسکتے ہیں جن میں اعلیٰ معیار کے آلات، اسمارٹ ڈیوائسز، ہیلتھ فوڈ اور امپورٹڈ اشیاء سے لے کر روزمرہ کی ضروریات، مقامی خصوصیات اور ثقافتی مصنوعات شامل ہیں۔ کھپت کی توسیع نے نہ صرف معاشی ترقی کو آگے بڑھایا ہے ، بلکہ معاشی تبدیلی کو بھی تیز کیا ہے ، اور معیشت کی اندرونی طاقت کو فروغ دیا ہے۔
ڈبل 11 فیسٹیول نہ صرف کھپت کا کارنیوال ہے بلکہ جدت طرازی کا بھی مظاہرہ ہے۔ ڈبل 11 کے ذریعے، دنیا دیکھ سکتی ہے کہ کس طرح چھوٹے اور مائیکرو انٹرپرائزز، گھریلو برانڈز اور ڈیجیٹل اور فزیکل معیشتوں کا امتزاج چین کی اقتصادی ترقی کو بااختیار بنا رہا ہے.چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ڈبل 11 ایونٹ کی اہم قوتیں ہیں۔ جے ڈی ڈاٹ کام پر ، چھوٹے کاروباری ادارے اور تاجر ، نئے برانڈز اور نئی مصنوعات کی سب سے بڑی تعداد میں حصہ ڈالتے ہیں۔ ٹی مال پر 20 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروباری اداروں میں سال بہ سال 100 فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ یہ چھوٹے اور مائیکرو انٹرپرائزز ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے براہ راست ملک اور یہاں تک کہ دنیا بھر کے صارفین تک پہنچ سکتے ہیں، کاروباری پیمانے کو بڑھانے، اسپیشلائزیشن اور پروڈکٹ برانڈنگ کو فروغ دینے میں اپنے اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔
دریں اثنا، ای کامرس پلیٹ فارمز نے چھوٹے اور مائیکرو انٹرپرائزز کے لئے فنانس، لاجسٹکس، ٹیکنالوجی، تربیت وغیرہ میں مختلف مدد بھی فراہم کی ہے - تاکہ انہیں اخراجات کو کم کرنے، کارکردگی کو بہتر بنانے اور مسابقت کو بڑھانے میں مدد مل سکے۔ ایک طرف چھوٹے کاروباری اداروں کی ترقی نے روزگار کو فروغ دیا ہے تو دوسری جانب اس نے سماجی جدت طرازی کی قوت میں اضافہ کیا ہے اور معاشی ڈھانچے کو مزید بہتر بنایا ہے۔اسی طرح مقامی برانڈز ڈبل 11 آن لائن شاپنگ فیسٹیول کی خاص خوبی بن رہے ہیں ۔ مقامی برانڈز کے عروج نے چین کے بین الاقوامی تشخص کو بہتر بنایا ہے، ملک کی صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو بھی فروغ دیا ہے اور ترقی اور سہولت کے ثمرات کو سماج بھر تک توسیع دی ہے .

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 962 Articles with 414827 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More