دینی مدارس کے طلباءاور فضلاءکی صلاحیتیں

دینی مدارس کی دنیا میں اللہ کے فضل وکرم سے بے پناہ صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں ۔بالخصوص جوان سال فضلاءکرام میں سے بعض ایسے ہوتے ہیں جن کی ذہانت وفطانت اور خدادا د صلاحیتوں کو دیکھ کر انسان عش عش کر اٹھتا ہے ۔اگر ان صلاحیتوں کو ذرا سا پالش کر دیا جائے تو یہ نوجوان ایسے چمک جاتے ہیں اور اس طرح نکھر کر سامنے آتے ہیں کہ دل باغ باغ ہو جاتا ہے ۔ہمارے ہاں گزشتہ چار سال سے سالانہ تعطیلات کے دوران مدارس میڈیا ورکشاپ کے نام سے دورہ صحافت کاانعقاد ہو تا ہے۔ انتہائی مختصر دورانیے پر مشتمل اس تربیتی کورس کے نتیجے میں بعض علماءوفضلاءاتنا اچھا لکھنے لگتے ہیں کہ حیرت ہوتی ہے ۔ان شرکاءمیں سے جوروایتی سستی وکاہلی کی چادر نہ تان لیں اور مستقل مزاجی اور محنت سے جی نہ چرانے لگیں وہ ماشااللہ بیت آگے نکلتے ہیں اور اپنے قلم کے ذریعے دین کی خدمت ، اہل حق کی ترجمانی اور مظلوموں کی حمایت کا فریضہ خوب کمال سے انجام دیتے ہیں ۔بعض طلباءبلامبالغہ بعض قومی سطح کے کالم نگاروں سے بھی زیادہ خوبصورت نثر لکھتے ہیں ۔اس سال مدارس میڈیا ورکشاپ کے اختتام پر جن طلباءکو خصوصی انعام سے نوازا گیا ان میں سے ایک طالبعلم وسیم عباس نے ”لوح وقلم “کے نام سے ایک تعلیمی ہفت روزہ اخبار کا اجراءکیا ۔یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد آئیڈیا اور تجربہ ہے ۔”لوح وقلم “ایک مستقل اخبارہے جو مکمل طور پر تعلیمی خبروں ،رپورٹس اور مضامین پر مشتمل ہوتا ہے ۔ابتدائی مرحلے میں اس کا آغاز ہزارہ ڈویژن سے کیا گیا ہے جوانشا اللہ دیگر علاقوں سے بھی اپنی اشاعت کا آغاز کرے گا ۔وسیم عباس نے” لوح وقلم“کی ممبر شپ مہم کے سلسلے میں ایک ٹیم تشکیل دی جس نے ہزارہ کے تمام معروف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں تعلیمی ادارے ”لوح وقلم “کے مستقل ممبر اور خریدار بن گئے اور یوں”لوح وقلم “ ہزار ہ کے تعلیم یافتہ طبقے کا پسندیدہ اخبار ٹھہراجو انتہائی کم مدت میں علاقائی صحافت میں ایک معتبر نام بن کر سامنے آیا ہے ۔مدارس میڈیا ورکشاپ کے شرکاءمیں سے مولانا محمد عبداللہ شارق (نوید سحر )،عرفان ندیم ،فرحان فانی،عبداللہ ساجد، عظمت علی رحمانی ،افتخار احمد ،تنویر اعوان اورشہزاد عباسی جیسے کئی نام ہیں جن کی تحریریں مستقل طور پر قومی اخبار وجرائد کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ عبید اللہ عثمانی ،سید حسان اکبر گیلانی ،اشفاق احمد، نوید ارشد ،رائے جاوید اور چند دیگر شرکاءملکی سطح کے مذہبی اور تحقیقی مجلات کے روح رواں ہیں ۔بعض شرکاءبڑی مذہبی جماعتوں اور اداروں میں میڈیا کے حوالے سے بہت اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں ۔ میڈیا ورکشاپ کے ایک شریک محمد طیب جو کہ عالم دین ہیں انہیں درس نظامی کے بعد انگلش میں ماسٹر اور سی ایس ایس کرنے پر اس سال خصوصی انعام دیا گیا ۔الغرض گزشتہ چار سالوں کے دوران اللہ کے فضل وکرم سے مدارس میڈیا ورکشاپ کے پلیٹ فارم سے تحریر وتصنیف اور ذرائع ابلاغ کے حوالے سے جن باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا وہ انتہائی خوشگوار اور کامیاب تجربہ رہا ۔

