مائنس عمران خان۔۔ْ؟

پاکستان میں انتخابات کی سیکیورٹی کی مد میں قریباً 10 ارب خرچ ہوئے، اربوں روپے کے اخراجات الگ ہیں۔ بے تحاشا روپے خرچ ہونے کے بعد جس قسم کی پارلیمنٹ وجود میں آئی، اس کی کارروائی دیکھ کر بحیثیت عام شہری افسوس ہوتا ہے کہ عوام کے ٹیکسوں سے ایوانوں میں جانے والے ان کے لیے کیا پالیسیاں بنارہے ہیں۔ ایوانوں میں تو ایک جانب مقدمات کی عدالتیں لگی ہیں تو دوسری طرف حکومت کی جانب سے جواب دینے کے لیے جس قسم کی اسٹرٹیجی بنائی گئی ہے، یہ قطعی طور پر دونوں جانب سے مناسب نہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن، آصف علی زرداری اوردیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان تو اب کھلم کھلا کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی حکومت پانچ برس کسی صورت پورے نہیں کرسکتی۔ مڈٹرم الیکشن کا پنڈورا باکس خود وزیراعظم نے کھولا تھا۔ اب اس میں شدت پیدا ہوتی جارہی ہے، لیکن اپوزیشن اس کے لیے عجلت کا مظاہرہ نہیں کررہی یا پھر وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے موقع پر پی پی پی کے رویے نے عدم اعتماد کی جو فضا بنائی تھی اور اپوزیشن رہنماؤں سے ملنے سے بھی انکار کردیا تھا، اس کے مضمرات کا اندازہ پی پی پی کو بخوبی ہوگیا ہوگا۔

اب فارمولا تبدیل ہوچکا ہے اور ذرائع کے مطابق ’’اِن ہاؤس‘‘ تبدیلی کے لیے حکمت عملی بنائی جارہی ہے، جس کے لیے ابتدائی فریم ورک پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ جمہوریت کے تسلسل میں وزرائے اعظم تو گھر جاتے رہے ہیں، لیکن حکومت اپنی مدت پوری کرتی رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’اِن ہاؤس‘‘ تبدیلی کے لیے ’’مائنس عمران خان‘‘ کے فارمولے پر کام کیا جائے گا، لیکن یہاں یہ بات بھی زیر گردش ہے کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ’’اِن ہاؤس‘‘ تبدیلی کے لیے وزارت عظمیٰ کی فی الحال خواہش مند نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں میں اس بار ایسی قیادت کو سامنے لایا جائے گا، جو دونوں کے لیے قابل قبول ہو، کیونکہ ملکی معاشی حالات اس قدر خراب ہیں کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں رسک لینے کو تیار نہیں، مگر وہ عمرانی حکومت کو برداشت کرنے کے لیے کسی طور رضامند نہیں۔

عمران خان کی تمام تر پالیسی جن خدوخال پر چل رہی ہے، اس کی کوئی کُل سیدھی نہیں ہے۔ اپوزیشن کا گمان تھا کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان نے جوڈیشل ایکٹوازم میں کئی ایسے فیصلے کردیے ہیں، جن کے اثرات سے ملکی سیاست کو مستقبل میں ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں اب کئی اعلیٰ ترین حکام کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہی ہیں، جس کے بعد سیاسی جماعتیں کسی قسم کا توقف نہیں کریں گی۔ اس وقت مکمل طور پر انڈر گراؤنڈ و فرنٹ پر کام کیا جارہا ہے۔ ’’اِن ہاؤس‘‘ تبدیلی سے جاری نظام کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچانے کی یقین دہانی پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ صرف چہروں کی تبدیلی ہوگی اور یہ آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ہوگا۔ موجودہ حکومت، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے پر تیار نظر نہیں آتی۔ گو کئی معاملات میں اپوزیشن نے حکومت کو اصولی موقف پر مل جُل کر کام کرنے کا عندیہ دیا ہے، لیکن حکومت جن پتّوں پر تکیہ کررہی ہے وہ جلدہی ہوا دے سکتے ہیں۔

موجودہ حکومتی پالیسی کے بارے میں کسی قسم کے شکوک کی گنجائش نہیں رہی کہ طویل بریفنگ کے باوجود وزراء اپنے طور طریقوں میں تبدیلی نہیں لارہے اور بتدریج حکمراں جماعت کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چونکہ حکومت کے پاس دوتہائی تو کیا، سادہ اکثریت بھی نہیں، اس لئے ان کے سامنے دو راستے رہ جاتے ہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ نیا عمرانی معاہدہ کرلیں، یا پھر دو تہائی اکثریت حاصل نہ ہونے پر ’’دوبارہ حکومت بنوانے‘‘ کے لیے اسمبلیوں کو تحلیل کردیں۔ بدقسمتی سے موجودہ حکومت کی کارکردگی مکمل ’’صفر‘‘ ہے۔ عوام بالکل مطمئن نہیں۔ مہنگائی، گیس، بجلی، ٹرانسپورٹ اور ادویہ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ بدترین تجارتی خسارے اور قرضوں و سود میں اضافے اور متوسط طبقوں میں مستقبل کے حوالے سے چھ مہینے کی کارکردگی نے تحریک انصاف کا امیج بُری طرح متاثر کیا ہے۔ انتخابی منشور میں جتنے بھی وعدے کیے گئے تھے، ان پر 20 فیصد بھی عمل درآمد نظر نہیں آتا۔

