لغتِ سائنس برائے جماعت ششم تا ہشتم - حصہ دوئم

301. (fahrenhet)فارن ہائیٹ: تھرما میٹر جس میں پانی کا نقطہء انجماد32 درجے اور نقطہء جوش 212 درجے ہو۔
302. (fat)چربی / شحم /موٹا / فربہ: شیر کی چربی کا طبِّ یونانی میں خاصا استعمال ہے۔ اس لیے یہ کافی مہنگی بکتی ہے۔
کھاتا ہے خوب ذہنی غلامی کی یہ غذا دِکھتا اسی لیے تو لحیم و شحیم ہے (اشتیاق)
303. (fault)نقص / عیب /رخنہ / غلطی: اگر تجربہ کرنے والا سامان عیب دار ہوگا تو درست نتائج نہیں ملیں گے۔
ذوق ہے ترکِ وطن میں صاف نقصِ آبرو بِکتے پھرتے ہیں گہر ہو کر سمندر سے جدا (ذوقؔ)
304. (feature)خدوخال / چہرہ مہرہ / مہاندرا:موسمی تغیرات کی وجہ سے زمین کے خدوخال میں بھی تبدیلی آ جاتی ہے۔
آتے ہیں لوگ اپنے خدوخال ڈھونڈنے یہ کون میری آنکھ میں آئینے جَڑ گیا (محسن نقوی)
305. (fertilization)زرخیز کاری / بارآوری / جُفتہ سازی: سیم اور تھور سے زمین کی زرخیز کاری میں کمی آ جاتی ہے۔
306. (fertilizer)کھاد: کیمیائی مادہ جو زمین کو زرخیز بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
307. (fiber)ریشہ / دھاگہ: سَن کے ریشے رسّے بنانے کے کا م آتے ہیں۔
نزاکت کا لگا اس قدر تیشہ کہ مخمل کا بھی اب چبھتا ہے ریشہ(چمنستانِ شعراء)
308. (fish)مچھلی/ ماہی : کالا پاپلیٹ نامی مچھلی بہت سوادی (مزیدار) ہوتی ہے۔
جدائی میں تری بے تاب ہوں میں مثالِ ماہی ء بے آب ہوں میں (مثنوی تصویرِ جاناں)
309. (fixed pulley)متعیّن پلی / جَڑی ہوئی پُلی: متعیّن پلی ایسی پلی ہوتی ہے جس میں رسی یا لج حرکت کرتی ہے مگر پلی بذاتِ خود غیر متحرّک رہتی ہے۔
310. (flood)سیلاب / طغیانی / باڑھ: زیادہ بارشیں ہونے سے سیلاب کا خطرہ ہوتا ہے اس لیے حکومتیں پیش بندی کے طور پر کئی اقدامات کرتی ہیں۔
ساحل تھا منتظر، موجیں تھیں بے قرار سیلاب نے ڈبویا ساحل کے آس پاس
311. (flower)گُل / پھول: سُچے گلاب کے پھول کی خوشبو دل و دماغ کو معطّر کر دیتی ہے۔
گُلوں میں رنگ بھرے بادِ نو بہار چلے چلے بھی آؤ کہ گلشن کا کاروبار چلے (فیض ؔ)
312. (fluid)سیّال / رواں: بہہ جانے والی چیز کو سیّال کہتے ہیں ۔ مائعات اور گیسیں دونوں سیّال ہیں۔
313. (fog)دھند: دھند میں گاڑیوں کے حادثے زیادہ ہوتے ہیں۔
شہر تو سارے کا سارا دُھند میں گُم ہو گیا اور میں تنہا سڑک پر ہوں گھروں کے درمیاں(یونس متین)
314. (food)خوراک / غذا: پودوں کی خوراک پتوں میں بذریعہ ضیائی تالیف تیار ہوتی ہے۔
میں گھُل رہا ہوں دردِ محبت سے رات دِن کوئی دوا لگے نہ بدن کو غذا لگے (محامدخاتم النّبیین)
315. (food chain)غذائی زنجیر: غذائی سلسلہ: ایسا غذائی سلسلہ جس میں پودے اور جانور ایک زنجیر کی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ٹھہرتے ہیں مثلاً جانور پودوں کو کھاتے ہیں اور پھر اپنے گوبر کے ذریعے ان کے اگاؤ اور بڑھوتری میں مدد کرتے ہیں۔
316. (food web)غذائی جال: ماحولیاتی نظام میں جانوروں اور پودوں کے باہمی انحصار کا وسیع سلسلہ۔
