سرسبز اور پائیدار ترقی کی عظیم شاہراہ

حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون نے سرسبز اور مزید پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی ہے،یوں ایک دہائی پرانا یہ اقدام دنیا کے ترقیاتی منظرنامے کو تبدیل کرنے کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔اس دو روزہ فورم میں سبز ترقی اور پائیداری اہم موضوعات میں شامل رہے ، جس میں 151 ممالک اور 41 بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔ فورم کے دوران شرکاء ایک وسیع اتفاق رائے اور ٹھوس نتائج تک پہنچے ، اور اگلا قدم یقیناً نتیجہ خیز اقدامات ہیں۔ اس بات پر یقین کرنے کی تمام وجوہات موجود ہیں کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) شراکت دار ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے لئے اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے کے ساتھ مزید ہم آہنگ ہوکر مزید ٹھوس فوائد فراہم کرے گا۔
ماحول دوست ترقی کا فروغ ، ان آٹھ بڑے اقدامات میں سے ایک ہے جن کا اعلان چینی صدر شی جن پھنگ نے فورم کے دوران اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی حمایت کے لئے کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ چین ماحول دوست ترقی میں اپنے تجربے اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ، بی آر آئی پارٹنر ممالک میں کم کاربن تبدیلی کے لئےاپنی حمایت میں اضافہ کرے گا۔اس بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ گرین انفراسٹرکچر، توانائی اور نقل و حمل میں تعاون مزید گہرا ہونے والا ہے۔ بی آر آئی نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ویسے بھی ماحولیاتی تحفظ پر مبنی منصوبہ جات میں قابل ذکر نتائج دیکھے ہیں۔ ریلوے لائنوں اور ہائیڈرو، ونڈ اور سولر پاور پلانٹس کی ایک سیریز مکمل اور آپریشنل کردی گئی ہے، جس سے یقیناً ترقی پذیر ممالک کے سبز اور کم کاربن ترقی کے حصول کے خواب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ چین نے 100 سے زائد ممالک اور خطوں کے ساتھ گرین انرجی تعاون کے منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے ، اور بی آر آئی کے شراکت دار ممالک کے ساتھ سبز اور کم کاربن توانائی میں اس کی سرمایہ کاری ان ممالک میں روایتی توانائی کے منصوبوں میں اس کی سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ ہے۔
حقائق کے تناظر میں کہا جا سکتا ہے کہ بی آر آئی تعاون خالصتاً روایتی معاشی ترقی کی پیروی نہیں کرتا ہے۔ اس کے بجائے ، یہ سبز اور کم کاربن ترقی کے عالمی رجحان پر عمل پیرا ہے اور مربوط معاشی ، معاشرتی اور ماحولیاتی ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ بی آر آئی کے تحت گرین سلک روڈ کا تصور انسانی زندگیوں اور معاش کے تحفظ کے لئے پائیدار اور آب و ہوا کی لچک دار ترقی کو تیز کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
آگے بڑھنے کی صحیح راہ کی نمائندگی کرتے ہوئے، بی آر آئی آج دنیا میں سب سے مقبول بین الاقوامی عوامی پراڈکٹ اور سب سے بڑا بین الاقوامی تعاون پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس کا مقصد شریک ممالک میں جدیدیت کو فروغ دینا، معاشی عالمگیریت کو زیادہ متحرک، جامع اور پائیدار بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں تک زیادہ سے زیادہ ثمرات منصفانہ طور پر تقسیم کیے جائیں۔کھلے، سبز اور صاف ستھرے تعاون کے فلسفے، اعلیٰ معیار، عوام پر مرکوز نقطہ نظر اور پائیدار تعاون کے ہدف کے ساتھ ، دنیا یہ امید کرتی ہے کہ آئندہ عرصے میں بی آر آئی یقینی طور پر تمام شریک ممالک کی مستقل کوششوں کے ذریعے نئی کامیابیاں حاصل کرے گا اور ماحول دوست اور پائیدار ترقی کی بنیاد پر انسانیت کی مشترکہ فلاح کے مقصد کو مستقل آگے بڑھائے گا۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 994 Articles with 415076 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More