پاکستان بحرانوں سے نکل کر تبدیلی کے سفر میں داخل ہوچکا، وزیر خزانہ

image

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اب بحرانوں کے بیانیے سے نکل کر مواقع اور تبدیلی کے سفر میں داخل ہو چکا ہے۔ امریکی جریدے یو ایس اے ٹوڈے کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ملک ایک اہم معاشی موڑ پر پہنچ چکا ہے اور معاشی استحکام، اصلاحات اور پالیسیوں کے تسلسل کی بدولت ملکی اور عالمی سطح پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت اب صرف استحکام کے مرحلے میں نہیں بلکہ برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مالی سال 2025 کے آغاز کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں بعد پاکستان نے پرائمری بجٹ سرپلس اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیے ہیں جبکہ ترسیلات زر میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور زرِ مبادلہ کے ذخائر میں بہتری نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار ترقی ہی اصل چیلنج ہے اور حکومت نے برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ موجودہ بجٹ میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتری، سرکاری اداروں کی اصلاح اور ٹیرف لبرلائزیشن شامل ہیں تاکہ عالمی مسابقت میں اضافہ ممکن ہو۔

انہوں نے زراعت، معدنیات، ڈیجیٹل معیشت، آئی ٹی سروسز اور ٹیکسٹائل برآمدات کو ترجیحی شعبے قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے روشن مواقع موجود ہیں۔ وزیر خزانہ نے بلوچستان میں ٹیتھیان کاپر بیلٹ، ڈیٹا سینٹرز اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ترقی کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔

محمد اورنگزیب نے عالمی برادری کو پیغام دیا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور شراکت داری کے لیے تیار ہے اور ملکی معیشت بحرانوں کے بیانیے سے نکل کر مواقع اور تبدیلی کے سفر میں داخل ہو چکی ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے لیے روشن امکانات موجود ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US