جاب انٹرویو میں کامیابی کیلئے لباس کی اہمیت

جاب انٹرویو میں کامیابی کیلئے نوجوان جتنا اہتمام اپنی سی وی پر کرتے ہیں، اس میں وہ اکثر اپنے لباس پر توجہ دینا بھول جاتے ہیں۔ نیویارک بیسڈ امیج کنسلٹنٹ جناب حامد سعید اس بلاگ میں نوجوانوں کو ایسی اہم اور موثر ٹیپس بتارہے ہیں جن پر عمل کرکے وہ جاب انٹرویو کے دوران اپنے لباس کو پُرکشش بناسکتے ہیں۔ یوں، ان کی شخصیت پہلی نظر میں بہتر دکھائ دے گی اور ان کے انٹرویو میں کامیابی کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

عام طور پر ہمارے نوجوان جب جاب کی تلاش میں انٹرویو دینے جاتے ہیں تو اُن کے ذہن میں صرف یہ ہوتا ہے کہ ان کی سی وی دل کش ہو اور وہ دیے گئے وقت سے پہلے پہنچ جائیں۔

یقیناً، یہ دونوں باتیں انٹرویو میں کامیابی کیلئے بہت اہم ہیں۔ لیکن ان دونوں عوامل سے پہلے ایک اور اہم بات جس پر اکثر نوجوان توجہ نہیں دیتے، ان کے انٹرویو میں کامیابی کیلئے بہت اہم ہے۔۔۔ اور وہ ہے، اُن کا لباس۔

آپ کے جاب انٹرویو میں کامیابی کا آپ کے لباس پر بہت زیادہ انحصار ہوتا ہے۔ کیوں کہ آپ کا لباس آپ کے بارے میں سب سے پہلے بتاتا ہے کہ آپ کیا ہیں اور کون ہیں۔ دراصل، آپ کا لباس آپ کے شخصیت کا عکاس ہوتا ہے۔ آدمی جس قسم کی شخصیت رکھتا ہے، ویسا ہی لباس پہنتا ہے۔ شخصیت اندر کی شے ہے لیکن لباس باہر دکھائ دیتا ہے۔ یہ ایک طویل موضوع ہے جس پر میرا ارادہ بہت کچھ لکھنے کا ہے، فی الحال میں اس تحریر کے ذریعے اپنے نوجوانوں کو صرف یہ بتانا چاہتا ہوں کہ وہ جیسے جاب انٹرویو میں کامیابی کیلئے اپنی سی وی بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پُراعتماد نظر آنے کیلئے فکرمند ہوتے ہیں، ایسے ہی انھیں اپنے لباس کے بارے میں بھی محتاط رہنا چاہیے۔

آپ کے بارے میں انٹرویو لینے والے افسران کو جو شے سب سے پہلے بتاتی ہے، وہ آپ کا لباس ہے۔ سی وی پر توجہ تو اس وقت جاتی ہے کہ جب افسران کے سامنے آپ کرسی پر بیٹھ چکے ہوتے ہیں۔ ایسے ہی بعض نوجوان خود کو بہت زیادہ پُراعتماد ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ باڈی لینگوئج بھی اس وقت سامنے آتی ہے کہ جب گفتگو کی جاتی ہے۔ لیکن سی وی ہو یا آپ کی گفتگو۔۔۔ ان دونوں سے پہلے آپ جس وقت کمرے میں داخل ہوتے ہیں، کیا شے انٹرویو لینے والے افسران کو آپ کے بارے میں غلط یا اچھا تاثر دیتی ہے؟ کیا آپ نے کبھی اس سوال پر غور کیا؟

آپ کا لباس۔ جی ہاں، آپ کا لباس ہی وہ شے ہے جس پر انٹرویو شروع ہونے سے خاصی دیر پہلے سے آپ کے بارے میں بہت سی رائے قائم کرلی جاتی ہیں اور پھر انٹرویو بھی اسی رائے کی بنیاد پر آگے بڑھتا ہے۔ اس لیے، انٹرویو میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ آپ انٹرویو کیلئے گزشتہ رات کو اپنے درست اور مناسب لباس کا انتخاب ضرور کریں۔

