زکوٰۃ کے مصارف کون سے ہیں؟

زکوٰۃ ایک اہم اسلامی عبادت اور شرعی فریضہ ہے، شریعت نے اس کے مصارف اور مداتِ خرچ خود نب متعین کردیئے ہیں،چناں چہ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ترجمہ:زکوٰۃ ، فقراء ،مساکین ،عاملین (زکوٰۃ کی جمع و تقسیم پر مقرر کارکنان) مؤلفتہ القلوب ،غلام ، مقروض ، اﷲ کے راستے میں (جہاد کرنے والے )اور مسافروں کے لیے ہے۔ان میں سے ہر مصرف کی ذیل میں مختصر وضاحت کی جاتی ہے:
(1)فقراء(2) مساکین:مصارفِ زکوٰۃ میں سب سے پہلے قرآن کریم میں اﷲ تعالیٰ نے فقراء و مساکین کا ذکر کیا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ زکوٰۃ کے مصارف میں یہ لوگ اولین توجہ کے حق دار ہیں،بلکہ زکوٰۃ کا اصل مقصود ہی فقراء کی محتاجی کو دُور کرنا اور ضرورت مندوں کی ضروریات کے پورا ہونے کی سبیل پیدا کرنا ہے۔
اہل علم نے ’’فقیر و مسکین ‘‘ میں فرق کیا ہے۔ علماء کہتے ہیں :فقیر وہ ہے جس کے پاس سامان کفایت کا کچھ حصہ ہو اور اس کے برعکس مسکین وہ ہے جس کے پاس کچھ بھی نہ ہو۔
(3)عاملینِ زکوٰۃ:قرآن مجید نے زکوٰۃ کا تیسرا مصرف ’’ عاملین ‘‘ کو قرار دیا ہے ، عاملین سے مراد وہ لوگ ہے جن کو حکومت نے زکوٰۃ و عشر کی وصولی کے لیے مقرر کیا ہو۔جس طرح عاملین زکوٰۃ و عشر فقراء کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے آپ کو مشغول رکھتے ہیں، اسی طرح زکوٰۃ و عشر کے حساب و کتاب اس کی تقسیم وغیرہ کے لیے اور بھی عملہ مطلوب ہوسکتا ہے،ان میں سے جن جن لوگوں کاتقرر فرض کفایہ ہے، جیسے : کوشش کرنے والا،جمع کرنے والا ، لکھنے والا ، تقسیم کرنے والااوراسی طرح زکوٰۃ کی جمع و تقسیم کے تمام ارکان، ان کے انجام دینے والوں کے لیے اس کی اجرت لینا جائز ہے۔(تفسیر قرطبی جلد: ۸،صفحہ:۱۷۸)
4۔مؤلفۃ القلوب:قرآن مجید نے زکوٰۃ کا چوتھا مصرف ’’ مؤلفۃ القلوب‘‘ کو قرار دیا ہے ، ’’ مؤلفۃ القلوب‘‘ سے وہ لوگ مراد ہیں جن کو اسلام سے مانوس کرنا مقصود ہو۔ اس مد کی رقم رسول اﷲ ﷺ کے زمانے میں تین طرح کے لوگوں کو دی جاتی تھی:
(۱)ایک وہ کفار جن کے بارے میں اُمید ہوتی تھی کہ وہ اس طرح کی امداد و اعانت سے اسلام قبول کرلیں گے۔
(۲) دوسرے وہ کفار کے سردار، جن کو کچھ دے کر ان کے شر سے بچنا مقصود ہوتا تھا۔
(۳) تیسرے وہ نو مسلم، جن کا ایمان ابھی کمزور ہوتا اور اس امداد اعانت کی وجہ سے ان کو ثابت قدم رکھا جاتاتھا۔
یہ تمام صورتیں اب زکوٰہ کے مصرف کے طور پر باقی نہیں رہیں۔
5۔غلام کی آزادی:قرآن مجید میں زکوٰۃ کا ایک مصرف’’ غلاموں کو آزادی دلانا ‘‘بھی ہے ،لیکن اب نہ غلام ہیں اور نہ ان کی آزادی کا مسئلہ ، البتہ جو مسلمان قیدی جیلوں میں ہیں اور مختلف مقدمات میں پھنسے ہوئے ہیں،ان کی رہائی کے لیے زکوٰۃ کی رقم خرچ کی جاسکتی ہے۔
