ایک فرد، ایک جھنڈا، ایک پودا

(سید عباس علی شاہ، وزیر جنگلات پنجاب)

میں نے بحیثیت وزیر جنگلات، نئی کابینہ میں اس عزم کے ساتھ عہدہ سنبھالا ہے کہ اپنے اطراف کو سبز پرچم کے ساتھ ساتھ ہریالی سے بھی سجانا ہے۔ اس ضمن میں محکمہ جنگلات کے افسران کو میں نے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایات کی ہیں۔ سبز پرچم اور پودا دونوں ہی پاکستان کی بقا کی علامت ہیں۔ یہ خوبصورت کمبی نیشن ماحول کو مزید دلکش بنائے گا۔ میں ان سطور کے ذریعے قوم سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ یوم آزادی "ایک فرد، ایک جھنڈا، ایک پودا" کے عنوان کے تحت منایا جائے۔ ہر بشر اپنی صحت کے تحفظ کیلئے اور وطن عزیز کی محبت میں، اپنے اپنے حصے کا شجر لازمی لگائے۔ اگر جگہ ہو تو ہر گھر میں، ورنہ گھروں کے باہر کم از کم ایک درخت ضرور لگنا چاہئے۔ صوبائی محکمہ جنگلات نے پنجاب میں 14 اگست کے روز 1 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ہم نے ہر ڈسٹرکٹ کو شجرکاری کا الگ الگ ٹارگٹ دیا ہے۔ آج کے روز کی مناسبت سے ہر ضلع میں اس ڈسٹرکٹ کے نام کی پلانٹنگ کی جارہی ہے۔ اسی طرح ہر پارلیمنٹرین کے نام سے بھی پودے لگائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب مون سون شجر کاری کا ٹارگٹ 50 ملین طے کیا گیا ہے۔ شہریوں کو صرف 2 روپے فی پودا کے حساب سے دئیے جا رہے ہیں، تاکہ ان میں شجرکاری حوالے سے دلچسپی بھی پیدا ہو اور بوجھ بھی نہ پڑے۔ میری کوشش ہوگی کہ پنجاب کی عوام کے ساتھ مل کر شجرکاری کا ٹارگٹ پورا کروں اور بحیثیت وزیر جنگلات کلین گرین پنجاب کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کر کے پارٹی چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر ثابت کروں کہ میرے حوالے سے ان کا انتخاب غلط نہیں ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پنجاب کی عوام میرا ساتھ دے گی اور گرین پنجاب منصوبے کی تکمیل کر کے مجھے عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے سامنے سرخرو کرے گی۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ سابقہ ادوار میں گرے اسٹرکچر کو فوقیت دیتے ہوئے گرین اسٹرکچر کو مکمل نظرانداز کیا گیا جس کی وجہ سے آج ہمیں بدترین ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے۔ میں گرے اسٹرکچر کے خلاف نہیں، کہ آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بہت ضروری ہوتا جا رہا ہے۔ لیکن گرے اسٹرکچر، گرین اسٹرکچر کے ساتھ ہی جچتا ہے۔ دنیا بھر میں اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ لہذا گرین اسٹرکچر کو پروموٹ کرنے کا ویژن پھیلانا بے حد ضروری ہوتا جا رہا ہے۔ وقت اور حالات کا تقاضہ ہے کہ گرین اسٹرکچر کو دوبارہ سے ترجیح دی جائے اور اس کے فروغ کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ آئیے میرے ساتھ ملکر عہد کریں کہ آج یوم آزادی کے موقع کو اس کے شایان شان منا کر، اس دن کا حق ادا کریں گے اور پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے انفرادی اور مشترکہ کردار ادا کریں گے۔ ہر فرد، جب اس کام میں آگے بڑھے گا تو گرین پاکستان کی تکمیل میں دیر نہیں لگے گی۔ پودے لگانے کی اس مہم میں، آپ سب کا تعاون ہمارے لئے بہت ضروری ہے۔

 

Muhammad Noor-Ul-Huda
About the Author: Muhammad Noor-Ul-Huda Read More Articles by Muhammad Noor-Ul-Huda: 82 Articles with 70579 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.