’’مشرقی افق‘‘کی تقریب پزیرائی

 بسم اﷲالرحمن الرحیم

مجلس مشاورت : (لوح و قلم تیرے ہیں)
ڈاکٹرساجدخاکوانی حوالہ:
میرافسرامان تاریخ:13نومبر2018
حبیب الرحمن چترالی کاروائی ہفت روزہ ادبی نشست،منگل 13نومبر2018
(ادبی صفحہ کے لیے)
منگل مورخہ 13نومبر2018 بعد نماز مغرب قلم کاروان کی ادبی نشست مکان نمبر1اسٹریٹ 38،G6/2اسلام آبادمیں منعقد ہوئی۔ پیش نامے کے مطابق آج کی ادبی نشست میں میرافسرامان کا کتابی شکل میں کالموں کاتازہ شائع شدہ مجموعہ ’’مشرقی افق‘‘کی تقریب پزیرائی اور ماہ اقبال و ماہ میلاد نبویﷺ کے حوالے سے ڈاکٹرمرتضی مغل کاعنوان’’علامہ اقبال اور عشق رسولﷺ‘‘شامل تھا۔ڈاکٹرمرتضی مغل نے ہی ادبی نشست کی صدارت کی ۔نشست کے آغازمیں ڈاکٹرجاویدملک نے تلاوت قرآن مجید ،جناب شاکرعلی نے مطالعہ حدیث نبویﷺاورڈاکٹرساجد خاکوانی نے گزشتہ نشست کی کاروائی پڑھ کر سنائی۔

صدر مجلس کی اجازت سے سب سے پہلے سیدظہیرگیلانی نے صاحب کتاب کی شخصیت اور فن کے حوالے سے بات کی ،انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ تقریبات میں ہی ان سے ملاقات ہوئی ہے لیکن ان کی پراثر شخصیت نے مجھ پر بہت گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔اس کے بعد ڈاکٹر ساجد خاکوانی نے کتاب اور صاحب کتاب پر لکھی گئی اپنی مختصرتحریرپڑھی۔جناب نعیم اکرم قریشی،صدربزم عروج ادب راولپنڈی نے کہاکہ زیرتبصرہ کتاب امیدورجاکابہترین منبہ ہے ،انہوں نے کتاب کے تبصرے کے بعد یوم اقبال کے حوالے سے اقبال کے بعض اشعار اور کچھ نظمیں شرکاء کو سنائیں جسے بہت پسند کیاگیا۔جناب شاکر علی نے زیرنظرکتاب کے ایک باب پر بھرپورتبصرہ کیاجس میں صاحب کتاب نے قادیانت کے بارے میں لکھی گئی ایک کتاب کو ہدف تنقید بنایاتھا۔جناب شاکرعلی نے کہا کہ اگرچہ مرزائیت پر آنے والی ہر کتاب ان کے زیر مطالعہ رہتی لیکن یہ کتاب نہ معلوم ان کی دسترس سے کیوں باہررہی۔جناب ساجدحسین ملک نے ایک شاندارکتاب کی اشاعت پرمیرافسرامان کو مبارک باد پیش کی۔سبطین رضالودھی نے کہاکہ کتاب اگرچہ ان کے زیر مطالعہ نہیں رہی لیکن صاحب کتاب کی شخصیت اس قدر متاثرکن ہے کہ ان کی کتاب کے بارے میں کسی طرح کامثبت تبصرہ سچ ثابت ہوگا۔جناب مصطفے حسین صدیقی نے کہا کہ صاحب کتاب ان کے پڑوس میں رہتے ہیں اور بہت پرانی شناسائی بھی ہے،انہوں نے اپنے رسالے’’مواصلات‘‘کابھی ذکر کیااور میرافسرامان کے بارے میں بتایا کہ ان کے کالم ہمیشہ میرے زیر مطالعہ رہے اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھااور حاصل کیا۔سلطان محمود شاہین ،صدربزم شوری پاکستان نے بھی کتاب پر لکھی ہوئی اپنی ایک مختصر تحریر پیش کی۔صاحب کتاب کودعوت خطاب دی گئی تو انہوں نے اپنی کتاب سے اپنا تعارف پڑھ کر سنایا جس میں ان کے مختصر حالات زندگی بھی درج تھے۔

آخرمیں صدر مجلس جناب ڈاکٹرمرتضی مغل ،صدر پاکستان اکانومی واچ نے پہلے کتاب پر تبصرہ کیااور کہا کہ نہایت عمدہ تحریروں کو کتاب میں جمع کیاگیاہے اور ایسے کالموں کاانتخاب کیاگیاہے جو ہمیشہ زندہ رہیں گے۔انہوں نے حقائق پر مبنی کتاب کی اشاعت پر صاحب کتاب کو مبارک باد پیش کی۔’’علامہ اقبال اورعشق رسول ﷺ‘‘کے عنوان سے انہوں نے اقبال کے اشعارپڑھ کر ان سے متعلق قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ پیش کیں،انہوں نے کہاکہ اقبال کا کل کلام قرآن مجید کی تفسیر اور سنت نبویﷺ کی شرح وتوضیع ہے۔انہوں نے اپنے خطاب کے آخرمیں علامہ اقبال کے فارسی کلام سے منتخب حصے بھی سنائے ۔صدارتی خطبے کے بعد آج کی ادبی نشست اختتام پزیر ہوگئی۔

Dr Sajid Khakwani
About the Author: Dr Sajid Khakwani Read More Articles by Dr Sajid Khakwani: 470 Articles with 523532 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.