پسندیدگی

پسندیدگی ۔آج کل بہت سے افراد فیس بک کی تجاویز کے مطابق اپنے پسندیدہ افراد کی لسٹ تیار کرکے ٹائم لائن پر پوسٹ کر رہے ہیں ،ان میں ینگسٹرز بھی ہیں اور میچیور افراد بھی۔ فیس بک کے کمپیوٹر نے خود ہی سب کے پسندیدہ افراد کے لئے اندازے لگا رکھے ہیں ۔ جو چالیس فرینڈز فیس بک آپ کو بتارہی ہے ،ہوسکتا ہے فیس بک کا اندازہ غلط ہو کیوں کہ اس نے تو صرف لائکس اور کمنٹس دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے جب کہ کچھ فرینڈز سوشل میڈیا کی بہ نسبت عملی زندگی میں ہمارے ساتھ ہوتے ہیں ،ہماری کوششوں میں ،کاموں میں ان کی حوصلہ افزائی کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے جو فیس بک سے اوجھل ہوتا ہے ۔ ہم کو چاہیے کہ کبھی نہ کبھی وہ سب لوگ یاد کیا کریں جنھوں نے کبھی دوستی نبھائ ،کبھی ٹوٹے دل کو خوبصورت لفظوں کی ڈھارس سے ٹھیک کردیا ،کبھی ہماری کسی صلاحیت کو نکھارا ،ہمیں آگے بڑھایا ،ہمیں اس وقت اپنا قیمتی وقت دیا جب کوئی اور وقت دینے پر تیار نہ تھا ! کبھی ہماری کسی خامی کو چھپایا ،کسی کوتاہی پر درگزر کردیا ! ان سب پیارے لوگوں کو یاد کرکے ان کے لئے دعا کردیا کریں ۔ ویسے میں نے دوسروں کی ٹائم لائن پر اپنا نام چیک نہیں کیا ۔۔۔۔شاید مجھے یہ ضروری نہیں لگتا۔میں کسی مشن کے تحت فیس بک پر ہوں اور وہ کام رب العالمین کو راضی کرنا ہے ،اپنی علمی اور قلمی صلاحیتوں کو فی سبیل اللّٰہ استعمال کرکے۔ انسانوں سے لگائی گئی توقعات اکثر پوری نہیں ہوتیں ،اس لئے ہر امید صرف رب سے لگانی چاہئے! ہم اسے پسند آجائیں بس۔
مجھے خاک میں ملا کر ،میری خاک بھی اڑادے
تیرے نام پر مٹا ہوں ،مجھے کیا غرض نشاں سے !