اسی تجربہ کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل غور وخوض اور اکابر علماءکرام سے مشاور ت کے بعدیہ طے پایا کہ جامع مسجد محمدی شہزاد ٹاؤن میں جواں سال فضلاءکے لیے اس سال سے ایک سالہ خصوصی تربیتی کو رس شروع کیا جائے جس میں ان بنیادی صلاحیتوں کو نکھارنے اور پالش کرنے کا اہتمام ہو جو عملی میدان میں جانے سے قبل ہر عالم دین کی ضرورت ہیں ۔اس میدان میں ماشااللہ کراچی میں تو خوب کام ہو رہا ہے لیکن وفاقی دارالحکومت میں اس کی بہت کمی محسوس کی جاتی تھی ۔اس سلسلے میں سرمایہ ملت مولانا محمد حنیف جالندھری اور استاذ مکرم مولانا عبدالغفار صاحب کی طرف سے سب سے بڑھ کر خصوصی شفقت اور حوصلہ افزائی ملی۔ یہ ایک سالہ تخصص چونکہ اپنی نوعیت کا منفرد تخصص ہے اس لیے اس کا منفرد نام Skills Development Programe for Young Scholarsتجویز ہوا ۔ دعوت وتبلیغ کا فریضہ سرانجام دینے کے لیے زبان کی بنیادی اہمیت ہے اس لیے ایک تو یہ طے پایا کہ قومی زبا ن اور دو عالمی زبانوں(انگلش اور عربی ) میں سے پہلے مرحلے پر کوئی ایک زبان فضلاءکو سکھائی جائے اور اس کا ماحول بھی مہیا کیا جائے چنانچہ عربی زبان کے بارے میں فیصلہ ہوا ۔اس سلسلے میں معروف محقق ،مصنف،صاحب قلم ،دردِ دل رکھنے والے مولانا مفتی ابولبابہ صاحب نے خصوصی شفقت فرمائی اور جامع مسجد محمدی تشریف لائے ،رہنمائی فرمائی ،قیمتی مشوروں سے نوازا ۔پھر فضیلة الشیخ مولانا موسیٰ العراقی کو ساتھ لائے ،ان سے ملاقات اور مشاورت کا اہتمام کیا ۔شیخ موسیٰ کا نام تو بہت سنا تھا لیکن پہلی مرتبہ شرف ملاقات پایا تو حیرت ہوئی کہ” ایسی چنگاری بھی یا رب اپنی خاکستر میں تھی“شیخ نے کچھ عرب احباب سے یہ وعدہ لیا کہ وہ محمدی مسجد میں ہونے والے اس ایک سالہ تخصص کو وقت دیں گے ۔ عربی کے حوالے سے شہرت پانے والے ادارے عبداللہ بن عباس کراچی سے مستقل استاد عنایت فرمائے ۔اسی طرح عربی کے حوالے سے ہمارے مہربان مولانا ولی خان المظفر(جو کراچی سے مستقل طور پر اسلام آباد شفٹ ہو کر ہمارے پڑوس میں فروکش ہو رہے ہیں )نے نہ صرف یہ کہ مکمل سرپرستی فرمائی بلکہ قبولیت کی کسی گھڑی میں انہوں نے محمدی مسجد میں عربی تخصص شروع کرنے کے عزم کا نہ جانے کس خلوص سے اظہار فرمایاکہ اللہ نے ان کے اس ارادے کو عملی شکل عطا فرما دی۔اسی طرح مولانا کے معاون خصوصی اورسیماب صفت نوجوان مولانا سمیع اللہ عزیز مجمع اللغة العربیہ کے مرکزی دفتر سمیت چٹھہ بختاور اسلام آباد آرہے ہیں۔ ان حضرات سے بھی استفادہ کا سلسلہ جاری رہے گا۔یوں اس سال کا زیادہ حصہ عربی زبان جو کہ علوم ومعار ف اور دعوت وتبلیغ کی کلید ہے اس کے لیے مختص ہو گا ۔

