گورنر اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری، بانی پاکستان کو خراجِ عقیدت

image

کراچی میں بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری اور وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی۔ دونوں رہنماؤں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

تقریب میں سندھ کابینہ کے اراکین، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار، ناصر شاہ اور دیگر وزرا شریک ہوئے، جبکہ آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ معاہدے کر رہا ہے اور حرمین شریفین کے محافظ کے طور پر ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں بعد نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے اور پی آئی اے کی نجکاری گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ مؤثر پالیسیوں اور مضبوط عسکری حکمتِ عملی سے پاکستان کا عالمی اعتماد بحال ہوا ہے، جبکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کو اہم ترقیاتی منصوبہ قرار دیا۔

وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے وزیٹرز بُک میں تاثرات قلم بند کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظم کے افکار آج بھی قوم کی رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد کا پیغامِ اتحاد، انصاف اور قانون کی بالادستی موجودہ چیلنجز میں مزید اہمیت اختیار کر چکا ہے، اور سندھ حکومت قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے پُرعزم ہے۔

تقریب کے اختتام پر حکام نے کہا کہ یہ حاضری بانی پاکستان کے اصولوں کی پاسداری اور عوامی فلاح کے عزم کی تجدید ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US