ظریفانہ : للن پوار اور کلن پرمار

للن پوار نے کلن پرمار سے پوچھا کیوں بھائی نکل گئی نا ہیکڑی ؟ اسی لیے کہتا ہوں بار بار چھپنّ انچ کا سینہ ٹھونک کراول فول بکنا مہنگا پڑتا ہے۔کیا سمجھے ؟
کلن پر مار نے کہا بھائی تم کس بات کا حوالہ دے رہے ہو؟ آج کل تو ہمارے پردھان جی ہر روز کوئی نا کوئی بات سینہ ٹھونک کر پھینک دیتے ہیں۔
وہی سترّ ہزار کی بدعنوانی اور سزا کی گارنٹی والی بات ؟
ارے ہاں اس میں کیا شک ہے۔ پچھلے نو سالوں میں ای ڈی نے جتنے چھاپے مارے ہیں اتنے نوےّ سال میں بھی نہیں مارے ۔
للن نے ہنس کر کہا یار تم توپھینکنے میں پردھان جی کو بھی ہرا دو گے ۔
کیوں ایسا کیا ہوگیا؟ میں بھلا یہ جرأت کیسے کرسکتا ہوں ؟؟ امریکہ میں سب کو ہرانے کے بعد اب وہ رستم زماں ہیں۔
وہی تم نوےّ سال کی بات کررہے ہو ۔ اس وقت ای ڈی کہاں تھی؟
کلن پرمار نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہا مجھے معلوم ہے لیکن میرا مطلب ہے اگر ہوتی تب بھی نوےّ سال میں اتنے چھاپے نہیں مارتی ۔
بھائی مجھے معلوم ہے لیکن تم لوگوں نے ہمارے اجیت پوار پر چھاپہ مارنے کے بجائے اس مزید نوٹ چھاپنے کا موقع دے دیا۔
ہاں تو اس میں کون سی بڑی بات ہے ۔ فی زمانہ سیاست ایک پیشہ ہے اور لوگ اس میں نوٹ چھاپنے کے لیے ہی آتے ہیں ۔
ارے لیکن اس سزا کا کیا؟ کسی کو نائب وزیر اعلیٰ بنا دینا سزا ہے یا مزہ ہے ؟
کلن بولا بھائی ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا ؟ اب آگے تو اور بھی مزے ہونے والے ہیں ۔
اچھا آگے کیا ہونے والا ہے؟ ہمیں بھی تو پتہ چلے ؟ تم اندر کے آدمی ہو اس لیے اندر کی خبر لاتے ہو۔
دیکھو بھائی ہماری پارٹی بہت آگے کی سوچتی ہے۔ ہماری گہری حکمت عملی کو سمجھنا تم جیسے للو پنجو کی بس کی بات نہیں ہے۔
للن نے پوچھا حکمت یا سازش ؟ ہمارے بھولے بھالے اجیت دادا کو تم لوگ کسی مصیبت میں تو نہیں پھنسا دوگے؟
ارے کیا بات کرتے ہو۔ ہم تو اسے اور اس کے ساتھیوں کو مصیبت سے نکال رہے ہیں ۔ پھنسانا ہوتا تو نواب ملک کے پاس بھیج دیتے۔
اچھا تو آگے کیا پلان ہے ؟
اجیت پوار کا دیرینہ خواب ہے کہ وزیر اعلیٰ بنے ۔ شرد پوار تواسے شرمندۂ تعبیر نہیں کرسکے مگر پردھان جی اس کو پورا کریں گے ۔
یہ سن کر للن پوار اپنی کرسی سے اچھل گیا ۔ اس نے کہا کیا بات کرتے ہو ۔ میں تو سمجھتا تھا کہ زندگی بھر وہ کسی نہ کسی کا نائب ہی رہے گا ۔
جی نہیں للن اب اس کے اچھے دن آچکے ہیں۔ بہت جلد تم مجھے اجیت پوار کے وزیر اعلیٰ بننے کی مٹھائی کھلاوگے ۔
یار تمہیں کو کیوں پورے محلے کو کھلاوں گا ۔
پورے محلے کو؟ اتنی خوشی ہوگی تمہیں ؟؟
جی ہاں، شرد پوار کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑے کتنے سال ہوگئے ۔ اس دوران نہ جانےکتنے وزرائے اعلیٰ آئے گئے مگر ہمارے آدمی کو موقع ہی نہیں ملا۔
اچھا خیرمحلہ کیوں شہر بھر کو مٹھائی کھلاو مجھے کیا اعتراض ہوسکتا لیکن کہیں محلے والوں کے چکر میں مجھے بھول نہ جانا ۔
