درمیان والے مڈل کلاسیئے لوگ

درمیان والے مڈل کلاسیئے لوگ یہ نہ زکوٰۃ مانگتا ہے، نہ فطرانہ، نہ خیرات۔ یہ صرف کڑھتا ہے، سسکتا ہے اور مرتا ہے۔
پاکستان میں دو قسم کے لوگ بڑے اطمینان سے ہیں۔۔غریب اور امیر……
یہ جو درمیان والے مڈل کلاسیئے ہیں،صحیح بیڑا ان کا غرق ہوتاہے، یہ رکھ رکھاؤ سے لگ بھگ امیر لگتے ہیں لیکن حالت یہ ہوتی ہے کہ گھر میں آئے روز اس وجہ سے لڑائیاں ہوتی ہیں کہ گھی اتنی جلدی کیسے ختم ہو گیا۔
ہمارے ہاں قابل رحم اور قابل نفرت بھی دو ہی طبقات ہیں۔۔امیر اور غریب
امیر قابل نفرت ہے کیونکہ اس کے پاس پیسہ ہے اور غریب قابل رحم ہے کیونکہ اس کے پاس پیسہ نہیں۔
پاکستان کا بجٹ بھی انہی دو طبقات کو مدنظر رکھ کر بنایا جاتا ہے، گورنمنٹ بھی انہی دو طبقات پر نظر رکھتی ہے۔
درمیان میں جو سینڈوچ بنتا ہے وہ بیچارا مڈل کلاس ہے۔امیر لوگ اسے غریب سمجھتے ہیں اور غریب لوگ امیر۔
یہ مڈل کلاسیا کون ہوتاہے؟
اس کے پاس بظاہر امیروں والی ہر چیز ہوتی ہے لیکن سیکنڈ ہینڈ۔
اس کے پاس نسبتاً بہتر گھر ہوتا ہے لیکن کرائے کا۔
گاڑی ہوتی ہے لیکن بیس سال پرانی۔
گھر میں اے سی ہوتا ہے لیکن عموماً چلتا ائیر کولر ہی ہے۔
کپڑے صاف ہوتے ہیں لیکن چلتے کئی کئی سال ہیں۔
اس کے پاس اچھا موبائل بھی ہوتا ہے لیکن استعمال شدہ۔
اس کے گھر میں ہر ہفتے پتلے شوربے والی مُرغی بنتی ہے۔
یہ اپنے بچوں کو پارک میں سیرو تفریح کے لیے لے کر جائے تو عموماً گھر سے اچھی طرح کھانا کھا کر نکلتا ہے۔
اس کے پاس اے ٹی ایم کارڈ تو ہوتا ہے لیکن کبھی پانچ سو ہزار سے زیادہ نکلوانے کی نہ ضرورت پڑتی ہے نہ ہمت۔
یہ دن رات کوئی ایسا بزنس کرنے کے ہوائی منصوبے بناتا ہے جس میں کوئی خرچہ نہ کرنا پڑے۔
یہ جب بھی اپنے بیوی بچوں کو لے کر کسی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ جاتا ہے چھ افراد کی ساری فیملی کے لیے تین کھانوں کا آرڈر دیتا ہے۔
رشتے دار اسے امیر سمجھ کر اکثر اس سے ادھار مانگنے آجاتے ہیں یا کم از کم تحائف کی توقع ضرور رکھتے ہیں۔
یہ اپنی اوقات سے صرف 20 فیصد اونچی زندگی گزارنے کی کوشش میں پستا رہتا ہے۔
اصل میں یہ غریبوں سے بھی بدتر زندگی گزار رہا ہوتا ہے۔
اس کی ساری زندگی کمیٹیاں ڈالنے اور بھگتانے میں گزر جاتی ہے۔
پاکستان میں امیروں اور غریبوں سے کہیں زیادہ تعداد مڈل کلاسیوں کی ہے لیکن یہ کسی کھاتے میں شمار نہیں ہوتے۔ ہمارے ہاں ہر وہ بندہ مزے میں ہے جس کے پاس بہت سارا پیسہ ہے یا بالکل نہیں ہے۔
جس کے پاس پیسہ ہے وہ اے سی میں سو جاتا ہے۔
جس کے پاس نہیں وہ کسی فٹ پاتھ پر نیند پوری کر لیتا ہے۔
رگڑا اُس کو لگتا ہے جس کے پاس پیسہ تو ہے لیکن صرف گزارے لائق۔
غریبوں کی اکثریت کو یہ “مڈل کلاسیے” ہی پال رہے ہیں۔کبھی کبھی تو لگتا ہے کہ سب سے زیادہ خوف خدا بھی اِس مڈل کلاس میں ہی پایا جاتا ہے۔
