محبت اور شادی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں، بشریٰ انصاری کا لڑکیوں کو پیغام

image

معروف اداکارہ، گلوکارہ اور اسکرپٹ رائٹر بشریٰ انصاری نے حال ہی میں نوجوان لڑکیوں اور خواتین کے شادی کے پروپوزل کے معاملے میں دھوکا کھا جانے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔ انہوں نے یہ باتیں اپنے ویلاگ میں کہی ہیں جس میں انہوں نے معاشرتی رویّوں پر تنقیدی نظر ڈالی۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ لڑکیاں بہت آسانی سے محبت میں مبتلا ہو جاتی ہیں اور خود ان کے ساتھ بھی ایسا ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق فلموں اور حقیقی زندگی میں بھی یہ دیکھا گیا ہے کہ اگر کسی لڑکے کی طرف سے شادی کی پیشکش آ جائے تو اکثر لڑکیاں بے حد خوش ہو جاتی ہیں حتیٰ کہ بعض اوقات حقیقت اور حالات کو نظر انداز کر دیتی ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ صرف شادی کی پیشکش کو زندگی کی سب سے بڑی کامیابی کیوں سمجھ لیا جاتا ہے؟ بشریٰ انصاری نے کہا کہ کسی کا پروپوز کرنا خوشی کی بات ہو سکتی ہے لیکن یہ شادی کے لیے کافی نہیں۔ ان کے مطابق ہمارے معاشرے نے لڑکیوں کی ذہن سازی اس طرح کی ہے کہ انہیں لگتا ہے شادی کی پیشکش مل جانا ہی سب کچھ ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ لڑکیوں کو چاہیے کہ وہ مرد کی عادات، کردار اور رویّوں کو دیکھیں نہ کہ صرف شادی کی پیشکش پر آنکھیں بند کر لیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض لڑکیاں یہ کہہ دیتی ہیں کہ اس میں کئی برائیاں ہیں لیکن اس نے مجھے پروپوز تو کیا ہے جو ایک خطرناک سوچ ہے۔

بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ ان کا مقصد بغاوت پر اکسانا نہیں بلکہ لڑکیوں کو سوچنے اور مستقبل میں محتاط رہنے کا پیغام دینا ہے تاکہ وہ شادی جیسے اہم فیصلے میں خود کو کم تر نہ سمجھیں اور محض پروپوزل کو کامیابی نہ تصور کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US