معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی ذاتی زندگی سے جڑے تنازعات پر بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے اہلیہ اور ان کے بھائی کو سخت وارننگ دے دی ہے۔ رجب بٹ جو اکثر اسکینڈلز اور متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہتے ہیں اس وقت اپنی ازدواجی زندگی کے بحران سے گزر رہے ہیں۔
رجب بٹ کا کہنا ہے کہ ان کے بہنوئی عون محمد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مسلسل منفی مہم چلا رہے ہیں جس کے باعث نہ صرف انہیں بلکہ ان کے پورے خاندان کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے رجب بٹ نے انسٹاگرام پر ایک طویل بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے پاس مزید آڈیوز اور اسکرین شاٹس موجود ہیں اور اب وہ مزید خاموش نہیں رہیں گے۔
رجب بٹ نے لکھا کہ ان کی والدہ، بہن، پورا خاندان اور حتیٰ کہ نو ماہ کے بچے کو بھی صرف اس لیے تنقید کا نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جھوٹی معلومات پھیلائی گئیں، ہمدردی حاصل کرنے کے لیے کھیل کھیلا گیا اور سوشل میڈیا پر منظم گروپس بنائے گئے جو اب بند ہونے چاہییں۔
یوٹیوبر نے وضاحت دی کہ ان کے بیٹے کیوان کو وی لاگز میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ خود ان کی اہلیہ کا تھا اس کے باوجود انہیں اس معاملے پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ رجب بٹ نے کہا کہ ان کی شادی چلے گی یا نہیں یہ اللہ کی مرضی ہے لیکن ذاتی تعلقات کو اس طرح اچھالنا اور الزامات لگانا اخلاقیات کے خلاف ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اس معاملے پر تقسیم نظر آ رہے ہیں۔ کچھ ناظرین رجب بٹ کی ذاتی زندگی سے جڑی روزانہ خبروں پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔
تاہم رجب بٹ کے مداح ان کے حق میں سامنے آ گئے اور ان کے بہنوئی کے کردار پر شدید تنقید کی۔ کئی صارفین نے رجب بٹ کے طویل بیان کو طنز کا نشانہ بھی بنایا۔