اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں؟ حصہ اول

جنابِ محترم محمد حنیف شاہد صاحب جو کہ بلاشبہ پاکستان کے مشہورومعروف صاحب قلم اور محقق ہیں اُن کی کتاب "Why Islam Is Our Choice" میں سے چند اقتباسات نہایت اختصار کے ساتھ پیش کرونگا جس کا مقصد صرف اور صرف اسلام کی حقانیت کے بارے میں معلومات عام لوگوں تک پہنچانا اور فکرِ آخرت دلانے کی کوشش کرنا ہے ۔

٭ حصہ اوّل میں اسلامی عقائد اور تعلیمات کے بارے میں اسلام قبول کرنے والوں کے تاثرات بیان کیے جائیں گے۔

اللہ اپنے نور کو مکمل کر کے رہے گا
میں رسالہ ریویو(Review) کی ایک کاپی کسی ایسے انگریز مرد یا خاتون کو بھجوانا چاہتا ہوں جو اسلام سے دلچسپی رکھتے ہوں اور وہ جھوٹ کے پردے ہٹانے میں حصہ دار بننا چاہتے ہیں۔ جو دوسرے مذاہب کے لوگوں بالخصوص عیسائی مبلغین نے ہمارے مقدس دین پر ڈال رکھے ہیں۔

ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ۔ ترجمہ : وہ اللہ کے نور کو پھونکوں سے بجھانا چاہتے ہیں مگر اللہ اپنے نور (دین) کی تکمیل ضرور کرے گا۔ (الصف ۱۶/ ۸)

میں نے قبولِ اسلام کے بعد 40 برس دین اسلام میں گزار ے ہیں۔ پہلا حج میں نے 1311 ہجری میں کیا اور مسلسل اپنے یورپی دوستوں کی رہنمائی کے لیے جھوٹ کے پردے چاک کرتا رہا ہوں جو دشمنانِ اسلام نے ہمارے دین اسلام کے گرد دیواروں کی طرح کھڑے کر رکھے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اسلام کے ابتدائی دنوں ہی سے دوسرے مذاہب کے مبلغین اس خوف میں مبتلا رہے ہیں کہ اگر ہمارے مقدس دین (اسلام) کی حقیقت منظرِعام پر آجائے تو بہت کم لوگ اُن اَدیان(مذاہب) پر قائم رہیں گے۔ جن کی جگہ لینے کے لیے اسلام دنیا میں آیا ہے۔
(الحاج عبداللہ فاضل ولیم سن)

صرف اسلام ہی دنیا کو امن دے سکتا ہے
میں خلوصِ دل سے اپنے اُن تمام مسلمان بھائیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے قبولِ اسلام پر مجھے خط اور ٹیلی گرام (تار) بھیج کر میری حوصلہ افزائی کی۔ ان کی نیک تمناﺅں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مجھے الفاظ نہیں ملتے۔

گزشتہ جنگ (جنگِ عظیم اوّل) کے دوران دنیا کو خون کی ندیاں عبور کرنا پڑیں۔ اس کے بعد میں تو یہ سمجھا تھا کہ امن اور خیر خواہی کا وجود ختم ہو گیا لیکن سات سمندر پار سے میرے بھائیوں نے میری طرف دوستی کے ہاتھ بڑھائے تو اس سے مجھے امید اور روحانی مسرت کا پیغام ملا۔ اس سے میرے لیے یہ بات ثابت ہوگئی کہ صرف اسلام ہی دنیا کو امن دے سکتا ہے۔
(سی،ای،عبداللہ آرچیبالڈ ڈبلیو ہیملٹن۔ سیلسے،سسیکس، برطانیہ8 جنوری،1924 ئ)

اسلام ایک بقعئہ نور ہے
روحانی معاملات میں سچ کی تلاش سے مجھے معلوم ہوا کہ اسلام ایک ایسا نور ہے جو شک اور بدگمانی کے اندھیروں کو مٹا دیتا ہے۔ یہ ایک ایسا دین ہے جو خالص اور دائمی سچائی کا ادراک عطا کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی انسان سے محبت ،اس کی حکمت اور عدل کا احساس دلا کر روح کو تسکین اور تقویت فراہم کرتا ہے۔

میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اسلام کے نور کو دور دراز علاقوں تک پہنچادے اور اس دین کا امن ہر طرف چھا جائے۔ آمین
(سی ،جی،ایچ عبدالرحمن)
Akhtar Abbas
About the Author: Akhtar Abbas Read More Articles by Akhtar Abbas: 22 Articles with 58087 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.