317. (force)قوت: قوت وہ عامل ہے جو کسی ساکن جسم میں حرکت پیدا کرتا ہے یا حرکت پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے اور کسی متحرک جسم کی حرکت کو روکتا ہے یا روکنے کی کوشش کرتا ہے۔
قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے دہر میں عشقِ محمدﷺ سے اجالا کر دے (اقبالؒ)
318. (forecast)پیشین گوئی کرنا/ پیش گوئی کرنا: موسمی حالات یا آنے والے واقعات کا قبل از وقت اندازہ لگانا۔
319. (form) شکل / خاکہ / نقشہ / فارم: بعض معاملات میں دلائل تحریری شکل میں پیش کرنا ضروری ہوتے ہیں۔
شکل تو دیکھو مصوّر کھینچے گا تصویرِ یار آپ ہی تصویر اس کو دیکھ کر ہو جائے گا (ذوق)
320. (former)سابقہ/ پچھلا / قدیم:قومیں سابقہ خامیوں کو مدنظر رکھ کر موجودہ منصوبوں کی منصوبہ بندی کرتی ہیں۔
بھول جا خوش رہ عبث وہ سابقے مت یاد کر دردؔ یہ مذکور کیا ہے آشنا تھا یا نہ تھا (دردؔ)
321. (formula)فارمولہ / کُلیہ: علامات کا مجموعہ جو کسی شئے کی کیمیائی ترکیب کو ظاہر کرتا ہے۔
322. (fossil fuel) دفینی ایندھن / حیاتیاتی باقیات / رکازی ایندھن: زمین میں دبا ہوا ایندھن مثلاً کوئلہ اور تیل جو قدیم زمانے کے پودوں اور جانوروں کے دفن شدہ جسموں سے بنا ہے۔
مینہ جتنا برستا تھا سرِ دامنِ کہسار اُتنے ہی زمیں اپنے اُگلتی تھی دفینے (سیف و سبو)
323. (freezing point)نقطہء انجماد: وہ درجہ حرارت جس پر کوئی مائع شئے جم جائے یا جمی ہوئی چیز مائع بن جائے۔
324. (frequency)تعدّد: چکروں، لہروں یا ارتعاشات کی تعداد فی سیکنڈ۔( تعدّد لفظ عدد اور تعداد سے بنا ہے یعنی تعداد فی سیکنڈ)۔
325. (friction)رگڑ: وہ مزاحمت جو ایک چیز کو دوسری چیز پر پھسل کر گذر جانے سے روکے۔
جب تک کہ تم نہ آؤ گے رگڑوں گا ایڑھیاں میں بھی ہوں سخت جان جو تم کو ترس نہیں (ریاض البحر)
326. (front)اگلا حصہ /مَتّھا (پنجابی میں): اس مکان کا مَتّھابہت خوبصورت ہے۔
327. (fruit)پھل / میوہ / ثمر:کچھ پھل درتخمی (angiosperm)ہوتے ہیں اور کچھ بر تخمی (gymnosperm)۔
ثمر آئیں گے کیا اب نخلِ دل میں کہ رشتہ ہی نہیں ہے آب و گِل میں
328. (fuel)ایندھن: ہم لکڑی کو بطورِ ایندھن استعمال کرتے ہیں۔
اک دُکھ کی پرورش کے لیے عمر بھر نثارؔ ایندھن بدن کا ، خوں کا نوالہ دیا گیا (آغا نثارؔ)
329. (filter)چھاننا :چھج تاں بولے چھاننی کیہ بولے جیدے وچ ہزاراں چھیک نیں یعنی چھاج تو بولے چھاننی کیوں بولے جس میں ہزاروں چھید ہیں۔
330. (fulcrum) : فلکرم / بیرم: وہ ٹیک جو کسی چیز کو سنبھالتی ہے۔
331. (function): کام / عمل / تفاعل / تقریب: عارضہء قلب میں مبتلا مریض کا دل کام چھوڑ گیا۔
کون ہے تارکِ آئینِ رسولِ مختار مصلحت وقت کی ہے کس کے عمل کا معیار (اقبالؒ)
332. (fungi)پھپھوندی / اُلّی/ فطر: انگشتی کارش (athlete foot) کی بیماری انسانی جلد پر پھپھوندی لگ جانے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ کم تیل کی وجہ سے اچار کو اُلّی لگ جاتی ہے۔
g
333. (galaxy)کہکشاں: وہ دودھیا سا راستہ جہاں ستاروں کا جھرمٹ ہوتا ہے
انہی پتھروں پہ چل کر اگر آسکو تو آؤ میرے گھر کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں ہے
