"پیارے بیٹے" مطبوعہ نوری مشن کی اصلاحی معنویت

بزرگوں کی مبارک زباں کھلتی ہے... علم کے دریا بہہ نکلتے ہیں... عرفاں کے موتی جَھڑتے ہیں... اُن کی نصیحتیں انقلاب بداماں ہوتی ہیں... ان کے اَقوال خیالات کی وادیاں سیراب کرتے ہیں... ان کے اشارے حیات کے دھارے بدل دیتے ہیں... "پیارے بیٹے" امام ابو عبدالرحمٰن محمد السلمی نیشاپوری (وصال ٤١٢ھ) کی فکر کا گنجینہ ہے... نصیحتوں کا آبگینہ ہے... جس کا حرف حرف خوشبو ہے... لفظ لفظ مُشک بو ہے...مولانا محمد افروز قادری چریا کوٹی نے ترجمہ کی میز پر سجایا ہے... نوری مشن مالیگاؤں نے اشاعت کا زیور مرصع کیا... ماہرِ امراضِ اطفال ڈاکٹر حامد اقبال نے دل چسپی لی... ان کے مرحومینِ خانوادہ کے ثواب کے لیے کتاب چھپی... نصیحتوں کا یہ گُل دستہ زندگی کے گلشن میں سجانے کے لائق ہے... اِس میں خشیت الٰہی کی تابشیں بھی ہیں... صحبتِ صالح کے اثرات بھی... اخلاص وتوبہ اور صلۂ رحمی کا پیام بھی... زیورِ حیا اور اخلاقی تعلیمات بھی... رزقِ حلال، طاعت، توکل، تواضع کی تابندہ کرنیں دل و دماغ کو منور کرتی ہیں... اسی کتاب سے باطن منور کرنے والے چند نصیحت پارے مطالعہ کریں...

(١)اپنی جملہ حرکات و سکنات کو سُنّتِ محمدی کے تابع کر لو- (ص٩)
(٢) اچھی صحبتوں سے اپنا رشتہ قائم رکھو- (ص١٠)
(٣) مومن کے علاوہ کسی اور کو دوست نہ بناؤ- (ص١١)
(٤) کوشش کرو کہ تمہارا وقت اچھے کاموں میں صَرف ہو- (ص١٤)
(٥) اخلاص کو اپنی زندگی میں اُتار لو- (ص١٥)
(٦) شرمندہ ہو جانا ہی توبہ ہے- (ص١٦)
(٧) ان (والدین) کے ساتھ حُسنِ سلوک سے پیش آؤ- (ص٢٠)
(٨) جو تمہارے ساتھ بُرائی کرے تم اُس کے ساتھ اچھائی سے پیش آؤ- (ص٢٣)
(٩) دولت مندوں اور سرمایہ داروں سے اَکڑ کر ملا کرو- (ص٢٥)
(١٠) دوست احباب کے لیے سراپا محبت و ادب بن جاؤ- (ص٢٦)
(١١) اپنی زبان کو سچائی کا عادی بناؤ- (ص٢٧)
(١٢) خلقِ خدا کو اپنی قیمتی نصیحتوں سے فائدہ پہنچاؤ- (ص٣٠)
(١٣) زبان کی بھرپور حفاظت کرو- (ص٣١)
(١٤) نفس کی تہمتوں اور اس کی بدگمانیوں سے خود کو بچاؤ، لوگوں کے ساتھ حُسنِ ظن رکھو- (ص٣١)
(١٥) اے پروردگار! میری اُمیدوں کو پوری فرما اور میرا اس طرح حامی و ناصر ہو جا کہ بدخواہ دُشمن اور نادان دوست میرا کچھ بگاڑ نہ سکیں (ص٣٢)

اِس کتاب کی رونمائی شیخ طریقت مولانا سید محمد فاروق میاں چشتی مصباحی نے کی...بوقتِ اجراء کتاب کے پہلے نکتے کی تفہیم بھی فرمائی... ضرورت ہے کہ اِس میں مذکور دروس کو شبستانِ عمل میں پروان چڑھایا جائے... تا کہ رہ گزرِ حیات مہک مہک اُٹھے.....
***
 

Ghulam Mustafa Rizvi
About the Author: Ghulam Mustafa Rizvi Read More Articles by Ghulam Mustafa Rizvi: 277 Articles with 255658 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.