6۔غارمین:زکوٰہ کا چھٹا مصرف ’’غازمین‘‘ ہیں۔ ’’غارم‘‘ کا لفظ ’’مقروض‘‘ اور ’’قرض دہندہ‘‘ دونوں ہی معنوں میں آتا ہے۔
(۱)قرض دہندہ کے معنی ہوں تو مراد یہ ہوگی کہ ایسا شخص جس کے دوسروں کے ذمہ قرضہ جات ہوں لیکن وہ ان کو وصول کرنے پر قادر نہ ہو اور نصاب زکوٰۃ بھی اس کے قبضہ میں بھی نہ ہو ، ایسا شخص زکوٰۃ لے سکتا ہے۔(فتح القدیر جلد:۲،صفحہ:۲۰۴)
(۲)اور اگر مقروض مراد ہوں، تو مقصود یہ ہے کہ ایک شخص اگرچہ بذاتِ خود صاحب نصاب ہو، لیکن اس پر لوگوں کے قرض اتنے ہوں کہ ان کو ادا کرے تو صاحبِ نصاب باقی نہ رہے ،تو ایسے شخص کو زکوٰۃ دی جاسکتی ہے۔(احکام القرآن جلد:۴،صفحہ:۳۲۷)
نوٹ: وہ مالی ذمے داریاں ، جو حقوق اﷲ میں سے ہیں، جیسے کفارات وغیرہ ،اسی طرح مرنے والے کے ذمہ واجب الاداء قرضوں کی ادائیگی کے لیے زکوٰۃ کی رقم استعمال نہیں کی جاسکتی۔
7۔فی سبیل اﷲ:قرآن مجید نے زکوٰۃ کے ساتویں مصرف کی حیثیت سے ’’فی سبیل اﷲ ‘‘ کا ذکر کیا ہے۔اس سے جہاد میں حصہ لینے والے مجاہدین مراد ہیں۔صرف وہ مجاہدین زکوٰۃ کے حق دارہوں گے جو ’’فقراء ‘‘ ہوں ، اگر وہ صاحبِ ثروت ہوں تو ان کو زکوٰۃ نہیں دی جاسکتی۔فتا
نوٹ:عام رفاہی کاموں جیسے : مساجد ، پلوں ، مسافر خانوں اور سڑکوں وغیرہ کی تعمیر ، میت کی تجہیز و تکفین ، مہمان نوازی وغیرہ میں زکوٰۃ کا مال خرچ نہیں کیا جاسکتا۔
8۔ابن السبیل(مسافرین):زکوٰۃ کا ایک مصرف ابن السبیل یعنی ’’مسافر ‘‘ بھی ہیں ،اگر مال دار مسافر بھی حالتِ سفر میں محتاج ہوجائے، تو زکوٰۃ لے سکتا ہے۔(اتحاف علی الاحیاء جلد:۴،صفحہ:۲۵۰)البتہ ایسے شخص کو ضرورت کے بہ قدر ہی لینا چاہیے۔(البحر الرائق جلد:۲،صفحہ:۲۴۲) سفر پورا ہونے کے بعد زکوٰۃ کی کچھ رقم بچ جائے، تو باقی ماندہ رقم کو صدقہ کرنا ضروری نہیں۔(ردالمحتار ۲؍۶۲)
مسئلہ:مستحق زکوٰۃ کے لیے ضروری ہے کہ جس وقت اس کو زکوٰۃ دی جائے ، اس وقت وہ محتاج و ضرورت مند ہو ، مثلاً:کسی شخص نے پیشگی کسی محتاج کو زکوٰۃ کی رقم دے دی اور جب سال پورا ہوا اور زکوٰۃ کی ادائیگی کا وقت آیا،اس وقت وہ محتاج غنی ہوچکا تھا،تب بھی زکوٰۃ ادا ہوگئی۔(تتار خانیہ جلد:۲،صفحہ:۲۶۰)
مسئلہ: نابالغ بچے باپ کے تحت ہیں ، اگر باپ کے لیے زکوٰۃ جائز نہ ہو، تو ان بچوں کے لیے بھی جائز نہیں ، اگر باپ فقیر و محتاج ہو اور زکوٰۃ کا حق دار ہو تو نابالغ بچوں کے لیے بھی زکوٰۃ جائز ہوگی ، اگرچہ ان کی ماں غنی ہی کیوں نہ ہو۔
مسئلہ:بالغ لرکوں کے فقیر و مال دار ہونے میں خود ان کا اعتبار ہے،اگر مال دار باپ کے بالغ لڑکے خود محتاج ہوں، تو زکوٰۃ لے سکتے ہیں۔
علوم دینیہ کے طلباء علمی استفادہ و افادہ کے لیے خود کو فارغ کرلیں اور ان کا کوئی ذریعہ ٔ معاش نہ ہو، تو زکوٰہ لے سکتے ہیں۔( درمختار علی علی الردجلد: ۲،صفحہ:۵۹)
