لاہور ہائیکورٹ بار میں انڈیپنڈنٹ گروپ کی تین سالہ حکمرانی کا خاتمہ

اِس دفعہ لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن میں گذشتہ تین سالوں سے لگا تار کامیاب ہونے والا انڈیپنڈنٹ گروپ اپنے روایتی حریف پروفیشنل گروپ سے ہار گیا اوراِس کامیابی کا سہرا 27فروری کو ہونیوالے الیکشن 2021-22میں منتخب ہونیوالے صدر محمد مقصود بٹر کے سر رہاہے ۔ انڈیپنڈنٹ گروپ نے پچھلے تین الیکشنز میں اپنے امیدواران انوار الحق پنوں(موجودہ مسٹر جسٹس لاہور ہائیکورٹ) 2018-19، حفیظ الرحمن چوہدری2019-20 اورطاہر نصر اﷲ ورائچ 2020-21کی بدولت کامیابی حاصل کی مگر محمد مقصود بٹر وہ واحد امیدوار تھے جن کو پروفیشنل گروپ نے دوسری بار میدان میں اتارا جبکہ اِن سے قبل دوامیدواروں محمد شاہد بٹر اور خادم حسین قیصر کو گروپ نے دوبارہ نہیں آزمایا۔

بائیو میٹرک ووٹنگ سسٹم کے تحت ہونے والے الیکشن میں کل 9583 ووٹرز نے اپنا حق ِ رائے دہی استعمال کیا۔ صدارتی نشست پر ون ٹوون مقابلہ تھاجس میں پروفیشنل گروپ کے امیدوار محمد مقصود بٹر نے 5639ووٹ اور انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار سردار اکبر علی ڈوگر نے 3888ووٹ حاصل کیے اِس طرح پروفیشنل گروپ کے محمد مقصود بٹر نے 1751ووٹوں کی لیڈ سے میدان مارا اور صدر منتخب ہوئے۔

نائب صدرکی نشست پرکل تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھاجس پر مدثرعباس مگھیانہ نے4261ووٹ ، سہیل شفیق چوہدری نے 4189 ووٹ اورچوہدری محمد اشرف جلال نے 1020ووٹ حاصل کیے۔اِس طرح دوسرا الیکشن لڑنے والے مدثرعباس مگھیانہ نے اپنے مدمقابل سابقہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اورانڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار سہیل شفیق چوہدری سے صرف 72ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی۔

سیکرٹری کے عہدے پربھی ون ٹو ون مقابلہ تھا جہاں خواجہ محسن عباس نے 5555 ووٹ جبکہ اختر پڈانے3935ووٹ حاصل کیے اِس طرح پہلی مرتبہ الیکشن لڑنے والے انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوارخواجہ محسن عباس اپنے مدمقابل اور دوسری بار الیکشن لڑنے والے آزاد امیدواراختر پڈاسے کل 1620 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کرکے سیکرٹری منتخب ہوئے ۔یاد رہے کہ اختر پڈا پچھلے سال انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوارتھے۔

لاہورہائیکورٹ بار کی چوتھی اور آخری نشست یعنی فنانس سیکرٹری پراِس دفعہ صرف تین امیدواروں میں مقابلہ تھا جس میں فیصل توقیر سیال نے رانا وسیم یوسف خاں کے 4051 اورخاتون امیدوار فلک ناز گل کے1309 ووٹوں کے مقابلہ میں4160 ووٹ لے کرفنانس سیکرٹری کی نشست پر کامیابی حاصل کی ۔اِس طرح پہلے دوامیدواروں کے درمیان109 ووٹوں کا فرق رہا۔اِس نشست پر کامیاب ہونے والے فیصل توقیر سیال اور اِن کے مد مقابل رانا وسیم یوسف خاں کایہ دوسرا دوسرا الیکشن تھا جبکہ اِس مقابلہ کی خاص بات یہ تھی کہ کامیابی حاصل کرنے والے فیصل توقیر سیال پچھلے الیکشن میں تیسرے نمبر پر اور رانا وسیم یوسف خاں دوسرے نمبر پرہی تھے جبکہ تیسری خاتون امیدوار فلک ناز گل کا یہ پہلا الیکشن تھا۔

آخر میں موجودہ حالات کے پیش نظر اُمید کرتا ہوں کہ نومنتخب کابینہ لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن 2021-22صرف سیا ست نہیں کرے گی بلکہ اپنی وکلاء برادری کی حقیقی نمائندہ ہونے کا ثبوت بھی دے گی کیونکہ نومنتخب کابینہ کے سربراہ یعنی صدر محمد مقصود بٹر منجھے ہوئے وکیل اور وکلاء سیاست میں اہمیت کے حامل لیڈر ہیں۔ میں اپنی طرف سے تمام نومنتخب عہدیداران کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اﷲ پاک سے دُعا کرتا ہوں کہ وہ نومنتخب کابینہ لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن اور ہم سب کیلئے آسانیاں فرمائے ۔آمین
 

Shahzad Imran Rana
About the Author: Shahzad Imran Rana Read More Articles by Shahzad Imran Rana: 68 Articles with 44780 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.