2025 میں پاکستان کی سیکیورٹی اور اسٹریٹجک کامیابیاں بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہیں۔ مختلف ذرائع نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائیوں، علاقائی سفارتکاری اور فوجی تیاریوں کو سراہا ہے۔
امریکی میگزین The Diplomat کے مطابق پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف متعدد ممالک کے ساتھ تعاون مضبوط کیا اور ملکی سطح پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت مختلف عسکری گروہوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان پر پاکستان کی مضبوط پالیسی اور طالبان حکومت پر مسلسل دباؤ نے علاقائی سیکیورٹی میں ملک کی فیصلہ کن حکمت عملی کو واضح کیا۔
میگزین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ ایک بڑا دوطرفہ دفاعی معاہدہ مکمل کیا، جسے مشرقِ وسطیٰ میں اسٹریٹجک پیش رفت قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ، پاکستان آرمی نے بھارتی فوجی اشتعال انگیزیوں کا موثر جواب دیا، جس سے ملک کی روکاوٹی صلاحیت اور اسٹریٹجک ساکھ میں اضافہ ہوا۔
ایک امریکی نشریاتی ادارے نے بھی پاکستان کی فوجی قیادت کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے انتہا پسندی کے خلاف مضبوط اور واضح پیغام دیا اور ریاستی اختیار قائم رکھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 2025 میں پاکستان بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن کر ابھرا، جہاں فوجی قیادت نے قومی مفادات اور علاقائی استحکام کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ رپورٹس میں یہ بات بھی اجاگر کی گئی کہ فوجی آپریشنز اور جہاد کے اعلانات کے فیصلے مکمل طور پر ریاست کے کنٹرول میں ہیں، جو پاکستان کے منظم اور جوابدہ رویے کو ظاہر کرتے ہیں۔