چین ، گرین ٹیکنالوجیز کی سپرپاور

اس وقت چین کی گرین پاور انڈسٹری ، تکنیکی اپ گریڈ کے ذریعے ملک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے ایک نئی محرک قوت بن رہی ہے۔چین کے لیے یہ امر قابل اطمینان ہے کہ اُس کے پاس دنیا کا سب سے بڑا قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کا نظام ہے ، جس میں پن بجلی ، ہوا سے بجلی ، شمسی توانائی اور بایوماس بجلی پیدا کرنے کی نصب شدہ صلاحیت دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ یہ سستی اور ماحول دوست توانائی اعلی معیار کی ترقی کی کلید بن چکی ہے۔چین کی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن (این ای اے) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، جون 2023 کے آخر تک، ملک میں قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت 1.3 بلین کلو واٹ سے تجاوز کر چکی ہے، جو چین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئلے سے بجلی کی نصب شدہ صلاحیت سے متجاوز رہی ہے.
چین میں قابل تجدید توانائی کی نصب شدہ صلاحیت پر گہری نظر ڈالنے سے پتہ چلتا ہے کہ ہوا سے بجلی کی پیداوار 389 ملین کلو واٹ ہے ، جو مسلسل 13 سالوں سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے ، جبکہ شمسی توانائی سے بجلی کی پیداواری صلاحیت 470 ملین کلو واٹ ہے ، جو مسلسل آٹھ سالوں سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔یوں ملک میں، قابل تجدید توانائی کی تکنیکی ترقی اور بڑے پیمانے پر اطلاق نے قابل تجدید توانائی کی لاگت کو بہت کم کردیا ہے۔مثال کے طور پر ، چین دنیا میں ہوا سے بجلی کی مصنوعات کا50 فیصد اور فوٹو وولٹک ماڈیول کی 80 فیصد مصنوعات فراہم کرتا ہے۔ 2021 میں ، عالمی فوٹو وولٹک آلات کی تنصیب کی لاگت 2010 کی لاگت کے مقابلے میں تقریباً 82 فیصد تک کم ہو چکی ہے ، جبکہ ہوا سے بجلی کے آلات کی تنصیب کی لاگت میں کم از کم 35 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔اس سے نہ صرف چین کی سبز اور کم کاربن ترقی میں نمایاں مدد ملی ہے، بلکہ عالمی سطح پر کاربن اخراج کی تخفیف میں بھی اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔
یہ تذکرہ بھی لازم ہے کہ چین کی سبز توانائی کی صنعت کو مسلسل "ٹیکنالوجی اپ گریڈ" کے ذریعے مستقل فروغ دیا جا رہا ہے۔ چین کی نیو انرجی جدید ٹیکنالوجی تعارف، اطلاق اور ثمرات، اور دوبارہ جدت طرازی کے مراحل سے گزری ہے.مثال کے طور پر چین کی تیار کردہ جدید ترین ونڈ ٹربائن سالانہ 66 ملین کلو واٹ بجلی پیدا کر سکتی ہے جو ایک سال تک 36 ہزار خاندانوں کی بجلی کی کھپت کے مساوی ہے۔یہ ونڈ ٹربائن دنیا کی پہلی 16 میگاواٹ الٹرا لارج آف شور ونڈ ٹربائن بھی ہے۔ پوری مشین پر بکھرے ہوئے سینکڑوں سینسر اور لیزر ریڈار ٹربائن کی آپریشنل صورتحال کو ٹریک کرنے کے لئے درجہ حرارت ، نمی ، ہوا کی رفتار اور دیگر معلومات کو محسوس کرسکتے ہیں ، اور زاویہ اور پیداوار کی طاقت کو خود بخود ایڈجسٹ کرسکتے ہیں۔اسی طرح ہوا سے بجلی کے شعبے نے بڑے پیمانے کے یونٹس اور فلوٹنگ یونٹس کی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے بین الاقوامی سطح پر نمایاں ترین مقام حاصل کر لیا ہے ، جس میں اہم اجزاء جیسے ہائی پاور یونٹس اور الٹرا لانگ بلیڈز کے اسپنڈل بیرنگز میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔اسی طرح چین میں کرسٹلائن سلیکون فوٹو وولٹک ٹیکنالوجی کی ترقی جاری ہے۔ گھریلو طور پر تیار کردہ پیرووسکائٹ سولر سیلز کی کارکردگی ، اگلی نسل کی فوٹو وولٹک بیٹری ، 26.1 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔چین نے 2019 سے اب تک پیرووسکائٹ سولر سیلز پر تقریباً 5500 تحقیقی مقالے پیش کیے ہیں ، جس نے امریکہ (3400 مقالے) اور جنوبی کوریا (1460 مقالے) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
عالمی سطح پر گرین اور ماحول دوست مصنوعات کو ترقی دینے کی بات کی جائے تو چین کی تین بڑی گرین ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات جن میں فوٹو وولٹک بیٹریاں ، لیتھیم آئن بیٹریاں اور نئی توانائی گاڑیاں (این ای وی) شامل ہیں ، کی مجموعی برآمدی قدر 2023 کی پہلی ششماہی میں سال بہ سال 61.6 فیصد بڑھی ہے ، جس سے چین کی برآمدات میں 1.8 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔کپڑوں، گھریلو آلات اور فرنیچر سے لے کر " تین گرین ٹیکنالوجیز" تک، چین کی بیرونی تجارت کا ڈھانچہ مسلسل بہتر اور اپ گریڈ ہوا ہے، جو اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے.

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1012 Articles with 415455 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More