وفاق المدارس کی تقریبات تقسیم انعامات

وفاق المدارس العربیۃ پاکستان ،پاکستان کے دینی مدارس کا سب سے بڑا،قدیم اور منظم تعلیمی اور امتحانی نیٹ ورک ہے، وفاق المدار س العربیۃ پاکستان نے پاکستان کے دینی مدارس کو انتظام وانصرام کی لڑی میں پرویا،ایک نصاب عطا کیا ،یکساں نظام تعلیم رائج کیا،امتحانات کا ایک ایسامنفرد اور مثالی نظام وضع کیا جس کی مثال کہیں نہیں ملتی،وفاق المدارس کے نیٹ ورک سے وابستہ دینی مدارس سے استفادہ کرنے والے مدارس میں جو لاکھوں طلبہ وطالبا ت زیر تعلیم ہیں ان میں بہت بڑی تعداد ایسے باصلاحیت ،ذہین اور محنتی طلبہ وطالبات کی ہے جن میں سے ہر ایک اپنی ذات میں انجمن ،اپنی جگہ ایک چمکتاہوا ستارہ اور ایک قیمتی ہیرا ہے ،ایسے ایسے ذہین اور ایسی ایسی صلاحیتوں کے حامل طلبہ کہ اگر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ،ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے ،انہیں آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے تو وہ دنیا بھر میں ملک وملت کا نام روشن کرسکتے ہیں ،ان باصلاحیت طلبہ کے اعزاز میں وقتا فوقتا تقسیم انعامات کی تقریبات کا اہتمام کیاجاتارہتاہے ، اس سال خصوصی طور پر وطن عزیر کے چاروں صوبوں اور وفاقی دارلحکومت میں تقریبات کا اہتما م کیا جارہا ہے ۔اس سلسلے میں حضرت صدروفاق مولاناڈاکٹر عبدالرزاق اسکندرصاحب تقریبات کی تیاریوں کی براہ راست نگرانی فرمارہے ہیں جبکہ وفاق المدارس کے نرم دم گفتگو،گرم دم جستجوناظم اعلی مولانامحمدحنیف جالندھری صاحب تمام متعلقہ ذمہ داران سے مسلسل را بطے میں ہیں ۔ہرمعاملے میں مشاورت اور رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور دیگرقائدین وفاق بالخصوص نائب صدر وفاق مولانا انوار الحق صاحب اور مولانامفتی محمد رفیع عثمانی صاحب اور مجلس عاملہ کے اراکین اپنی بساط سے بڑھ کر ان تقریبات کے حوالے سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور معاونت فرمارہے ہیں ،اس سلسلے کی سب سے پہلی تقریب آج 12جنوری بروز اتوار پشاور میں انعقاد پذیر ہے ۔آج کی تقریب کے لئے خیبر پختونخوا کے ناظم وفاق مولاناحسین احمد اور ا ن کے جملہ رفقاء بالخصوص خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے مسؤلین اور معاون ناظم وفاق صوبہ خیبر پختون خوا نے جس محنت ، جانفشانی اور لگن سے آج کے پروگرام کی تیاری کی وہ قابل تحسین ہے، خاص طور پر مولاناحسین احمد کی علالت کے باعث ان کے رفقاء نے جس حسن وخوبی سے جملہ امور سر انجام دیے وہ اپنی مثال آپ ہیں ۔جامعہ امدادالعلوم پشاور کے ذمہ داران ،منتظمین اور کارکنان نے ہمیشہ کی طرح اس تقریب کے انعقاد کے لئے بھی اپنے تمام تر وسائل صرف کئے ،ان کا جذبہ بھی قابل تحسین و تقلیدہے۔

اس سلسلے کی دوسری تقریب 16جنوری بروز جمعرات کو جامعہ اشرفیہ لاہور میں انعقاد پذیرہوگی ،جامعہ اشرفیہ لاہورمیں انعقاد پذیر ہونے والی تقریب میں پنجاب بھر کے 150منتخب مدارس کے 350سے زائد طلبہ وطالبات کو انعامات اور اعزازات عطا کیے جائیں گے ،اس سلسلے میں وفاق المدارس العربیۃ پاکستان کے ناظم برائے پنجاب مولاناقاضی عبدالرشید صاحب نے اپنی روایات اور ترتیب کے مطابق بہت فعال کردار اور اندازاختیارکیا ،لاہورکے متعدد اسفار کئے ،پنجاب کے مختلف اضلاع کے ذمہ دار ان سے مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا،شیلڈز تیار کروائیں ،زندگی کے مختلف شعبوں کے وابستگان سے رابطے کیے ،وفاق المدارس لاہور کے مسؤل مولانامفتی خرم صاحب ،مولاناعزیز الرحمان صاحب اور دیگر احباب ان کے دست وبازو بنے رہے ۔