مسئلہ:کسی کو حقدار سمجھ کر زکوٰۃ دے دی بعد کو معلوم ہوا کہ وہ فقیر ہی نہیں ہے تو بھی زکوٰۃ ادا ہوگئی۔
کچھ لوگ ہیں جن کو شریعت نے اس باب میں زیادہ حق دار سمجھا ہے ، اس سلسلے میں بنیادی اُصول یہ ہے کہ: جو زیادہ ضرورت مند ہو ، وہ زکوٰۃ کا زیادہ استقاق رکھتا ہے۔
……قریبی رشتے داروں کو زکوٰۃ دینا زیادہ بہتر ہے اور اس میں ثواب بھی زیادہ ہے، جیسے :بھائی بہن ،چچا، پھوپھی ، خالہ ، ماموں وغیرہ ، رشتے داروں کو زکوٰۃ دی جائے ،تو ان کو زکوٰۃ دینے میں دوہرا ثواب ہے، زکوٰۃ بھی ادا ہوگی اور صلہ رحمی کا حق بھی ادا ہوگا،اگرچہ وہ دوسرے شہر میں رہتے ہوں۔(درمختارجلد ۲،صفحہ:۶۸)
…… زکوٰۃ دینے میں اہلِ شہر کو مقدم رکھا جائے ، ہاں اگر دوسری جگہزیادہ محتاج لوگ ہوں، یا کوئی زیادہ اہم مصرف ہو یا اقرباء ہوں، تو دوسرے شہر میں زکوٰۃ بھیجنے میں قباحت نہیں بلکہ ذیادہ بہتر ہے۔(تتار خانیہ جلد: ۲،صفحہ:۲۸۲)
…… محتاج علماء ، علوم دینیہ کے طلباء ، صوفیہ و زہاد اور دینی کام کرنے والوں کی زکوٰۃ سے مدد کرنا ذیادہ ثواب کا باعث ہے۔
مختلف روایتوں میں آپﷺ نے اہل بیت کے لیے صدقہ کو حرام قرار دیا ہے(اس سے بنو ہاشم کے پانچوں خاندان یعنی: آلِ علی ؓ ، آلِ عباس ؓ ، آل ِجعفرؓ ، آلِ عقیلؓ اور آلِ حارث بن عبدالمطلبؓ ہیں ۔وہ بنو ہاشم،جنھوں نے نبی کریم صلی اﷲ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی اِعانت نہ کی مثلاابولہب ،جو اگرچہ یہ کافر بھی حضرت عبد المطلب کا بیٹا تھا،لیکن اس کی اولا ددر اولاد بنی ہاشم میں شمارنہیں ہوگی۔ دو روایتوں کے ذکر پر اکتفا کیا جاتا ہے:
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے مروی ہے کہ حضرت حسنؓ نے زکوٰۃ کی کھجوور منہ میں رکھ لی تو آپﷺ نے اگلوادیا اور ارشاد فرمایا کہ ہم لوگوں کیلئے صدقہ کی چیزیں روا نہیں۔(مسلم جلد:۱،صفحہ:۳۴۳)
حضرت عبداﷲ ابن عباسؓ نے عاملِ زکوٰۃ کی حیثیت سے اموالِ زکوٰۃ سے خدمت کا عوض لینا چاہا تو آپﷺ نے دینے سے انکار فرمادیا۔(کنزالعمال جلد: ۴،صفحہ:۳۰۹)سادات توایک طرف آپﷺ نے ان کے غلاموں تک کے لیے زکوٰۃ کو روا نہیں رکھا۔(ترمذی جلد: ۱،صفحہ:۸۷ )
بنو ہاشم و سادات میں جن لوگوں پر زکوٰۃ حرام ہے وہ پانچوں خاندان آل علی ؓ ، آل عباس ؓ ، آل جعفرؓ ، آل عقیلؓ اور آل حارث بن عبدالمطلبؓ ہیں۔البتہ اب بنی ہاشم وسادات کو ہر طرح کے صدقات دینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔(طحاوی جلد: ۱،صفحہ:۳۰۱)
مولانامحمد جہان یعقوب
سینئر ریسرچ ا سکالر،جامعہ بنوریہ عالمیہ
 

M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 280664 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More