وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی تاریخی، آزمودہ اور لازوال ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات 9 ویں چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر سطح پر مضبوط اور مؤثر روابط رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کو آئرن برادرز کہا جانا باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئرن برادرز کی اصطلاح صرف پاکستان اور چین کے تعلقات کے لیے استعمال ہوتی ہے جو باہمی اعتماد اور مثالی دوستی کی عکاس ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات بھی مسلسل فروغ پا رہے ہیں، چین کے شہری اردو جبکہ پاکستانی شہری چینی زبان سیکھ رہے ہیں جو عوامی سطح پر روابط کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی کی بنیاد بھی رکھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی ہے جس پر دونوں اقوام کو فخر ہے۔
دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کی گہری دوستی کی عکاس ہے، جس سے پاکستان اور چین کے عوام کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”آئرن برادرز“ کی اصطلاح پاک چین تعلقات کے لیے مخصوص ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد پر مبنی مثالی دوستی کی علامت ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