جامعہ اشرفیہ کے جملہ ذمہ داران ،منتظمین ،اساتذہ،طلبہ نے رکن مجلس عاملہ وفاق ومہتمم جامعہ اشرفیہ حافظ فضل الرحیم صاحب کی سرپرستی میں جملہ انتظامات کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ہر دم متحرک اور مستعد رہنے والے مولانامجیب الرحمان انقلابی صاحب نے میڈیاکا محاذ اپنے ذمہ لیا اور یوں اس وقت نہ صرف یہ کہ لاہور بلکہ پنجاب بھر میں ایک فضاء بنی ہوئی ہے۔اس سلسلے کی تیسری تقریب6فروری کو جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی میں انعقاد پذیر ہوگی ۔اس سلسلے میں حضرت صدروفاق مولاناڈاکٹرعبدالرزاق اسکندر صاحب کی سرپرستی میں مولاناامداداﷲ صاحب ناظم برائے سندھ مولاناڈاکٹرسعیداسکندر صاحب ،مولاناطلحہ رحمانی اور دیگر جملہ اہل مدارس کے متعلقین ،وفاق المدارس کے مسؤلین اور ذمہ داران شب وروز اپنی نوعیت کی اس منفرد تقریب کے انعقاد واہتمام کے سلسلے میں مصروف عمل ہیں ۔اور صوبائی سطح کی چوتھی تقریب 13فروریبروز جمعرات کوجامعہ امدادیہ سریاب روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوگی اس حوالے سے بلوچستان کے ناظم وفاق ،رکن قومی اسمبلی مولاناصلاح الدین میزبان ادارے جامعہ امدادیہ کے ذمہ داران اور وفاق المدارس کے مسؤلین کے ہمراہ مصروف عمل ہیں ۔

وفاق المدارس پنجاب کے صوبائی ناظم مولانا قاضی عبدالرشید صاحب نے ان تقریبات کے حوالے سے کہا ہے کہ بظاہر تویہ چار تقریبات ہیں جن میں قومی اور صوبائی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو انعامات او ران کے اداروں کے ذمہ داران کو اعزازات سے نوازا جائے گا ۔لیکن درحقیقت یہ ایک تحریک ہے جو دینی مدارس کے طلبہ کو نیاعزم وحوصلہ عطا کرے گی۔یہ ایک تحریک ہے جو دینی مدارس کے طلبہ کی خود اعتمادی میں اضافے کا باعث بنے گی ،یہ ایک تحریک ہے جو دینی مدارس کی دنیا میں چھپے ہوئے نایاب ہیروں کوقوم کے سامنے لائے گی ۔یہ ایک ایسی تحریک ہے جو دینی مدارس اور مدارس کے اساتذہ وطلبہ کے مابین مسابقت کی فضا پیداکرے گی اور خاص طور پر مدارس میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین اور سرپرستوں کا ان تقریبات کے ذریعے مورال بلندہوگا اوریہ تقریبات اہل مدارس کے مابین رابطوں اور باہمی ملاقاتوں کا باعث بنیں گی ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ تقریبات اب مستقل طور پر دینی مدارس کی روایات کا حصہ بنالی جائیں اور ان کے انعقاد کیلئے سال کے اختتام کا انتظار نہ کیاجائے ،کیونکہ سال کے اختتام کے موقع پر تو مدارس میں اختتام بخاری ،دستاربندی ،تقسیم انعامات کی تقریبات کاسلسلہ پہلے سے ہی جاری وساری ہے ۔نئے تعلیمی سال کے موقع پر ذیقعدہ میں ہرسال پوزیشن ہولڈرزطلبہ وطالبات کے اعزاز میں نہ صرف یہ کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر بلکہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے آبائی ضلعوں میں رمضان المبارک سے ہی اس قسم کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہوجاناچاہیے۔
 

Abdul Quddus Muhammadi
About the Author: Abdul Quddus Muhammadi Read More Articles by Abdul Quddus Muhammadi: 120 Articles with 129980 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.