اس کے علاوہ سا ل کے آخر میں مختصر دورانیے پر مشتمل کورسز کے ذریعے مختلف صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔مثال کے طور پر خطابت ،قرآنی عربی اور اردو انشاءپردازی کے تربیت کے لیے مولانا مفتی ابو لبابہ اپنے رفقاءسمیت تشریف لائیں گے ۔سال کے دوران حفظ الحدیث کا سلسلہ بھی مستقل طورپر جاری رہے گا ۔ہمارے ہم مکتب دوست مولانا خطیب الرحمن اللہ کے فضل وکرم سے قومی سطح کے خطاط ہیں ان سے گزارش کی کہ وہ خطاطی سکھانے کے لیے وقت مرحمت فرمائیں ۔،مولانا طارق جمیل صاحب کے مایہ ناز شاگر مولانا تنویر صاحب اور مولانا آصف صاحب نے اس سال سالانہ تعطیلات میں جامعہ فریدیہ میں کمپیوٹرکو رس کا انعقاد کروایا جس میں ایک عالم دین کے لیے جس قدر کمپیوٹر سیکھنا ضروری ہے وہ سکھایا گیا ۔اس تجربہ سے بھی بہت کم وقت میں استفادہ کیا جائے گا ۔ٹیچرز ٹریننگ کے حوالے سے ان دنوں عصری تعلیمی اداروں میں بی ایڈ،ایم ایڈ اور نہ جانے کس کس قسم کی تربیتی ورکشاپس ہوتی ہیں لیکن ہمارے ہاں اس کا فقدان ہے ۔اب وفا ق المدارس کے بزرگ اس حوالے سے خاصے فکر مند ہیں ۔مختلف انداز سے اس پر کام بھی جاری ہے ۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے گزشتہ دنوں اپنے ایک کالم میں تدریب المعلمین کے حوالے سے ایک ادارے ”ا ٓئی پی ایس “کا تذکرہ کیا تھا۔اس ادارے کے اشتراک سے ٹیچرز ٹریننگ بھی ہمارے ایک سالہ پروگرام کامختصر سا حصہ ہو گی ۔ اس کورس کا تعلیمی سال رمضان المبارک تک ہو گا کورس کے شرکاءسالانہ مدارس میڈیا ورکشاپ میں لازمی طور پر شریک ہوں گے اس طرح عربی زبان کے علاوہ چار چیزیں کمپیوٹر،تربیت ائمہ وخطباء،ٹیچرز ٹریننگ اور میڈیا مستقل طور پر جبکہ خطاطی اورجنرل نالج وغیرہ ضمنی طور پر اس ایک سالہ پروگرام کا حصہ ہوں گے ۔کورس میں انتہائی محدود نشستوں پر داخلہ دیا جائے گا اور داخلے کا سلسلہ گیارہ شوال بروزہفتہ سے شروع ہوگا مزید تفصیلات کے لیے 03349173562پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

دعا فرمائیں اللہ رب العزت اس ادنی ٰ سی کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائیں ،اس کام کو ہمارے لیے سہل فرمادیں،اپنی خصوصی مدد ونصر ت شامل حال فرمائیں اور اسے امت کے نفع اور بہتر مستقبل کا ذریعہ بنا دیں ۔آمین یا رب العالمین
Abdul Qadoos Muhammadi
About the Author: Abdul Qadoos Muhammadi Read More Articles by Abdul Qadoos Muhammadi: 120 Articles with 129848 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.