یوم آزادی ۔

فصلِ آرزو ۔۔۔۔۔شفق کاظمی

14 اگست 1947 جدا گانہ مملکت کے حصول کے لئے بھاگ دوڑ کرنے والوں کے لئے خوش نصیب دن ثابت ہوا تھا، اس روز آزادی کی روح پرورفضا کے جھونکے مسرور ہونا شروع ہوئے تھے ہر سمت خوشیاں تھیں، اس روز سورج کی کرنوں نے آزادی کو حقیقت میں روشن کیا تھا، اور ہمارا پیارا وطن پاکستان معرض وجود میں آیا۔

ہمارا مقصد غلامی کی زنجیروں کو توڑنا تھا، انگریزوں سے چھٹکارا حاصل کرنا تھا، کہا جاتا ہے "آزادی سے قبل مسلمانوں کو نئی مساجد بنانے کی اجازت نہیں تھی، ہندو نماز کے اوقات مساجد کے باہر ڈھول بجاتے تھے۔“ ان سب کے پیشِ نظر ہمیں ایک ایسی مملکت کی ضرورت تھی، جہاں ہم پرسکون ہوکر اپنی عبادات کرسکیں، اور ہماری عبادات کے دوران کوئی روکاوٹیں پیدا کرنے والا نہ ہو۔ہم علیحدہ مملکت حاصل کرکے اسے اسلام کا قلعہ بنانا چاہتے تھے، اسلامی تعلیمات، تہذیب و ثقافت، سیاسی و معاشی ترقی کو فروغ دینا چاہتے تھے، ہمیں صرف انگریزوں سے ہی نہیں ہندوؤں سے بھی نجات چاہیے تھی، یہ ایک انتہائی کٹھن اور طویل سفر تھا۔

جسے ہمارے آباؤ اجداد نے طے کیا ، اگر میں یہ کہہ دوں کے ہمارے آباؤ اجداد نے انگاروں پر چل کر اس سفر کو اختتام پذیر کیا ہے، تو یہ مثال بہت چھوٹی ہوگی۔کیونکہ اس سفر میں کئی مصیبتیں، آزمائشیں، دشمنانِ اسلام کی جانب سے دی گئی روکاوٹیں درپیش تھیں، لیکن ہمارے آباؤ و اجداد نے ڈٹ کر دشمن کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیا۔بوڑھے، جوان، عورتیں یہاں تک کے بچے بھی آزادی کی اس جنگ کے لئے آگے پیش پیش تھے، بے شمار شہادتیں ہوئیں۔ مگر کوئی بھی ان کے جذبہ حریت کو کم نہ کرسکا۔اگر ہم ماضی کی کتاب کھول کر چند اوراق پلٹ کر دیکھیں تو ہر باب میں بے شمار کہانیاں ہیں،ہر حرف اس بات کی گواہی دے گا کہ ہمارے آباؤ اجداد ماضی میں کس قدر کٹھن حالات سے دو چار ہوئے تھے۔یہ جو آج ہم پرسکون ہوکر اس آزاد مملکت میں زندگی بسر کررہے ہیں۔یہ ہمارے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

آج ہم سب آزاد مملکت میں رہ کر آزادی سے زندگی بسر کررہے ہیں، ہمارے ملک میں دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی آزاد ہیں، وہ بنا کسی روکاوٹ کے اپنی عبادات جاری رکھتے ہیں، ہر سال یومِ آزادی کے روز صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی یومِ آزادی بہت جوش و خروش سے مناتے ہیں، اس روز ہم دنیا بھر کے سامنے اپنے آباؤاجداد ، اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

آئیے اس یوم آزادی کو ہم عہد کرتے ہیں۔ہم اپنے آخری سانس تک اپنے ارضِ پاک کا دفاع کریں گے، اس کی حفاظت کریں گے۔ہم دشمنانِ وطن کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم ہمشیہ مذہبی، لسانی، علاقائی، سماجی اختلافات سے دور رہیں گے، ہم ایک قوم بن کر رہیں گے، ہم ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو اور اس آزاد مملکت کو بنانے کے مقصد کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، ہم ہمیشہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلامی تعلیمات کو فروغ دیں گے۔ہم قائد اعظم محمد علی جناح صاحب کے فرمودات اور وژن کو سمجھ کر اس پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کریں گے۔۔۔

اللہ تعالیٰ ہمارے ارض پاک کو ہر بری نظر سے پاک رکھے، اللہ تعالیٰ دشمنانِ وطن کو صفحہ ہستی سے مٹا دے، اللہ پاک اس وطن کے محافظوں کا نگہبان ہو آمین ثم آمین

پاکستان زندہ باد
 

Shafaq kazmi
About the Author: Shafaq kazmi Read More Articles by Shafaq kazmi: 108 Articles with 135097 views Follow me on Instagram
Shafaqkazmiofficial1
Fb page
Shafaq kazmi-The writer
Email I'd
[email protected]
.. View More