334. (garbage)کوڑا کرکٹ: کچھ نادان لوگ اپنے ہی دروازوں کے باہر کوڑا کرکٹ بھینک دیتے ہیں۔
کیا شگفتہ ہے بہارِ چمن نزہتِ طبع سامنے جس کے گل و لالہ ہیں کوڑا کرکٹ (مراۃ الغیب)
335. (gas)مادے کی وہ حالت جس میں مادے کے سالمے (molecules) سب سے زیادہ دوری پر ہوتے ہیں۔
336. (gas giant) گیسی سیارے: ایسے سیّارے جو کہ زیادہ تر پتھر یا ٹھوس مادے پر مشتمل نہ ہوں۔
337. (gem) قیمتی پتھر: امیر لوگ قیمتی پتھروں سے اپنے مکانات بناتے ہیں اور غریب فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور ہیں۔
338. (gene) مورثہ / نسبہ / کونیہ : وراثتی خصوصیات نسل در نسل منتقل کرنے والا مادہ جس میں چتر ریشے (chromosomes) ہوتے ہیں۔ چتر کا مطلب ہے تیترا میترا جیسے چتری والا کیلا۔
339. (generation) نسل / پُشت / جد: ان کے خاندان کے لوگ جدی پشتی طب کے شعبے کو اپناتے چلے آرہے ہیں۔
340. (generator)جنریٹر/ بجلی پیدا کرنے والا آلہ: آجکل لوڈ شیڈنگ سے جنریٹروں کی مانگ بڑھ گئی ہے۔
341. (genetic engineering)جینیاتی انجینئری: موروثی مادے میں ردّوبدل کا علم جس کا مقصد خصوصیات پیدا کرنا ہے۔
342. (genetic material)جینیاتی مادہ: زندہ اشیاء میں وراثتی خصوصیات نسل در نسل جینیاتی مادے کے ذریعے ہی منتقل ہوتی ہیں۔
343. (genetic variation)جینیاتی تبدیلیاں:مصنوعی طریقوں سے جینیاتی تبدیلیاں پیدا کرکے پودوں اور جانوروں کی نئی نئی قسمیں پیدا کی جا رہی ہیں۔
344. (geologist)ماہرِ ارضیات:زمین کے بارے میں علم کا ماہر۔
345. (geology)علمُ الارض۔ زمین کے بارے میں علم۔
346. (geothermal energy)ارضی حرارتی توانائی: زمین کی اندرونی حرارت سے پیدا ہونے والی توانائی۔
347. (germ)جرثومہ : بیماریاں پیدا کرنے والا خوردبینی جرثومہ۔
348. (germination)اگاؤ /تولید / نمو پزیری / روئیدگی:بیج کے اگاؤ کا انحصار بیج کی صحت اور زمین کی زرخیزی پر ہوتا ہے۔
کیا اُگائے مینہ زمیں میں جب نہ ہو روئیدگی کیا جلائے برق اہلیت تو دیکھو خاک کی (نقوشِ مانی)
349. (glacier)برفانی تودہ:برفانی تودے گرنے سے کئی دن تک ٹریفک معطل رہی۔
350. (gland)غدود / گلٹی / غدّہ : اندرونی اور بیرونی رطوبت بنانے کا اہل عضو یا ساخت۔
351. (global)عالمی / عالمگیر/ارضی/آفاقی: دنیا اب ایک عالمی گاؤں بن چکی ہے۔
352. (global climate)عالمی آب و ہوا: موسمیاتی سیّارے اب عالمی آب و ہوا کا ریکارڈ دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔
353. (global warming)عالمی حدّت / عالمی تپش: عالمی تپش کرّہ ارض کے لیے ایک بڑا خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
354. (graduated cylinder)درجہ دار سلنڈر:وہ سلنڈر جس پر حجم کو ظاہر کرنے کے لیے نشانات لگے ہوتے ہیں۔
355. (gram)گرامg : ایک کلوگرام کا ہزارواں حصہ، تول یا کمیت کی اکائی۔
356. (graph) گراف: X محور اور yمحور پر موجود دو قیمتوں کے مابین تعلق کو ظاہر کرنے والا خط۔
357. (gravitational)ثقلی / کششِ ثقل کے بارے میں:جوں جوں ہم بلندی پر جائیں کششِ ثقل کم ہوتی جاتی ہے۔