اس بارے میں آپ کو میں چند ایسے بنیادی نکات بتادیتا ہوں جن پر عمل کرنے سے آپ انٹرویو میں کامیابی کیلئے درست لباس کا انتخاب کرنے میں بہت مدد ملے گی۔
۱۔ سب سے پہلی بات تو یہ ذہن میں رکھیے کہ آپ کا لباس آپ کے بارے میں پہلے سات سیکنڈ کے اندر بہت کچھ بتادیتا ہے۔ یہ تاثر منفی بھی ہوسکتا ہے اور مثبت بھی۔ اور یہ آپ کے اختیار میں ہے کہ آپ دوسروں کے سامنے اپنا کیسا تاثر پیش کرتے ہیں۔۔۔ منفی یا مثبت۔۔۔ غلط یا درست؟
۲۔ آپ کا لباس اگرچہ آپ کا ذاتی معاملہ ہے لیکن اس سے انٹرویو لینے والا آپ کے پروفیشنل مینجمنٹ کے بارے میں بھی اندازہ لگاتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کا لباس دل کش اور متوازن ہے تو اس سے پتا چلتا ہے کہ آپ کے اندر احساسِ ذمہ داری ہے اور آپ کو جاب دی جائے گی تو آپ اپنا کام اچھی طرح انجام دیں گے۔ ایسے ہی جن لوگوں کا لباس بے ڈھب اور بے تکا ہوتا ہے، ان کے مارکس کتنے ہی اچھے ہوں، انھیں دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ یہ آدمی اپنی زندگی میں بے پروا اور بے تکا ہے۔ لہٰذا، اس بات کا خدشہ بھی ہوتا ہے کہ وہ جو کام بھی کرے گا، اس میں احساسِ ذمے داری کا فقدان ہوگا۔ وہ اپنے اوپر سے کام کا بوجھ اتارنے کی کوشش کرے گا، کام کو اچھے اور موثر انداز میں مکمل نہیں کرے گا۔ یہ خدشات اس کا لباس دیکھنے والے کے ذہن میں پیدا کرتے ہیں، کیوں کہ بے ڈھب لباس یہی ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنا لباس اچھے اور موثر انداز میں پہننے کے قابل نہیں تو باقی کام کیا خاک کرے گا۔
۳۔ تیسری بات یہ ہے کہ انٹرویو دینے کیلئے جانے سے پہلے یہ دیکھ لیں کہ آپ جس کمپنی میں انٹرویو دینے جارہے ہیں، اس کا مزاج کیا ہے۔ آپ اس ادارے کے مزاج کی مناسبت سے لباس پہنیں گے۔ بعض اداروں میں تھری پیش یعنی ٹائ پینٹ کوٹ پہنا جاتا ہے جیسے پرائیویٹ بینک۔ بعض اداروں میں شلوار قمیص کا رواج ہوتا ہے۔ ان میں اکثر پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں، خواہ ان کا بزنس عالمی سطح پر پھیلا ہوا ہو، لیکن ان کے ہاس افسران تک ترجیحاً شلوار قمیص اور صدری (واسکوٹ) میں دکھائ دیں گے۔ ایسے ہی ہر ادارے کا ایک ڈریس کلچر ہوتا ہے۔
*شلوار قمیص کے ساتھ صدری (واسکوٹ) کا استعمال انتہائ ضروری ہے۔
* شلوار قمیص کا رنگ سرمئی ( ڈارک گرے) ہو جبکہ صدری ہلکی سرمئی ہو۔
*شلوار قمیص کا رنگ اگر سفید ہے تو اس پر صدری تیز سیاہ رنگ ہی کی جچے گی۔
* جوتے سیاہ ہوں۔ بعض نوجوان پشاوری سینڈل یا جوتی پہن لیتے ہیں۔ پروفیشنل دنیا میں یہ بہت بڑا بھنڈ ہے۔
* سر اور داڑھی کے بال اچھی طرح کڑھے ہوئے اور صاف ستھرے ہوں۔
* اگر آپ ٹوپی بھی پہنتے ہیں تو اس کے ڈیزائن اور رنگ کا انتخاب اپنی شخصیت اور پروفیشن کے مطابق کرنا بہت ضروری ہے۔ کیوں کہ آپ کی ٹوپی چونکہ آپ کے سر پر ہوتی ہے لہٰذا آپ کا تمام لباس اور پوری شخصیت اس سے اچھی یا بری بنتی ہے۔
۴۔ اگر آپ کارپوریٹ انٹرویو کیلئے جارہے ہیں تو وہاں آپ لباس کا انتخاب کرتے ہوئے درج ذیل چیزوں کا خیال رکھیں گے:
*ایسا سوٹ پہنیں جس کا رنگ نیوی بلیک یا ڈارک گرے ہو۔
* آپ کی قمیص (شرٹ) کی آستین پوری ہو، یعنی آدھی آستین والی شرٹ کبھی مت پہنئے۔
* ہمیشہ ڈریس پینٹ ہی پہنیں۔
* پینٹ پر چمڑے کی بیلٹ (لیدر بیلٹ) لگائیے جو سادہ ہو۔ اس پر کسی قسم کا ڈیزائن یا لوگو وغیرہ نان پروفیشنل اور غیر سنجیدہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
* ٹائ کااستعمال کیجیے، خاص کر پاور ٹائ (جس کا تذکرہ کسی اور جگہ کروں گا) کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیجیے۔
* ’’کنزرویٹو شوز‘‘ ہی پہنئے۔ ان کا رنگ تیز سیاہ ہو۔
*جوتوں کے نیچے آپ تیز سیاہ رنگ کے موزے ہی پہنیں گے۔ بعض لوگ سفید جوتے پہنتے ہیں۔ یاد رکھیے، یہ بہت بڑی غلطی ہے۔ سفید جوتے اسکول شوز کے ساتھ استعمال کیے جاتے ہیں، پروفیشنلز کیلئے نہیں ہیں۔
* آپ کی کلائ پر گھڑی ہو۔ گھڑی کا مہنگا ضروری نہیں، سادہ ہونا ضروری ہے۔
* شیو کرتے ہیں تو بالکل درست ہو۔ داڑھی ہے تو وہ برابر اور کاڑھی ہوئ ہو۔
* آپ کے ناخن بھی کٹے ہوئے ہوں اور صاف ستھرے ہوں۔
* آپ کے پاس اپنا پورٹ فولیو یا بریف کیس ہو۔ بعض نوجوان شاپر یا کاغذ کے بیگ میں اپنی دستاویزات رکھے پھرتے ہیں۔ اس سے شخصیت پر پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔

اگلے جاب انٹرویو میں جانے سے پہلے اپنے لباس پر خاص توجہ کیجیے اور اس حوالے سے دیے گئے نکات کا خاص خیال رکھیے۔ اس حوالے سے مزید باتیں آپ سے اگلی کسی ویڈیو میں کریں گے۔

 

Irfan Ahmed
About the Author: Irfan Ahmed Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.