پی ایس ایل کی 2 ٹیموں کے لیے بڈنگ کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا قرار، پی سی بی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے بڈنگ کے عمل کی تفصیلات جاری کر دیں۔

ذرائع کے مطابق بڈز پاکستان سمیت امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات سے موصول ہوئیں۔ مجموعی طور پر 12 پارٹیز نے مقررہ مدت کے اندر اپنی پیشکشیں جمع کروائیں۔ پی سی بی نے بڈنگ کے ابتدائی نتائج کو غیر معمولی اور حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔

بڈرز میں موبائل فون، سولر پینل کمپنیاں، ریئل اسٹیٹ گروپس اور دیگر معروف کاروباری ادارے شامل ہیں، جبکہ کچھ بڈرز نے کنسورشیم کی شکل میں بھی حصہ لیا۔ ابتدائی نتائج ہفتے کو اعلان کیے جائیں گے، اور ٹیکنیکلی کوالیفائیڈ بڈرز 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کھلی بولی کے ذریعے 2 نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع حاصل کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق نئی فرنچائز کی ملکیت 2026 سے 2035 تک 10 سال کے لیے ہوگی، اور کامیاب بولی دہندگان فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت میں سے کسی شہر کے نام پر ٹیم منتخب کر سکتے ہیں۔ بورڈ کی صوابدید پر فہرست سے باہر کا نام بھی منظور یا مسترد کیا جا سکتا ہے، اور اس کے لیے ایک ملین ڈالر کی ایک وقت کی فیس ادا کرنا ہوگی۔

مزید برآں، کامیاب فرنچائز اپنے شہر کے نام کے ساتھ لاحقہ بھی شامل کر سکے گی، تاہم کمرشل یا موجودہ فرنچائزز کے لاحقے جیسے قلندرز، کنگز، یونائیٹڈ، زلمی، گلیڈی ایٹرز اور سلطانز استعمال نہیں کیے جا سکتے۔ ساتویں اور آٹھویں ٹیموں کو پی سی بی نے اگلے 5 ایڈیشنز تک کم از کم 85 کروڑ روپے سینٹرل پول انکم گارنٹی دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 11 کا ایونٹ 26 مارچ 2026 سے 3 مئی 2026 تک منعقد ہوگا، اور اس بار 8 ٹیمیں ایکشن میں حصہ لیں گی۔ اس ضمن میں ملتان سلطانز کے موجودہ اونرز کا معاہدہ نہ بڑھانے کی وجہ سے بورڈ کو اس ٹیم کے نئے مالکان تلاش کرنے ہوں گے، جبکہ 11ویں ایڈیشن میں بورڈ خود بھی ٹیم کے معاملات سنبھال سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US