اما م اعظم ابو حنیفہ اور فقہی بصیرت قسط نمبر٣

امام اعظم کے تدریس و افتاء کی ابتدا:۔
جب کوفہ کے رئیس العلماء اور آپکے استاد گرامی حضرت حماد کا وصال ہوگیا اور مسند تدریس خالی ہو گئی تو لوگوں کو ضرورت کا احساس ہوا کہ آپ کی جگہ کوئی رونق افروز ہو کر تشنگان علم کو سیراب کرے تو لوگو ں نے پہلے حضرت حماد کے صاحبزادے کو بٹھایا لیکن آنے جانے والوں کو تشفی نہ ہوئی کیو نکہ زیادہ تر ان کی توجہ فن نحو وعلم کلام پر مرکوز تھی پھر موسیٰ بن کثیر بیٹھے لیکن وہ بڑے بڑوں کو ملا کرتے تھے اس لئے لوگوں نے ان کو پسند نہ کیا اس کے بعد باتفاق رائے امام اعظم منتخب ہوئے آپ نے بھی سب کی بات تسلیم کرتے ہوئے فرمایا کہ میں نہیں چاہتا کہ علم مر جائے پھر تشنگان علم آپ کے پاس جوق در جوق حاضر ہونے لگے اور آپ کا وسیع ترین علم و حسن اخلاق اور تحمل دیکھ کر لوگوں نے اوروں کو چھوڑ دیا اور وہ سب انہی کے ہو گئے بقول( ایک جاگیر محکم گیر ) پھر وہ ترقی کرتے کرتے علوم دینیہ کے ملازم ہوئے یہاں تک کہ آپ کا حلقہ درس تمام درس گاہوں سے وسیع ہو گیا۔اور لوگو ں کے قلوب آپ کی طرف مائل ہو گئے اور امراء آپ کی تعظیم و تکریم کرتے خلفاء ان کو یاد کرتے اس لئے کہ جو مسند تدریس امام حماد کی وفات کے بعد سونی ہو گئی تھی اس کو ہمارے امام اعظم نے زینت بخشی اور یہ ایک تاریخی مسلمہ حقیقت ہے کہ امام حماد کا انتقال ١٢٥ھ میں ہوا اور آپ پورے اٹھارہ سال امام حماد کی صحبت میں رہے اس طرح کل تلمذ کی مدت اٹھارہ سال بنتی ہے امام حماد کی وفات کے بعد آپ چالیس سال کے تھے آغاز شاگردی میں ٢٢ سال کے ہوں گے اور چالیس سال تک اخز واستفادہ کا سلسلہ جاری رکھا اور اس کے بعد باستقلال مسند تدریس پر فائز ہوئے ۔

بنائے مذہب حنفی:۔
تاریخ بغداد جلد نمبر ١٣ ص ٣٦٨میں امام صاحب سے منقول ہے کہ میں کتاب اللہ سے سند لیتا ہوں اور اگر اس میں کوئی مسئلہ نہ ملے تو حدیث رسولؐ سے اور اگر قرآن سنت دونوں سے نہ ملے تو اقوال صحابہ سے اخذ کرتا ہوں متعدد مقامات پر آپ کے اقوال مروی ہیں ۔

مطالعہ کے بعد پتہ چلتا ہے کہ امام اعظم کی رائے میں فقہی دلائل سات ہیں کتاب اللہ،سنت رسولؐ ،اقوال صحابہ ،اجماع امت،قیاس ،استحسان،عرف۔حضرت فضیل بن عیاض،ابن مبارک،مزنی اور ابن حزم نے کہا ہے کہ امام اعظم کتاب اللہ،سنت رسول ؐ،اقوال صحابہ اور اجماع امت سے مسئلہ اخذ کرتے اگر ان میں سے نہ ملتے تو قیاس کرتے اور ان کے قیاس دقیق ہوا کرتے اور یہی وجہ ہے کہ امام مزنی کے بھانجے علامہ طحاوی مذہب شافعی چھوڑ کر حنفی ہو گئے۔

(جاری ہے)
MUHAMMAD BURHAN UL HAQ
About the Author: MUHAMMAD BURHAN UL HAQ Read More Articles by MUHAMMAD BURHAN UL HAQ: 164 Articles with 245387 views اعتراف ادب ایوارڈ 2022
گولڈ میڈل
فروغ ادب ایوارڈ 2021
اکادمی ادبیات للاطفال کے زیر اہتمام ایٹرنیشنل کانفرنس میں
2020 ادب اطفال ایوارڈ
2021ادب ا
.. View More