پاکستان کے کھیلوں کے میدان سے ایک اور خوشخبری سامنے آئی ہے کیونکہ پاکستان کو ایک اور بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی حاصل ہوگئی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر اپنے پیغام میں تصدیق کی کہ پاکستان اگست 2026 میں ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (SAFF) بوائز انڈر 17 چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔
اس ایونٹ میں جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کی انڈر 17 فٹبال ٹیمیں حصہ لیں گی، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح کے مقابلوں کا موقع ملے گا اور پاکستان میں ملٹی نیشنل فٹبال سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) کی جانب سے یہ میزبانی حاصل کرنا ایک شاندار کامیابی ہے۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی سطح پر پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق SAFF انڈر 17 بوائز فٹبال چیمپئن شپ 2026 کی میزبانی سے پاکستان کی عالمی کھیلوں میں ساکھ مزید مضبوط ہوگی اور ملک ایک بااعتماد اور قابل اعتماد میزبان کے طور پر ابھرے گا۔