358. (gravity)ثقل / بھاری پن / بوجھ : جتنا بھاری کوئی جسم ہوگا اتنی ہی اس میں کششِ ثقل زیادہ ہوگی۔
کان سے ثِقلِ سماعت کا بوجھ جاتا رہا قُل ھواللہ فاقہ کَش کی آنت کو پڑھتے سُنا (فردوسِ تخّیل)
359. (greatest)سب سے بڑا: ڈائنوسار دنیا کا سب سے بڑا جانور تھا مگر اب ناپید ہو چکا ہے۔
360. (greenhouse)سبزہ گھر/ پودگھر / ساوا چھورا: سردیوں میں سبزہ گھر پودوں کو اضافی حرارت پہنچانے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔
361. (ground water)زمینی پانی: پنجاب میں بارشیں کم ہونے سے زمینی پانی کی سطح اور گہری ہو گئی ہے۔
362. (group) گروہ / مجموعہ: مونگے سمندر میں گروہ کی صورت میں کالونیاں بنا کر رہتے ہیں۔
h
363. (habit)عادت: اچھی اور صحت مند عادات انسان کو خوش و خرم اور مطمئن رکھتی ہیں۔
وہ بھولے ہوئے ہیں یہ عادت خدا کی کہ حرکت میں ہوتی ہے برکت خدا کی (حالیؔ)
364. (habitat)مسکن / گھروندا / رہا ئش گاہ / آشیاں:گرمیوں میں بٹیر کا مسکن پکی ہوئی گندم کا کھیت ہوتا ہے کیونکہ پکی ہوئی گندم کی فصل کا رنگ بٹیر سے خاصا مشابہ ہوتا ہے۔
اے ہِمالہ داستاں اس وقت کی کوئی سنا مسکنِ آبائے انساں جب بنا دامن ترا (اقبالؒ)
365. (hand lens)دستی عدسہ: دستی عدسے کے ذریعے کپاس اور دیگر فصلوں کے کیڑوں اور سنڈیوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔
366. (hardness)سختی اور کڑا پن: فولاد یا سٹیل میں عام لوہے کی نسبت سختی اور کڑا پن زیادہ ہوتا ہے۔
ہوا کی زد پہ بھی دو اک چراغ روشن ہیں بلا کے حوصلے دیکھے ہیں سخت جانوں کے
367. (harmful)مُضِر / نقصان دہ: کھانا کھانے کے فوراً بعد بیٹھنا صحت کے لیے مُضِر ہے۔
ہے مُضرِ صحت یہ عادت ہماری کہ سونا دیر تک ہے اک بیماری (اشتیاق احمد)
368. (healthy habit)صحت مند عادت: کھانا کھانے کے فوراً بعد مسواک کرنا ایک صحت مند عادت ہے۔
369. (heart)دل / قلب:دل انسانی جسم کا ایک پمپ ہے جو جسم کے تمام اعضاء کو خون فراہم کرتا ہے اور تمام اعضاء سے خون وصول کرتا ہے۔
دلوں کی الجھنیں بڑھتی رہیں گی اگر کچھ مشورے باہم نہ ہوں گے
370. (heart muscle)عضلہء قلب / دل کا پٹھا:عضلاتِ قلب سکڑنے سے دل کا دورہ پڑ سکتا ہے۔
371. (Heat)حرارت: حرارت توانائی کی ایک قسم ہے جس کی اکائی جول ہے
مسجد تو بنا دی شب بھر میں ایماں کی حرارت والوں نے من اپنا پرانا پاپی ہے برسوں میں نمازی بن نہ سکا
372. (heat energy)حرارتی توانائی: سورج سے ہمیں مفت میں بیش بہا حرارتی توانائی ملتی ہے۔
373. (herbivores)سبزی خور/ سبزہ خور / چارہ خور / پٹھے خور/ نباتات خور: ایسے جانور جن کی خوراک کا غالب جُز سبز چارہ ہوتا ہے۔
374. (hereditary)موروثی: وہ پیشہ یا عادت جو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہو سکے۔
زراعت اس کی موروثی اسامی صناعت کے بھی اوزاروں کا حامی (کلیاتِ اسماعیل)
375. (hibernation)سرما خوابی / نومِ سرمائی:مینڈک اور سانپ سردیوں میں لمبی نیند سوتے ہیں جو سرما خوابی یا نومِ سرمائی کہلاتی ہے۔
376. (hormone)مہیجہ (ہیجان پیدا کرنے والا)/ ہارمون:جسم کے مختلف حصوں میں مخصوص تحریک کے نتیجے میں غدود سے پیدا ہونے والا لعاب ۔