یہی کلاس سب سے زیادہ خیرات کرتی ہے۔ بعض اوقات تو ان کی اپنی زندگی غریب سے بھی بدتر گزر رہی ہوتی ہے لیکن انا کے مارے یہ بیچارے کسی کو بتاتے نہیں۔
آپ نے کبھی لوئر ایلیٹ کلاس یا اپر ایلیٹ کلاس کی ٹرم نہیں سنی ہو گی۔
لوئر غریب یا اپر غریب بھی نہیں ہوتا صرف لوئر مڈل کلاس یا اپر مڈل کلاس کے الفاظ سننے کو ملتے ہیں۔
لوئر اور اپر میں کچھ زیادہ فرق نہیں ہوتا، لوئر والے کے پاس موٹر سائیکل ہوتی ہے اور اپر والے کے پاس پرانے ماڈل کی کار۔نیندیں دونوں کی اڑی رہتی ہیں۔
عیدالاضحی پر قربانی کی استطاعت نہ رکھنے کے باوجود کسی اونٹ یا گائے میں حصہ ڈال لیتے ہیں۔
ان کی ساری زندگی گھر کی فالتو لائٹس آف کرنے میں گزر جاتی ہے۔
یہ موبائل میں سو روپے والا کارڈ بھی پوری احتیاط سے استعمال کرتے ہیں اور گھر والوں کو آگاہ کیا ہوتا ہے کہ ایک مسڈ کال دوں تو اس کا مطلب ہے میں آ رہا ہوں۔ دو مسڈ کال دوں تو مطلب ہے میں ذرا لیٹ ہوں۔
یہ ہر دو گھنٹے بعد شک دور کرنے کے لیے بجلی کے میٹر کی ریڈنگ چیک کرتے رہتے ہیں۔
یہ کبھی بھی اس قابل نہیں ہو پاتے کہ ایک ہی مہینے میں بجلی، گیس اور پانی کے سارے بل اکٹھے ادا کر سکیں لہذا بجلی کا بل ادا کر دیں تو گیس کا بل اگلے مہینے پر ڈال دیتے ہیں۔
ان کی اکثریت چونکہ پڑھی لکھی بھی ہوتی ہے لہذا کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔
ان کے پاس بیٹیوں کی شادی کرنے کے پیسے نہیں ہوتے۔
اس کے باوجود یہ کسی کو دکھ میں دیکھتے ہیں تو خود بھی آبدیدہ ہوجاتے ہیں۔
ان کے گھر کام کرنے والی غریب ماسی چونکہ دیگر مختلف گھروں میں بھی کام کرتی ہے اس لیے رمضان میں ہر گھر سے راشن کے نام پر لگ بھگ پچاس کلو آٹے سمیت چار پانچ ماہ کا راشن اکٹھا کرنے میں کامیاب رہتی ہے۔ لیکن "مڈل کلاسئے" پریشان رہتے ہیں کہ اپنے گھر کے لیے جو پندرہ دن کا راشن لائے تھے، وہ ختم ہونے کے قریب ہے اور تنخواہ ملنے میں ابھی کافی دن باقی ہیں۔
زکوٰۃ غریبوں کو جاتی ہے۔
خیرات کے پیسے بھی کوئی غریب ہی لیتا ہے۔
فطرانہ بھی غریب کا نصیب بنتا ہے۔
لیکن غریب یہ سب لے کر بھی کوئی کام کرنے پر آمادہ نہیں ہوتا کیونکہ اس نے طے کر لیا ہے کہ چونکہ وہ غریب ہے لہذا اس پر کسی قسم کی کوئی محنت فرض نہیں اور باقی سب کو چاہیے کہ وہ اسے مل جل کر پالیں۔
بھکاری وہ واحد طبقہ ہے جو کبھی کسی کو بھیک نہیں دیتا۔
آپ کسی بھکاری کو ذرا کسی کام پر لگانے کی آفر کریں، آگے سے جو سننے کو ملے گا وہ آپ بہتر جانتے ہیں۔
لیکن مڈل کلاسیا کیا کرے؟
یہ نہ زکوٰۃ مانگتا ہے، نہ فطرانہ، نہ خیرات۔ یہ صرف کڑھتا ہے، سسکتا ہے اور مرتا ہے۔


 
Sheikh Mohammad Omer
About the Author: Sheikh Mohammad Omer Read More Articles by Sheikh Mohammad Omer: 2 Articles with 1557 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.