یار یہ کیسے ہوسکتا ہے لیکن میری سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ یہ چمتکار ہوگا کیسے؟
ارے بھائی کیا تمہیں نہیں پتہ کہ وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور ان کے ساتھی ارکان اسمبلی کی نااہلی کے معاملہ زیر التواء ہے۔
جی ہاں مجھے معلوم ہے لیکن اس پر تمہاری اپنی پارٹی کا اسپیکر وہی فیصلہ کرے گا جو تم چاہوگے ۔
وہی تو۰۰۰ اب فیصلہ ہوگا اور اس کے ساتھ شندے کی چھٹی کردی جائے گی ۔
للن کے لیے یہ حیرت کا دوسرا جھٹکا تھا ۔ وہ بولا لیکن اس کی کیا ضرورت ؟
بھائی ضرورت ہی تو سب کچھ ہے۔ جس ضرورت کی خاطر کروڈوں روپیہ خرچ کرکے انہیں وزیر اعلیٰ بنایا گیا تھا ۔ وہ اس کو پورا نہیں کرسکے ۔
ارے بھائی تم لوگوں کی سرکار بن گئی ۔ وہ اس کو بخیر و خوبی چلارہے ہیں اور کیا چاہیے؟
بخیر و خوبی تو نہیں ۔ہاں کام چلا رہے ہیں لیکن حکومت سازی تو بس ایک ذریعہ تھا ۔ اس کا مقصد تو کچھ اور ہی تھا ۔
للن نے پوچھا ۔ اچھا وہ پوشیدہ ہدف کیا تھا ؟
وہ غرض و غایت شیوسینا کو کمزور کرکے نیست و نابود کرنے کی تھی لیکن شندے نے تو الٹا کردیا ۔
الٹا کردیا کیا مطلب؟ وہ کم و بیش سارے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمان کو اپنے ساتھ لے آئے ۔ تمہیں اور کیا چاہیے ؟
یہ ان کا کارنامہ نہیں بلکہ ہمارے ای ڈی اور دولت کی بدولت ہوا ہے۔
اچھا تو تم لوگ ان سے اور کیا چاہتے تھے ؟
یہ کہ وہ عام شیوسینکوں کو کمل پکڑا دے مگر اس ہدف کے حصول میں وہ ناکام ہوگیا ۔ اس لیے اب اس کی حاجت ختم ہوگئی۔
اچھا تو کیا ان کو اب ٹیشو پیپر کی مانند کوڑے دان میں ڈال دیا جائے گا۔ ایک کٹر ہندوتواوادی کے ساتھ یہ سلوک ؟ تمہیں شرم نہیں آئے گی؟
شرم کیسی شرم؟ جب اجیت پوار کواپناتے وقت عار محسوس نہیں ہوئی تو شندے کو ہٹاتے ہوئے کیونکر ہوسکتی ہے؟
لیکن بھیا وہ تمہارے سنگھ کا وفادار کارکن تو ہے نہیں کہ ہٹایا اور ہٹ گیا ویسے اس کے ہم نام کھڑسے کو بھول گئے کیا ؟ انہوں نے بغاوت کردی تھی۔
دیکھوبھیا وہ بغاوت وزیر اعلیٰ نہیں بنانے کے سبب نہیں بلکہ فڈنویس کی بدسلوکی کی وجہ سے ہوئی تھی ۔
بھائی وجہ جو بھی ہو ۔ ہوئی تو تھی نا؟
یار للن کوئی تمہارا تعلق داود ابراہیم سے جوڑ دے ۔ بدعنوانی کے مقدمہ قائم کرکےتمہاری سیاسی زندگی ختم کرنے کی کوشش کرے تو تم کیا کروگے؟
ارے ہاں بابا لیکن اب تم لوگ شندے کو ہٹانے کے لیے کیا تگڑم لگاو گے ؟ یہ تو بتاو؟؟
بھیا اس کے لیے ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کےرہنما سنیل پربھو نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کردی ہے۔
اچھا ! اب وہ کیا چاہتے ہیں؟ ان کی عرضی میں کیا مطالبہ پیش کیا گیا ہے؟؟
ان کو شکایت ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی اسپیکر نے باغیوں کو نااہل قرار دینے کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ کیوں نہیں کیا؟
اوہو کیا وہ نہیں جانتے کہ اسپیکر کیا فیصلہ کرے گا ؟