377. (host)میزبان: طفیلیے جانور یا پودے اپنے میزبان کے جسم سے ساری خوراک کھا کر اسے کمزور کر کے مار دیتے ہیں۔
دل کو کمالِ داغِ محبت عزیز ہے شفقت ہے میزبان کی بس مہیمان پر (مظہرِ عشق)
378. (humid)مرطوب / نم دار:تربوز گرم مرطوب علاقوں کی پیداوار ہے۔
اس سے واں کی ہوا بہت مرطوب ہووے نزلہ زکام بے اسلوب (میرؔ)
379. (humidity)مرطوبیت / نمی : زمین میں مناسب نمی بیج کے اگاؤ کے لیے ضروری ہوتی ہے۔
380. (hurricane): بارش کا طوفان/ طوفانِ بادوباراں:طوفانِ بادو باراں نے تمام کھڑی فصلیں تباہ کردیں۔
381. (hydroelectric power) آبی برقی توانائی: پانی کے زور سے پیدا کی ہوئی برقی توانائی کی قوت۔
382. (hygrometer)نم پیما / رطوبت پیما: ہوا میں موجود نمی کی پیمائش کرنے والا آلہ۔
383. (hypothesis):مفروضہ : مفروضہ جب مشاہدات و تجربات کی کسوٹی پر پرکھا جاتا ہے تو نظریہ بن جاتا ہے۔
i
384. (identify)شناخت کرنا / پہچاننا:کپاس کی کئی سنڈیاں کپاس کے پتوں سے اس قدر ملتی جلتی ہیں کہ ان کی شناخت مشکل ہو جاتی ہے۔
385. (identical)ہم شکل / مماثل / ہمسر: دو جڑواں بھائیوں کی شکلیں اس قدر مماثل ہیں کہ بغور دیکھنے پر ہی فرق واضح ہو پاتا ہے۔
386. (igneous rock)آتشی چٹان / آتش فشاں چٹان: لاوا اگلنے والی چٹانیں۔
یہ کیا کہ تہمتیں آتش فشاں کے سر آئیں ؟ زمیں کو یوں بھی خزانہ کبھی اُگلنا تھا (مسنغ نقوی)
387. (illuminate) روشن کرنا / منوّر کرنا: سورج کی روشنی سے چیزیں منوّر ہوتی ہیں تو ہمیں نظر آتی ہیں۔
کہاں کہاں ہوئے روشن ہمارے بعد چراغ ستارے دیدہء تر سے حساب پوچھتے ہیں (محسن نقوی)
388. (illustrate)وضاحت باتصویر / وضاحت بالمثل: تصویروں یا مثالوں کے ذریعے وضاحت ۔
389. (immune system) مناعتی نظام /نظامِ مامونیت /مدافعتی نظام: الرجی (حساسیت) جسم کے نظامِ مامونیت کے کمزور پڑ جانے سے ہوتی ہے۔
390. (inclined plane)سطح مائل / ڈھلوان سطح / جھکی سطح: ایک طرف س ے اونچی سطح جو بتدریج دوسرے سرے تک نیچی ہوتی جاتی ہے۔
391. (increase)اضافہ / بڑھوتری/ بڑھنا / سوا ہونا : کھاد کے استعمال سے پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔
رکھیو غالبؔ مجھے اس تلخ نوائی پہ معاف آج کچھ درد میرے دل میں سوا ہوتا ہے (غالبؔ)
392. (independent variable)آزاد متغیّر: گراف کھینچنے کے لیے ایسی مقدار جو دوسری مقدارسے آزاد ہوتی ہے۔
393. (indicate)بیان کرنا / اشارہ کرنا / نشاندہی کرنا:گرم ہوائیں اور جھکڑ موسم خشک رہنے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اشارہ کر کے وہ یوں دم کو اپنی لٹکاتے ہم ان کے کوٹھے پہ دُم کو پکڑ کے چڑھ جاتے (عادل لکھنوی)
394. (individual)فردِ واحد / اکیلا: کسی فردِ واحد کی سوچ بعض اوقات کسی بڑے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو جاتی ہے۔
میں اکیلا ہی چلا تھا جانبِ منزل مگر لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا
395. (infection)متعدّی مرض/ چھوت : ایسا مرض جو ایک جسم سے دوسرے جسم میں سرایت کر جاتا ہے۔
