انوکھا صدقہ

کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے حکومت پاکستان نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ھے - جس سے فائدہ تو ہو رہا ہے مگر ساتھ ساتھ اس دوران روز کے روز کمانے والا دیہاڑی دار طبقہ بھی کافی متاثر ہو رہا ہے اور وہ کاروبار زندگی بند ہونے کی وجہ سے روزگار سے محروم ہونا شروع ہو گیا ہے - اسی دوران کچھ خدا ترس افراد ان غریب لوگوں کی مدد کے لیے میدان میں آ گئے ہیں جو اپنے اپنے انداز سے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں - مثال کے طور پر ہمارے علاقے کے ایک آدمی نے اعلان کیا کہ وہ غریب لوگوں کی مدد کے لئے آٹا تقسیم کرے گا - اعلان سن کر اس آدمی کے گھر کے پاس کافی لوگ جمع ہو گیے - اس آدمی نے کہا کہ وہ زیادہ مدد نہیں کر سکتا صرف ایک ایک کلو آٹا دے سکتا ہے - یہ سن کر لوگوں کا رش کم ہو گیا کیونکہ وہ زیادہ راشن ملنے کی توقع کر رہے تھے اور کم لوگ رہ گئے جو اتنے غریب تھے کہ ایک کلو آٹے کی امداد کو ہی کافی سمجھ رہے تھے- اس آدمی نے ایک ایک کلو آٹے کی تھیلی ان بچے کچے لوگوں میں بانٹنا شروع کی - اور آٹا تقسیم ہونے کے بعد سب لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے - جب ان لوگوں نے گھر جا کر آٹے کی تھیلی کو کھولا تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی کیونکہ ہر تھیلی میں ایک کلو آٹے کے ساتھ ساتھ ١٥ ہزار روپے بھی رکھے ہوئے تھے - اس واقعہ سے پتا چلتا ہے کہ دنیا میں اچھے لوگوں کی کمی نہیں ہے - جو طرح طرح کے عجیب و غریب طریقوں سے الله تعالیٰ کی مخلوق کی مدد کرتے رہتے ہیں. ایک حدیث پاک کے مطابق جس کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ "صدقہ الله تعالیٰ کے غضب کو بچھا دیتا ہے -" اس پیاری حدیث مبارک کی روشنی میں الله تعالیٰ کی بارگاہ میں التجا ہے، درخواست ہے اور گزارش ہے کہ اپنی شان کریمی اور ہمارے حضور پاک صلی الله علیہ و آ له وسلم کے صدقہ میں غریب لوگوں کی مدد کرنے والوں کو دونوں جہانوں میں شاد آباد رکھیں - سارے مسلمانوں کو اپنی رحمت سے غنی فرما دیں - رزق کی فراوانی فرما دیں - ہم مسلمانوں کے معاملات کو آسان فرما دیں - کورونا وائرس جیسی خطرناک آفات سے ساری انسانیت اور امت مسلمہ کو نجات عطا فرما دیں "آمین
 

Iftikhar Ahmed
About the Author: Iftikhar Ahmed Read More Articles by Iftikhar Ahmed: 42 Articles with 90730 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.