رمضان شریف میں پیش آنے والے تاریخی واقعات

رمضان المبارک برکتوں والا مہینہ ہے۔ یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے اور اہل ایمان اس ماہ مبارک میں عبادات کے ذریعے اپنے رب کی رضا و خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔ اس ماہ مبارک میں اسلامی تاریخ کے کئی ایسے واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے اس مہینے کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی۔رمضان ہی وہ مبارک مہینہ ہے جس میں تمام آسمانی کتب نازل ہوئیں ۔10 رمضان المبارک کو حضور ﷺکی زوجہ محترمہ اور اسلام قبول کرنے والی پہلی خاتون حضرت خدیجہ الکبری رضی اﷲ عنہا کی وفات ہوئی ۔ انہوں نے رمضان المبارک میں ہی اسلام قبول کیاتھا۔ 15 رمضان المبارک کو حضرت امام حسن رضی اﷲ عنہ کی ولادت ہوئی۔17 رمضان المبارک کو ام المومنین حضرت عائشہ کی وفات ہوئی۔17 رمضان المبارک کو کفر اور اسلام کے درمیان پہلی کشمکش’’ غزوہ بدر ‘‘ہوا۔ یہ اسلامی تاریخ کا فیصلہ کن مرحلہ تھا جس میں 313 مسلمانوں پر مشتمل لشکر نے اپنی تعداد اور اسلحہ کے لحاظ سے کہیں زیادہ کفار کے لشکر کو شکست فاش دی۔ دنیا کو حیرت میں مبتلا کر دینے والا فتح مکہ کا واقعہ دس رمضان المبارک آٹھ ہجری میں پیش آیاجس نے آگے چل کر دنیا کی تہذیب و تمدن پر نمایاں اثرات مرتب کر کے اسلامی طرزِ حکومت کی بنیاد رکھی۔ یہ واقعہ بعض مورخین کے مطابق 17 رمضان المبارک کو پیش آیا اور بعض کے مطا بق 20 رمضان المبارک کو۔ 18 رمضان المبارک کو اﷲ نے حضرت داؤد ؑ پر زبور نازل فرمائی۔19 رمضان المبارک کو حضرت سیدنا علی شیر خدا رضی اﷲ عنہ پر قاتلانہ حملہ ہوا اور اکیس رمضان المبارک کو آپ کی شہادت ہوئی۔ اسی طرح رمضان المبارک کی تین تاریخ کو آغوش نبوت کی پروردہ خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمہ زھرا سلام اﷲ علیہا کا وصال پر ملال ہوا۔ خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرارضی اﷲ عنہاکے بارے میں حضورﷺنے فرمایا کہ فاطمۃؓجنت کی عورتوں کی سردار ہیں ۔ایک اور موقعہ پرحضورﷺنے ارشاد فرمایاکہ فاطمۃسب سے پہلے جنت میں داخل ہوں گی۔احادیث مبارکہ میں حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراءؓ کے بہت زیادہ فضائل و مناقب آئے ہیں۔ حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء ؓحضورﷺکی سب سے چھوٹی اور لاڈلی بیٹی ہیں، آپ جنتی نوجوانوں کے سردار سیدنا حضرت حسنؓاورسیدنا حضرت حسینؓکی والدہ اور سیدنا حضرت علیؓکی زوجہ محترمہ ہیں۔ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓفرماتی ہیں کہ میں نے طور و طریق کی خوبی، اخلاق و کردار کی پاکیزگی،نشست و برخاست،طرزگفتگواور لب ولہجہ میں حضورﷺکے مشابہہ حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراءؓسے زیادہ کسی کو نہیں دیکھا۔ایک اور موقعہ پر حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓفرماتی ہیں کہ میں نے حضورﷺکے سوا سیدہ فاطمۃ الزہراءؓسے سچا اور صاف گو کسی کو نہیں دیکھا (الاستیعاب) ام المومنین حضرت سیدہ ام سلمہؓفرماتی ہیں کہ حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراءؓرفتاروگفتارمیں حضورﷺکا بہترین نمونہ تھیں، صحیح بخاری میں ہے کہ حضورﷺنے فرمایا کہ فاطمۃ علیہا السلام خواتین امت کی سردار ہیں۔ایک موقعہ پر حضورﷺنے فرمایا کہ فاطمۃؓمیرے جگر کا ٹکرا ہے جس نے اس کو تنگ کیا اس نے اﷲ کو تنگ کیا قریب ہے کہ اﷲ تعالیٰ اس کا مواخذہ کرے۔مشہور روایت کے مطابق بعثت نبوت کے وقت جب حضورﷺکی عمر مبارک 41سال تھی تو حضرت سیدہ فاطمۃؓمکہ مکرمہ میں پیدا ہوئیں۔ حضرت سیدہ فاطمہ زہرا اپنی والدہ ماجدہ حضرت خدیجہ الکبری رضی اﷲ عنہا کی سیرت طیبہ کا عکس جمیل تھیں۔ جود و سخا، فکر رسا اور نیکی میں اپنی والدہ کی وارث اور ملکوتی صفات و اخلاق میں اپنے پدر بزرگوار کی جانشین تھیں۔ حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام نے شادی کے بعد جس نطام زندگی کا نمونہ پیش کیا وہ طبقہ نسواں کے لئے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ گھر کا تمام کام اپنے ہاتھ سے کرتی تھیں۔ جھاڑو دینا، کھانا پکانا، چرخہ چلانا، چکی پیسنا اور بچوں کی تربیت کرنا۔ ایک مرتبہ اپنے پدر بزرگوار حضرت رسولِ خداﷺ سے ایک کنیز عطا کرنے کی خواہش کی تو رسولﷺ نے بجائے کنیز عطا کرنے کے وہ تسبیح تعلیم فرمائی جو تسبیح فاطمہ زہرا کے نام سے مشہور ہے34 مرتبہ اﷲ اکبر، 33 مرتبہ الحمد اﷲ اور 33 مرتبہ سبحان اﷲ۔ حضرت فاطمہ اس تسبیح کی تعلیم سے اتنی خوش ہوئی کہ کنیز کی خواہش ترک کردی۔ بعد میں رسول خداﷺ نے بلا طلب ایک کنیز عطا فرمائی جو فضہ کے نام سے مشہور ہے۔ جناب سیّدہ اپنی کنیز فضہ کے ساتھ کنیز جیسا برتاؤ نہیں کرتی تھیں بلکہ اس سے ایک برابر کے دوست جیسا سلوک کرتی تھیں۔ وہ ایک دن گھر کا کام خود کرتیں اور ایک دن فضہ سے کراتیں۔ اسلام کی تعلیم یقیناً یہ ہے کہ مرد اور عورت دونوں زندگی کے جہاد میں مشترک طور پر حصہ لیں اور کام کریں. بیکار نہ بیٹھیں مگر ان دونوں میں صنف کے اختلاف کے لحاظ سے تقسیم عمل ہے۔اس تقسیم کار کو حضرت علی رضی اﷲ عنہ اور فاطمہ سلام اﷲ علیہا نے مکمل طریقہ پر دُنیا کے سامنے پیش کر دیا۔ گھر سے باہر کے تمام کام اور اپنی قوت بازو سے اپنے اور اپنے گھر والوں کی زندگی کے خرچ کا سامان مہیا کرنا علیرضی اﷲ عنہ کے ذمہ تھا اور گھر کے اندر کے تمام کام حضرت فاطمہ زہرا سلام اﷲ علیہا انجام دیتی تھیں۔حضرت فاطمہ زہرا سلام اﷲ علیہاکے اوصاف وکمالات اتنے بلند تھے کہ ان کی بنا پر رسولﷺ فاطمہ زہرا سلام اﷲ علیہاسے محبت بھی کرتے تھے اور عزت بھی۔ محبت کا ایک نمونہ یہ ہے کہ جب آپ کسی غزوہ پر تشریف لے جاتے تھے تو سب سے آخر میں فاطمہ زہرا س سے رخصت ہوتے تھے اور جب واپس تشریف لاتے تو سب سے پہلے فاطمہ زہر سلام اﷲ علیہا سے ملنے کے لئے جاتے تھے۔ عزت و احترام کا نمونہ یہ ہے کہ جب فاطمہ سلام اﷲ علیہا ان کے پاس آتی تھیں تو آپ تعظیم کے لئے کھڑے ہوجاتے اور اپنی جگہ پر بٹھاتے تھے۔ رسول کریم ﷺ کا یہ برتاؤ فاطمہ زہرا سلام اﷲ علیہاس کے علاوہ کسی اورکے ساتھ نہ تھا. حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا فرماتی ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے مرض وصال میں اپنی صاحبزادی حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا کو بلایا پھر ان سے سرگوشی فرمائی تو وہ رونے لگیں۔ پھر انہیں قریب بلا کر سرگوشی کی تو وہ ہنس پڑیں۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا فرماتی ہیں میں نے اس بارے میں سیدہ سلام اﷲ علیہا سے پوچھا تو اُنہوں نے بتایا’’حضور نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے میرے کان میں فرمایا کہ آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کا اسی مرض میں وصال ہو جائے گا‘‘۔ پس میں رونے لگی، پھر آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے سرگوشی کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ میرے اہل بیت میں سب سے پہلے تم میرے بعد آؤ گی اس پر میں ہنس پڑی۔‘‘ ۔ یقینا سیدہ سلام اﷲ علیہاکا کردار و عمل امت مسلمہ کی بیٹیوں کے لئے نمونہ عمل اور مشعل راہ ہے۔

Prof Masood Akhtar Hazarvi
About the Author: Prof Masood Akhtar Hazarvi Read More Articles by Prof Masood Akhtar Hazarvi: 208 Articles with 219735 views Director of Al-Hira Educational and Cultural Centre Luton U.K., with many years’ experience as an Imam of Luton Central Mosque. Professor Hazarvi were.. View More