396. (inference)نتیجہ اخذ کرنا: بامقصد بحث سے ہی کوئی نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے۔
397. (information)معلومات / اطلاعات: اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں ہمیں دوسری قوموں سے پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔
398. (ingredient)اجزائے ترکیبی (وہ اجزء جن سے مل کے کوئی چیز بنی ہو): اس شربت کے اجزائے ترکیبی بوتل پر لکھے ہوئے ہیں۔
399. (inherit)وراثت پانا: مصنّف بننے کی خوبی بیٹے نے وراثت میں اپنے باپ سے پائی ہے۔
وہی ایک ہے جس کو دائم بقا ہے جہاں کی وراثت اسی کو سزا ہے (حالیؔ)
400. (inherited adaptation)وراثتی مطابقت پزیری:نسل در نسل چلنے والا وہ ارتقائی عمل جس میں جانداروں کی کوئی آبادی اپنے مسکن سے زیادہ مانوس اور مطابقت پزیر ہوتی ہے۔
401. (inherited traits)وراثتی عادات: ایسی عادات جو والدین سے بچوں میں بذریعہ جینز منتقل ہوتی ہیں۔
402. (insect)کیڑا / حشرہ/کِرم / مکوڑا: آجکل کیڑے مار ادویات کے بغیر فصلیں پیداوار نہیں دیتیں۔
403. (insulator)حاجز / غیر موصل:حاجز یا غیر موصِل ایسی چیز کو کہتے ہیں جس میں سے بجلی کا ایصال (گذر) نہ ہوتا ہو۔
404. (interact)جواباً عمل کرنا / تعامل/ ایک دوسرے کو متاثر کرنا:جب دو یکساں چارج ایک دوسرے سے تعامل کرتے ہیں تو ان کے درمیان دفع کی قوت ان کو پیچھے دھکیل دیتی ہے۔
405. (internal)اندرونی / داخلی / باطنی: کسی جسم کی اندرونی توانائی اس جسم میں موجود تمام اقسام کی توانائیوں کا مجموعہ ہوتی ہے۔
406. (interpret)ترجمانی کرنا / وضاحت کرنا / تشریح کرنا: گیسوں کا حرکی نظریہ ہی گیسوں کے رویوّں کی درست وضاحت کرتا ہے۔
اب اک نظمِ سادہ کی صورت میں مانی دلِ زار کی کیجئے ترجمانی (نقوشِ مانی)
407. (interval)وقفہ:کپاس کی فصل کو ایک ہفتے کے وقفے کے بعد پانی دینا چاہیے۔
مرگ اک ماندگی کا وقفہ ہے یعنی آگے چلیں گے دم لے کر (میرؔ)
408. (inversion)عملِ اُلٹاؤ / تقلّب (قلب سے جو خون کو الٹتا پلٹتا ہے):تیز آندھی نے سب کچھ الٹ پلٹ دیا۔
دنیا نہیں قرار کی جا اے ظفر کہ یاں ہے انقلابِ دہر سے اکثر اُلٹ پلٹ (بہادر شاہ ظفر)
409. (invertebrate)بے ریڑھیے / غیر فقاریہ / بے مُہریے جانور: ایسے جانور جن میں ریڑھ کی ہڈی نہیں ہوتی۔مثلاً حشرات اور مونگے وغیرہ۔
410. (ion)آئن / برق پارہ : چارج شدہ ایٹم (الیکٹران کی کمی یا زیادتی کی وجہ سے)،
411. (ionic bond)آئنی بندھن: ایک ایٹم کے الیکٹران دینے اور دوسرے کے وصول کرنے سے دونوں متضاد آئن بن جاتے ہیں۔ ان متضاد آئنوں کی باہمی کشش کو آئنی بندھن کہتے ہیں۔
412. (iron)لوہا/ فولاد / آئرن: لوہے کا شمار سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سخت ترین دھاتوں میں ہوتا ہے۔
لوہا نہیں ہے ذہن کی تلوار کا خراب یاں بے مہارتی کے سبب سے چڑھا ہے زنگ (بے نظیر)
413. (irregular)بے قاعدہ / بے ضابطہ:بھدّی اور ناہموار اشیاء سے روشنی ٹکرا کر بے قاعدہ انداز سے منعکس ہوتی ہے۔
