درس قرآن 21

سورۂ حج
حج ایک اہم فریضہ ہے ۔جس میں انسانیت کے حقوق اور یگانگت و رواداری کی عظیم نظیر ملتی ہے ۔کلام مجید میں سورۃ حج کے نام سے ایک سورۃ ہے ۔آئیے ہم اس سورۃ کے متعلق جانتے ہیں کہ اس سورۃ میں ہمارے لیے کیا پیغام ہے ۔
سورۂ حج کے مکی یا مدنی ہونے میں اختلاف ہے۔حضرت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا اور امام مجاہد رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کا ایک قول یہ ہے کہ سورۂ حج مکی ہے البتہ ’’ہٰذٰنِ خَصْمٰنِ‘‘سے لے کر تین آیتیں مدنی ہیں ۔ جمہور کے نزدیک سورۂ حج کی بعض آیتیں مکی ہیں اور بعض مدنی ہیں اور یہ متعین نہیں ہے کہ کون سی آیتیں مکی ہیں اور کون سی آیتیں مدنی ہیں۔(خازن، تفسیر سورۃ الحج، ۳/۲۹۸، قرطبی، تفسیر سورۃ الحج، ۶/۳، الجزء الثانی عشر، ملتقطاً۔)
اس سورت میں 10 رکوع ، 78 آیتیں ،1291 کلمات اور 5075 حروف ہیں۔(…خازن، تفسیر سورۃ الحج، ۳/۲۹۸۔)
اس سورئہ مبارکہ میں حج کے اعلانِ عام اورحج کے اَحکام کا ذکر ہے، اسی مناسبت کی وجہ سے اس سورت کو ’’سورۃ الحج‘‘ کے نام سے مَوسوم کیا گیا ہے ۔حضر ت عقبہ بن عامر رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں ،میں نے عرض کی :یا رسولَ اللّٰہ ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، کیا سورۂ حج کو اس طرح بزرگی دی گئی ہے کہ ا س میں دو سجدے ہیں۔ ارشاد فرمایا ’’ہاں! اور جو شخص یہ دو سجدے نہ کرے وہ ان دونوں کو نہ پڑھے۔(ترمذی، کتاب السفر، باب ما جاء فی السجدۃ فی الحج، ۲/۹۵، الحدیث: ۵۷۸۔)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـاے میرے رب ہم آپ علم کے دروازے کشادہ فرما۔ہمیں اپنے حکمت بھرے کلام کا فہم و فراست عطافرما۔ہمارے دنیا کی محبت میں پراگندہ دلوں کو اُجلا فرمادے ۔
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں حج کی فرضیت،حج کے مَناسِک،جہاد کی مشروعِیَّت دینِ اسلام کے بنیادی عقائد کو دلائل کے ساتھ بیان کیاگیا ہے اور ا س سورت میں مزید یہ چیزیں بیان کی گئی ہیں:
(1) …اس سورت کی ابتداء میں لوگوں کو اللّٰہ تعالیٰ سے ڈرنے کا حکم دیا گیا اور قیامت کے ہَولناک مَناظر بیان کئے گئے۔
(2) …مخلوق کی موت کے بعد اسے دوبارہ زندہ کرنے پر اللّٰہ تعالیٰ کی قدرت کی دلیل بیان کی گئی کہ جو رب تعالیٰ مردہ نطفے سے زندہ انسان اور بنجر زمین کو پانی برسا کر سرسبز کرنے پر قادر ہے تو وہ مخلوق کو دوبارہ زندہ کرنے پر بھی قادر ہے۔
(3) …دینِ اسلام کے بارے میں شک اور تَرَدُّد میں رہنے والوں کا حال بیان کیاگیا۔
(4) …پانچ قسم کے کفار کو ہونے والا عذاب اور مسلمانوں کو ملنے والی جزاء بیان کی گئی ۔
(5) …حج کے اعلانِ عام کا ذکر کیا گیا اور حج اور حرم سے متعلق چند اَحکام بیان کئے گئے۔
(6) …کفار کے ساتھ جنگ کرنے کی اجازت دی گئی۔
(7) …کفارِ مکہ کو پچھلی امتوں کے اَحوال سے ڈرایاگیا کہ جب انہوں نے ا یمان کی دعوت قبول نہ کی وہ عذاب میں گرفتار ہوگئے۔
(8) …نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَاور مسلمانوں کو اس بات پر تسلی دی گئی کہ وہ شیطان کی گمراہ کن باتوں سے
نہ گھبرائیں کیونکہ وہ ہر نبی اور رسول کی دینی سرگرمیوں میں رخنہ اندازی کرتا رہا ہے اور اللّٰہ تعالیٰ شیطان کی ہر سازش ناکام بنا دیتا ہے۔
(9) …مکہ مکرمہ سے ہجرت کے دوران شہید کر دئیے جانے والوں اور انتقال کر جانے والوں کی جزاء بیان کی گئی ۔
(10) …قرآن پاک کی عظمت و شان بیان کی گئی اور یہ بتایاگیا کہ کفار و مشرکین قرآن مجید کو پسند نہیں کرتے اور وہ اَنبیاء و مُرسَلین عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے بغض رکھتے ہیں ۔
(11) …یہ بتایاگیا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے چند فرشتوں کو دیگر فرشتوں پر اور چند انسانوں کو دیگر انسانوں پر فضیلت دی ہے۔
سورۃ حج اور اس میں موجود اہم معلومات کو ہم نے جاننے کی سعادت حاصل کی ۔اللہ عزوجل سے دعا ہے ۔یا رب تو ہم سے راضی ہوجائے ۔ہم دنیا و آخرت دونوں ہی کی بھلائیاں عطافرما۔ہم تیرے کمزور بندے ہیں تو ہمیں طاقت و قدرت عطافرما۔آمین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ:پیارے قارئین :آپ ہمیشہ سلامت رہیں ۔اس کاروان علم کے میرکارواں آپ ہیں ۔اس سفر میں دامے درمے سخنے ہمارے دست راست بنیں ۔آپ کو طب ،نفسیات ،دینی و پروفیشنل لائف میں کوئی پریشانی لائق ہے تو آپ بلاجھجک ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں ،ہمار ا مشن ہے کہ انسانوں کو نفع دو۔حق کا پیغام عام کرو۔امن و سکوں کو رواج دو۔

DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 380 Articles with 544732 views i am scholar.serve the humainbeing... View More