امریکی جریدے دی جیوپالیٹکس کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) افغانستان میں موجود امریکی ساختہ ہتھیاروں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی پاکستانی سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں متعدد دہشتگرد اور پرتشدد حملے کیے جا چکے ہیں۔
دی جیوپالیٹکس کا کہنا ہے کہ افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیاروں کی مجموعی مالیت 7 ارب ڈالر سے زائد ہے، جن میں ایم 4 اور ایم 16رائفلیں، نائٹ وژن آلات اور دیگر جدید جنگی سازوسامان شامل ہیں، جو اس وقت دہشتگرد عناصر کی دسترس میں ہیں۔
امریکی جریدے کے مطابق یہ ہتھیار افغانستان کی بلیک مارکیٹ کے ذریعے مختلف دہشتگرد نیٹ ورکس کو فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے خطے میں عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان متعدد مواقع پر شواہد پیش کر چکا ہے جن سے ثابت ہوتا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد امریکی ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان میں حملے کر رہے ہیں۔