414. (isolate)الگ رکھنا / علیحدہ کرنا / جدا کرنا : مرکز مائل مشینوں سے ہلکے اور بھاری ہم جاؤں کو الگ الگ کرتے ہیں۔
پھول سے باس جدا ، فکر سے احساس جدا فرد سے ٹوٹ گئے فرد ، قبیلے نہ رہے
j
415. (jelly fish)جیلی مچھلی: چھتری نما مچھلی جس کا جسم جیلی کی طرح شفّاف اور نرم ہوتا ہے۔
416. (joint)جوڑ/ گرہ / گانٹھ: تمام کیڑے مکوڑے جانوروں کے جوڑ پایاں (arthropod)خاندان سے تعلّق رکھتے ہیں۔
k
417. (kilogram)کلوگرام: مقدارِ مادہ کی اکائی۔
گاہک سے تو کلو میں چکاتا ہے قیمتیں پر مال تولتا ہے ابھی تک وہ سیر سے
418. (kiloliter) کلو لٹر: حجم کی اکائی۔ ایک کلو لٹر میں ایک ہزار لٹر ہوتے ہیں۔
419. (kilometer)کلومیٹر: فاصلے کی اکائی۔ ایک کلومیٹر میں ایک ہزار میٹر ہوتے ہیں۔
420. (kinetic energy)حرکی توانائی / توانائی بالفعل: کسی جسم میں اس کی حرکت کی وجہ سے موجود توانائی۔
421. (kingdom)عالم /بادشاہی / دنیا: عالمِ ذی حیات کو دو گروہوں یعنی عالمِ حیوانات اور عالمِ نباتات میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اپنے ہی غم سے نہیں ملتی نجات اس بنا پر فکرِ عالم کیا کریں (مہتابِ داغ)
422. (knowledge)علم: علم کی شمع سے ہو مجھ کو محبت یارب
l
423. (label)نشان لگانا / پرچی لگانا / تصویر کے مختلف حصوں پر نام لکھنا): حیاتیات کے عملی امتحان میں کسی تصویر کے مختلف حصوں کو لیبل کرنا ہوتا ہے۔
424. (land sliding)ریزشِ زمین / زمینی لڑھکاؤ: مٹی یا چٹان کے تودے کا بالائی سطح سے پھسل یا لڑھک کر نیچے گرنا۔
425. (large intestine)بڑی آنت: آنت کا وہ مُختَصِر تَر اور فَراخ تَر حِصَّہ جوہضم شدہ فُضلات کو خُشک کَر کے براز کو خارِج ہونے کے لِيے تَيار کَرتا ہے ۔
426. (larva)لاروا / پہل روپ: حشرات کے دورِ حیات کا پہل روپ ۔ اس کے بعدکے روپ منجھ روپ اور بالغ حشرہ ہیں۔
427. (laser)لیزر: یک رنگی روشنی جو دور تک بغیر منتشر ہوئے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
428. (latitude)عرض بلد: زمین کو عرضی رخ پر دو حصوں میں تقسیم کرنے والا خط۔
429. (lava)لاوا: پگھلا ہوا مادہ جو عموماً پہاڑی علاقوں میں زمین سے نکلتا ہے اور تھوڑی دور بہہ کر جم جاتا ہے۔
یہ کہکشاں یہ لہو کے قطرے یہاں سے لاوا ابل پڑے گا (نگار)
430. (layer)تہہ / پرت / پردہ / چھلکا / طبق: ابرق کی تہیں اتارتے جائیں تو بالآخر ابرق ختم ہو جائے گا۔
جب ضرب کی، زمیں کے طبق ہل کے رہ گئے سر اڑگئے گلوں سے گلے مل کے رہ گئے (انیسؔ)
431. (leaf)پتّا /برگ / پات: پتّا پودے کا اوپری پنجہ نما پتلا حصہ ہوتا ہے جس میں ضیائی تالیف کے ذریعے پودے کی خوراک تیار ہوتی ہے۔
پتّا پتّا بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے جانے نہ جانے گُل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے (میرؔ)
432. (learned)سیکھا ہوا / ماہر/ فاضل: وہ شخص جس جو مطالعے یا عملی کام سے عالم فاضل یا ماہر بنا ہو۔
433. (learned adaptation)ماہرانہ یا علمی مطابقت پزیری: ایک عالم فاضل شخص تعلیم یافتہ ماحول میں علمی مطابقت پزیری کی وجہ سے زیادہ بہتر طریقے سے زندگی گذار سکتا ہے۔