جہاں یہ صورت حال ہے وہیں دوسری جانب لاکھوں افراد یومیہ روزگار سے محرو م ہوچکے ہیں، ان کا غصہ بھی عروج پر ہے۔ لگتا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس اب اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ہمت بھی نہیں رہی۔ ہر معاملے کو اپوزیشن کے سر تھوپنے کی روش نے پی ٹی آئی کے لیے ماحول سازگار بنانے کے بجائے مزید گنجلک بنادیا ہے۔ بلاشبہ ہر دور میں کسی بھی حکومت کا دور اقتدار آئیڈیل قرار نہیں دیا جاسکتا، لیکن بد سے بدترین حالات کا ایسا سامنا ہوگا، اس سے عوام چیخ پڑے ہیں، اُنہیں تحریک انصاف سے یہ امید نہیں تھی کہ وہ ابتدائی مہینوں میں ہی عوام کی چیخیں نکال دے گی۔ سیاسی جماعتوں سے اختلاف اپنی جگہ اور ان پر تنقید کے لیے مناسب فورم کا انتخاب کرنا سیاسی رہنماؤں کا کام ہے، لیکن راقم کے سامنے تحریک انصاف کے ہمدردوں نے اپنے رہنماؤں کو جن القاب سے نوازا ہے، ضبط تحریر میں نہیں لاسکتا۔

ذاتی طور پر پاکستان کے مہنگے ترین تاریخی انتخابات کا یہ حال دیکھنے کے بعد قطعی مشورہ نہیں دیا جاسکتا کہ حکومت کو فارغ کردیا جائے، نئے انتخابات کرائے جائیں، لیکن اِن ہاو?س تبدیلی کی دعوت جب خود تحریک انصاف دے رہی ہے تو نقار خانے میں طوطی کی آواز کون سنے گا۔ اتحادی جماعتوں نے اپنی حلیف جماعت پر وعدہ خلافی کے جو الزامات و تحفظات کا اظہار کیا ہے، وہ صبح شام ہمارا میڈیا فرض سمجھ کر دکھارہا ہے، یہاں تک کہ جو بیشتر میڈیا ہاو?سز تحریک انصاف کے ترجمان بنے ہوئے تھے، وہ بھی اب اتنے بے زار نظر آتے ہیں کہ ان کے پاس حکومت کی تعریف و کارنامے بیان کرنے کے لیے کوئی اسکرپٹ ہی نہیں۔ پرائم ٹائم میں جو ٹاک شو ہورہے ہیں، وہ اب پی ٹی وی کے خبرنامے لگ رہے ہیں۔

دنیا میں کیا ہورہا ہے، اس سے پاکستانی عوام کو بے خبر رکھا جانا شاید مخصوص منصوبہ بندی لگتی ہے۔ برطانیہ تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے، فرانس میں مہنگائی کے خلاف عوام کئی ہفتوں سے سراپا احتجاج ہیں، امریکا میں صدر ٹرمپ اور ڈیمو کریٹس کے درمیان شٹ ڈاؤن ختم ہونے کو نہیں آرہا۔ ایران، شام، ترکی، عراق، یمن، بھارت میں کیا ہورہا ہے، میڈیا نے پوری قوم کو کنویں کا مینڈک بنادیا ہے۔ ہمیں ناک سے آگے کچھ نہیں دکھایا جارہا۔ ایسا کب تک چلتا رہے گا اور کب تک اجتہاد کی راہ روک کر جمود کا شکار رہیں گے۔ پاکستان جل رہا ہے۔ قوم کو بانسری سے نہ بہلائیں۔ حقیقت کی دنیا میں آئیں۔ کیا میڈیا ہاو?سز نے کبھی ادراک کیا کہ خبرناموں، ٹاک شوز اور انٹرویوز میں ماورائی دھماچوکڑی دکھانے سے قوم کی کیا حالت ہوگئی ہے۔ کیا انہیں ایسا نہیں لگتا کہ جیسے کوئی تامل فلم دیکھ رہے ہیں۔۔۔؟


 

Qadir Khan
About the Author: Qadir Khan Read More Articles by Qadir Khan: 399 Articles with 266158 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.