بھارت 27فروری کو کبھی نہ بھلا پائے گا

پلوامہ ڈرامہ میں چالیس فوجی مروا کر پاکستان پر الزام دھرنے کی خواہش مودی سرکار کیلئے ڈراؤنا خواب بن گیا ہے، پاکستان میں گھس کر مارنے کی گیدڑ بھبکی دینے والا مودی ستائیس فروری دوہزار انیس میں اپنے دو مگ طیارے تباہ کروا کر پاکستانی چائے کے مزے لینے والے پائلٹ ابھی نندن سے پوچھتا تو ہوگا۔۔۔۔۔۔ کتنے آدمی تھے؟۔ بھارت میں مودی کے انتہا پسندانہ ہندوتوا کے نظرئیے کے پرچار نے خطے کو انگار وادی یں بدل دیا ہے، مودی سرکار کی سرپرست آر ایس ایس تنظیم نے بھارت کے اندر اقلیتوں کا جینا حرام کررکھا ہے تو مودی نے خطے کے امن کو دہکتے انگاروں کے کنارے لا کھڑا کیا ہے۔14 فروری دوہزار انیس کو پلوامہ میں دہشت گردی کا ڈرامہ رچا کر چھبیس فروری کو پاک سر زمین پر حملے میں منہ کی کھانے والی بھارتی افواج آج بھی اپنے زخم چاٹ رہی ہے، پاکستان نے پلوامہ ڈرامہ کے ثبوت مانگے اور پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے گرفتار ماسٹر مائنڈ کلبھوشن جادیو کے خلاف فیکٹ شیٹ جاری کردی، مکار و عیار بھارت ثبوت دینے کی عالمی عدالت جا پہنچا اور ایک بار پھر دانت کھٹے کروا لیے،17 فروری کو پاکستان نے عالمی سفارت کاروں کو پاکستان مخالف انڈین پروپیگنڈہ پر بریفنگ دی، انیس فروری کو وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں بھارت کو کسی بھی جارحیت سے خبردار کرتے ہوئے پلوامہ ڈرامہ کے شواہد فراہم کرنے کامطالبہ کیا اور تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بائیس فروری کو ایل او سی اور چوبیس فروری پاک فضائیہ ہیڈکوارٹر کے دورہ میں دشمن کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کو دہرایا،25 ،26 فروری کی رات بھارتی طیاروں نے بالا کوٹ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا جس میں ایک کوا اور سات درخت شہید ہو گئے تھے،،اس واقعہ پرڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کر کے منہ توڑ جوب دیا اور ساتھ ہی سرپرائز دینے کا بھی بتا دیا۔27 فروری کو پاک فضائیہ نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی مگ طیارے مار گرائے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا،27 فروری کو وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرتے اپنے مودی کو یاد دلایا کہ جنگیں غلط فہمیوں کا نتیجہ ہوتی ہیں ،یہ شروع تو اپنی مرضی سے ہوتی ہیں لیکن ختم اپنی مرضی سے نہیں ہوتیں۔

نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی تاریخ میں 27فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے بھارت کی نام نہاد بالاکوٹ سٹرائیک کے جواب میں اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دیا تھا۔آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا ، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000 بھجوائے گئے ، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے ، بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا ، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا۔بھارت نے اس شکست کو چھپانے کیلئے پاک فضائیہ کا ایف 16طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا ، جو وہ آج بھی ثابت نہیں کرسکا ، جبکہ امریکہ حکام بھی اس دعوے کی نفی کرچکے ہیں۔آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان نے ابھی نندن کے طیارے کے چاروں میزائل اور ایجکٹ سیٹ دنیا کے سامنے پیش کردیئے ہیں ، طیارے کے میزائل آر73 آرچراورآر77ایڈر کے دو میزائل مکمل اوردرست حالت میں جبکہ 2میزائل طیارہ جلنے کے باعث جزوی حالت میں ملے۔میزائل ماہرین بھی ان میزائلز کا تجزیہ کرکے ثابت کرچکے ہیں کہ مگ 21 کے چاروں میزائل میں سے کوئی بھی فائر نہیں ہوسکا ، ماہرین کی اس رپورٹ کی روشنی میں ابھی نندن کا پاکستانی طیارہ گرانے کا دعوی جھوٹ ثابت ہوتا ہے۔پاکستانی عسکری حکام نے سرپرائز ڈے کے حوالے سے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان امن پسند ریاست ہے تاہم جب بھی جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو جواب میں سرپرائز ہی ملے گا۔پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فضائیہ کی دراندازی کو ناکام بنا دیا اور 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایاتھا۔ بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کئے جانے کے بعد اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ اگلے روز ہی وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم امن کیلئے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کر دیں گے۔ یکم مارچ 2019ء کو ابھی نندن کو سخت سکیورٹی میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا

پاک فضائیہ کے بھارت کو منہ توڑ جواب اور طیارے گرانے کے واقعہ کو ایک برس مکمل ہونے پر پنجا ب اسمبلی میں قراردادجمع کروائی گئی ہے،تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ائیر فورس کے جانبازوں نے 27فروری2019 کو انڈین ائیر فورس کو منہ توڑ جواب دیا۔ لائن آف کنٹرول پار کرنے کی خلاف ورزی پر دو بھارتی طیاروں کو تباہ کرتے ہوئے حملے کو مکمل طور پر پسپا کیا۔ پاکستان نے ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو زندہ گرفتارکیا۔قرارداد میں کہا گیا یے کہ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ افواج پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہروقت تیار ہیں، پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت ان کا اولین فرض ہے جسے وہ بخوبی انجام دے رہی ہیں۔صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان 27فروری 2019 کو بھارتی طیاروں کے حملے کو پسپا کرنے کو سراہتا ہے، قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی طیاروں کو تباہ کرنے اور بھارتی پائلٹ کو زندہ گرفتار کرنے کی عظیم کامیابی کی مناسبت سے افواج پاکستان اور بالخصوص پاکستان ائیرفورس کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ "27فروری کا دن پاکستان ائیرفورس کی عظیم کامیابی کے طور پر منایا جائے۔دوسری جانب پاک فضائیہ نے 27 فروری کی مناسبت سے نیا نغمہ جاری کردیا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ27 فروری پاکستان کی تاریخ میں ایک درخشاں باب کی مانند ہے،27 فروری کو پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں دشمن پر کامیاب حملہ کیا اور دشمن کے 2 لڑاکا طیاروں کو تباہ کیا ، اس دن کی مناسبت سے نیا نغمہ’’اﷲ اکبر‘‘ جاری کردیا ہے،اسی روز کی مناسبت سے پاک فضائیہ کی جانب سے 27 فروری کو کراچی سی ویو پر ایئر شو منعقد کیا جائے گا، ایئرشو میں جیایف 17تھنڈر اور ایف 16طیارے شاندار فضائی کرتب دکھائیں گے۔ اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے سی ویو کراچی پر شاندار ایئر شو منعقدکیاجارہاہے، ایئرشو میں جیایف 17تھنڈر اور ایف 16طیارے شاندار فضائی کرتب دکھائیں گے جبکہ پاک فضائیہ کی ایئروبیٹکس ٹیم شیردل بھی لہو گرمانے والے کرتب دکھائے گی۔

ستائیس فروری ہمیں اپنے شاہینوں کی بہادری اور جانبازی یاد دلاتا ہے ، پاکستان کوناقابل تسخیر قوت بنانے کے لئے اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو آگے لے کر بڑھنا ہے۔ پوری قوم اپنے قابل فخر شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ یہ جذبے زندہ قوموں کی علامت اور شان ہوتے ہیں۔ پاک فضائیہ کے بہاد ر شاہینوں نے فروری میں دشمن کی بزدلانہ حرکت کو ناکام بناییا،مودی سرکار کو پاک فضائیہ نے پہلے بھی بھرپور جواب دیا اور ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گی۔ارض پاک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کر نے والے پاکستان ائیر فورس کے بہادر شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔پاک فضائیہ کے شاہین قوم کا فخر ہیں۔وطن کی حفاظت پر مامورپاکستان کے بہادر سپوت ہمارے ہیرو ہیں۔پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے۔پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدودکے تحفظ کیلئے جرات اوربہادری کی تاریخ رقم کی ہے۔قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرات پر ناز ہے۔ملکی سا لمیت اور وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔مادر وطن کے وقار، سلامتی اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
 

Mehr Iqbal Anjum
About the Author: Mehr Iqbal Anjum Read More Articles by Mehr Iqbal Anjum: 101 Articles with 63438 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.