انہیں پتہ ہے کہ اسپیکر شندے کو اہل قرار دےگا لیکن اس طرح پربھو پھر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔
لیکن اس تماشے سے کیا فائدہ؟
بھیا ٹی وی پر نظرآنے کے لیے اسی طرح کے تماشے لازمی ہیں اور اخبار والے اسی کو چھاپتے ہیں ۔کیا سمجھے ؟
للن بولا ہاں ایسا کرنے سے شندے کے سر پر تلوار لٹکی رہے گی اور وہ چین کی نیند نہیں سو سکیں گے ۔
جی ہاں لیکن ہمارا پلان ہے کہ اس بار ہم لوگ عدالت سے اس کے خلاف فیصلہ کروا کر ہاتھ اٹھالیں گے اور مجبوری کے بہانے پیچھا چھڑا لیں گے ۔
یہ تو زبردست سازش ہے کہ سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے ۔
جی نہیں اس سے ہم ایک زہریلے سانپ کو مار کر پھینک دیں گے بھلے سے لاٹھی ٹوٹ جائے ۔
للن نے کہا چلو خیر اس طریقہ سے دیویندر فڈنویس کا پھر سے وزیر اعلیٰ بننے کاسپنا ساکار ہوجائے گا۔
کلن بولایار للن تم عجیب آدمی ہو ۔ بھول گئے ابھی میں نے تم سے کیا کہا اور تم نے مٹھائی کھلانے کا بھی وعدہ کردیا ؟
ارے ہاں غلطی ہوگئی ۔ لیکن یہ بتاو کہ بیچارے فڈنویس کو کیوں ترسایا جارہا ہے۔ آخر ان کی کیا غلطی ہے؟
ان حماقتوں سے ہائی کمان پریشان ہے۔ ان کے مشورے پرپچھلے انتخاب سے قبل شرد پوارکو ای ڈی کا نوٹس دیا گیا اور اس طرح گھڑی چل پڑی۔
ارے بھائی سیاست میں ایک آدھ حربہ ناکام بھی ہوجاتا ہے ۔ اس کو اتنا زیادہ سیریس لینے کی کیا ضرورت ہے؟
بھیا انہوں نے اپنے حریفوں کے چکر میں پارٹی کو ہی ختم کردیا ۔ وہ تو پردھان جی کی وجہ سے عزت بچ گئی ورنہ ہم لوگ پچھلا الیکشن ہار جاتے۔
لیکن یہی تو پردھان جی نے دہلی میں کیا ۔ اس میں نیا کیا ہے؟
ہاں لیکن دیویندر اور نریندر میں فرق ہے۔ کوئی اس لکشمن ریکھا کو پھلانگنے کی کوشش کرے گا تو اسے سزا ملے گی؟
وہ تو ٹھیک ہے مگر اتنی سخت سزا کہ پہلے شندے اور اب پوار کا نائب بنادیا جائے ۔ یار اس سے تو چھا ہے انسان سیاست چھوڑ دے۔
کلن بولا چھوڑنا ہے تو چھوڑے کون منع کررہا ہے وہ اگر ایسا فیصلہ کردیں تو ہائی کمان چین کی سانس لے گا۔
لیکن بھیا اس دشمنی کی اصلی وجہ کیا ہے؟ سچ سچ بتاو ؟ ؟
اس کااصل سبب پیشوائی ہے ۔ کیا تم بتاسکتے ہو کہ مودی راج میں فردنویس کے بعد کسی برہمن کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہو؟
لیکن فڈنویس کو بھی تو انہوں نےہی بنایا تھا ۔
جی ہاں شروع میں نتن گڈکری کو کنارے کرنے لیے یہ کرنا پڑا پھر پردھان جی نے سارے برہمنوں کو ٹھکانے لگا دیا ۔
ہاں یار یہی بات ہے کہیں راجپوت، کہیں بنیا اور کہیں پسماندہ ؟ ہر جگہ انہیں کا بولا بالا ہے۔
کیوں نہ ہوگا ۔ وہ خود پسماندہ ہیں اس لیے انتقام تو لیں گے ۔
ہاں بھیا سمجھ گیا ویسے میں تو اجیت پوار کے وزیر اعلیٰ بننے کا انتظار کروں گا ۔ کتنا بھی بدعنوان سہی لیکن آخر ہماری برادری کا آدمی ہے ۔
ٹھیک ہے بھائی جب میری پیشنگوئی سچ ہوجائے تو مٹھائی لے کرآجانا۔ اب چلتے ہیں ۔
 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2045 Articles with 1224707 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.