چین پاک بے مثال تعلقات کے 72 برس

اکیس مئی کو چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 72 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے جو "آہنی بھائیوں" کی بے مثال اور لازوال دوستی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ دونوں ممالک کی دوستی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اتری ہے۔دونوں ممالک کی بے لوث اور مخلصانہ دوستی کو ہمالیہ سے بلند ،سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی قرار دیا جاتا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ تعلقات کا آغاز 1950 میں ہوا ، پاکستان اسلامی دنیا کاوہ پہلا ملک ہے جس نے عالمی برادری کے دیگر چند ممالک کے ہمراہ چین کو آزاد ملک کے طور پر تسلیم کیا۔دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ سفارتی تعلقات 21 مئی 1951 کو قائم ہوئے تھے۔گزشتہ 07 دہائیوں میں پاکستان نے چین کو اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی فورمز کا رکن بننے میں مدد فراہم کرنے کے علاوہ چین کے امریکہ سمیت اسلامی دنیا کے ساتھ رابطوں کے قیام اور تعلقات کے فروغ کےلیے اہم خدمات انجام دی ہیں جسے چین کی جانب سے ہمیشہ سراہا گیا ہے۔ چین نے بھی اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر پاکستان کی بھرپور حمایت سے ایک سچے دوست کا عملی ثبوت دیا ہے۔ پاکستان کو ہمیشہ سے چین کی سفارت کاری میں ترجیح حاصل رہی ہے ، چین پاکستان کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔دونوں ممالک کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم اصول ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ ہےاور تمام عالمی معاملات اور تنازعات پر دونوں ممالک یکساں رائے کا اظہار کرتے آئے ہیں۔پاکستان نے ہمیشہ ایک چین کے اصول کی حمایت کی ہے اور چین کے بنیادی مفادات سے جڑے دیگر امور میں چین کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔اسی طرح چین نے بھی پاکستان کے مفادات سے وابستہ معاملات میں تمام کثیر الجہتی عالمی پلیٹ فارمز پر کھل کر پاکستان کی حمایت کی ہے اور پاکستان مخالف قوتوں کی جانب سے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔

عالمی سطح پر منفرد اور غیر معمولی نوعیت کی حامل پاکستان چین دوستی کبھی بھی وقت اور حالات کے تابع نہیں رہی ہے ۔دونوں ملکوں میں انتقال اقتدار یا پھر سیاسی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں سے قطع نظر پاک چین تعلقات ہمیشہ مثبت سمت میں آگے بڑھتے رہے ہیں ۔ ان 72 برسوں کے دوران سیاسی ،سفارتی ،اقتصادی ،ثقافتی ،دفاعی غرضیکہ تمام شعبہ جات میں چین پاک تعلقات کے فروغ سے روایتی مضبوط دوستی کو مزید عروج حاصل ہوا ہے ۔ دونوں ممالک نہ صرف عالمی اور علاقائی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے مضبوط حامی ہیں بلکہ ایک دوسرے کی مضبوط اقتصادی سماجی ترقی کے خواہاں بھی ہیں۔ دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات میں ہمیشہ مشترکہ مشاورت کے اصول کا احترام کیا ہے ، مشترکہ تعمیر کے اصول پر عمل پیرا رہتے ہوئے مشترکہ مفاد کے اصول کو ترجیح دی گئی ہے۔

پاکستان چین کو عالمی سطح پر اہم ترین دوست تصور کرتا ہے اورمشکل صورتحال میں بھی دنیا نے پاک۔چین دوستی کی مضبوطی دیکھی ہے ۔ دونوں ممالک نے کووڈ۔19کی مشکل وبائی صورتحال میں بھی ایک دوسرے کی بھرپور حمایت سے لازوال سدا بہار دوستی کی توثیق کی ہے۔سفارتی میدان میں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اگر معاشی شعبے میں چین۔پاک تعلقات کی ترقی کی بات کی جائے تو چینی صدر شی جن پھنگ کے تاریخی دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے عظیم اور بے مثال تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل چین پاک اقتصادی راہداری کی صورت میں سامنے نظر آ یا،جسے نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی کا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اربوں ڈالرز سرمایہ کاری کا حامل یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ میں اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس سے یقینی طور پر پاکستان میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے باب کا آ غاز ہو چکا ہے۔حقائق کے تناظر میں اقتصادی تعاون چین پاک تعلقات کی بنیاد ہے اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر سی پیک نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نمایاں طور پر تقویت دی ہے۔ سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کا منظر نامہ تبدیل کر دیا ہے، رابطہ سازی، توانائی، صنعتی ترقی اور تجارت کو فروغ دیا ہے۔ اس تاریخی اقدام نے پاکستان میں معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔آج چین پاکستان میں سب سے بڑا واحد سرمایہ کار بن گیا ہے۔ چین کی مدد نے پاکستان کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ آئندہ سی پیک کے تحت زراعت ، صنعت ، انفارمیشن اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ سامنے آئے گا۔اسی طرح حالیہ عرصے میں چین کی انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن اور خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں مہارت نے پاکستان کو نمایاں طور پر فائدہ پہنچایا ہے۔ مشترکہ تحقیق اور ترقیاتی اقدامات، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون نے دونوں ممالک میں تکنیکی ترقی کو فروغ دیا ہے اور چین ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔

چین اور پاکستان کے درمیان گہرے ثقافتی روابط بھی موجود ہیں اور ثقافتی تبادلوں نے ان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دونوں ممالک نے ثقافتی تقریبات، فیسٹیولز اور افرادی تبادلوں کے ذریعے ثقافتی تفہیم کو فعال طور پر فروغ دیا ہے۔ مزید برآں، تعلیمی تعاون کو حالیہ عرصے میں نمایاں فروغ ملا ہے، ہزاروں پاکستانی طلباء چینی جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو دونوں ممالک کی انسانی وسائل کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں.آج چین ، پاکستانی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے لیے اولین ترجیحی مقام بن چکا ہے۔گزرتے وقت کے ساتھ چین پاک دوستی کی جڑیں نسل درنسل عوام کے دلوں میں مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہیں۔پاکستانی عوام جہاں چین سے بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں تو چینی سماج میں بھی پاکستان کو پاتھیے قرار دیا جاتا ہے جس کا مطلب ہے فولادی بھائی۔آج 72 برسوں بعد چین اور پاکستان دونوں پراعتماد ہیں کہ آہنی دوستی کے اس رشتے اور برادرانہ تعلق کو ہمیشہ عروج حاصل رہے گا اور دونوں ملک مل کر ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن رہیں گے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1142 Articles with 433684 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More