434. (least)کم ترین / نسبتاً سب سے کم: عام پیمانے کا کم ترین شمار (کم سے کم پیمائش کی صلاحیت) ایک ملی میٹر تک ہوتا ہے۔
435. (levee)پشتہ / بند : دریا کے سیلاب کو روکنے کے لیے پُشتہ یا بند۔
436. (lever)لیور / بیرم / تُل(پنجابی میں) : کوئی وزنی چیز اٹھانے یا حرکت دینے کے لیے استعمال کی جانے والی سلاخ۔
437. (life)زندگی / زیست:زندگی خدا کی امانت ہے اس کی قدر کرنی چاہیے۔
وہ زیست اور ہے جس کو نہ آئے موت کبھی بدن میں سانس کی مہلت کو زندگی نہ سمجھ (احمد سبحانی آکاشؔ)
438. (life cycle)دورِ حیات / زندگی کا چکر:کسی جاندار کے افعال و اعمال کا مکمل سلسلہ۔
رہے گا یاد یہ دورِ حیات کیا ہم کو کہ زندگی میں ہی ترسے ہیں زندگی کے لیے
439. (life span)عرصہء حیات / مدتِ زندگی /:کسی جاندار کی طبعی عمر۔
440. (lift)اٹھانا / بلند کرنا / لفٹ : چڑھانے یا اتارنے کی سواری یا مشین۔
دیکھ دل سے کہ جاں سے اٹھتا ہے یہ دھواں سا کہاں سے اُٹھتا ہے (میرؔ)
441. (light)نور/ روشنی / چانن / ضیا: روشنی بھی توانائی کی ایک قسم ہے۔
وہ آئے بزم میں اتنا تو ہم نے دیکھا میرؔ پھر اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی
442. (light year)نوری سال: وہ فاصلہ جو روشنی ایک سال میں طے کرتی ہے۔
443. (line graph)خطی گراف: وہ گراف جو خط یا لائن کھیچ کر بنایا جاتا ہے۔
444. (lines of force)خطوطِ قوّت:وہ فرضی خطوط جو برقی یا مقناطیسی میدان کی شدّت اور سمت کو ظاہر کرتے ہیں۔
445. (link)تعلّق / رابطہ /کڑی:سائنسی علوم کا فہم اور قومی ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔
وہ اپنے گھر کے دریچوں سے جھانکتا کم ہے تعلّقات تو اب بھی ہیں رابطہ کم ہے (نواز دیوبندی)
446. (liquid)مائع/ رقیق: پانی کی طرح بہنے والی چیز۔کسی برتن میں موجود مائعات اپنا دباؤ چاروں طرف برابر ڈالتی ہیں۔
رقیق شئے کا دباؤ چہار سمت لگے تو اس کو کہتے ہیں ہم لوگ پاسکل کا اصول(اشتیاق احمد)
447. (list)فہرست:خریداری سے پہلے اشیاء کی فہرست بنالیں تو خریداری میں خاصی آسانی رہتی ہے۔
اب آخری سطروں میں کہیں نام ہے اس کا احباب کی فہرست میں پہلا تھا جو اک شخص (محسن نقوی)
448. (liter)لِٹر: حجم کی اکائی۔ مائعات کی پیمائش عموماً لِٹروں میں ہی کی جاتی ہے۔
449. (liver)جگر / کلیجہ: ایک بڑا سرخی مائل بھورے رنگ کا عضو۔ جگر خراب ہونے سے یرقان کا مرض پیدا ہو جاتا ہے۔
پھلا پھولا رہے یارب چمن میری امیدوں کا جگر کا خون دے دے کر یہ بوٹے میں نے پالے ہیں (اقبالؒ)
ہم نے ان کے سامنے پہلے تو خنجر رکھ دیا پھر کلیجہ رکھ دیا دل رکھ دیا سر رکھ دیا
450. (location)مقام / جائے وقوع:دل کی جائے وقوع یہ ہے کہ یہ سینے کے بائیں جانب پسلیوں کے حصار میں ہوتا ہے۔
مقام فیض ؔ کوئی راہ میں جچا ہی نہیں جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے (فیضؔ)

جاری ہے
Ishtiaq Ahmad
About the Author: Ishtiaq Ahmad Read More Articles by Ishtiaq Ahmad: 52 Articles with 168507 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.