وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے یونیسیف کے نمائندے کی ملاقات

image

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):پاکستان میں اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے نمائندے عبداللہ اے فادیل نے منگل کو وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی بھی شریک تھے ۔وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عبداللہ اے فادیل کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے تعلیمی شعبے میں یونیسیف کی خدمات کا اعتراف کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے معیاری تعلیم تک مساوی رسائی پیدا کرنے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے میں یونیسیف کے کردار کو سراہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کے مسئلے اور تعلیم تک رسائی اور معیار کے وسیع فرق کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ڈاکٹر خالد نے کہا کہ وزارت تعلیم ایک قومی تعلیمی فریم ورک بنانے کے لیے ایک جامع منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت وفاق اور صوبے برابر کے سٹیک ہولڈر ہوں گے۔ وزیر نے کہا کہ یہ فریم ورک ایک ماہ کے اندر شروع کر دیا جائے گا اور تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ ڈونر پارٹنرز کو آن بورڈ لیا جائے گا۔

ڈاکٹر خالد نے کہا کہ بنیادی مقصد پاکستان میں سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں بڑی حد تک کمی لانا ہے اور یہ صرف ایک قومی، ٹھوس اور مرکوز کوششوں سے ہو سکتا ہے۔سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے کہا کہ بظاہر ناقابل تسخیر نظر آنے والے اس بحران سے اسی صورت میں نمٹا جا سکتا ہے جب ہم تعلیمی بحران کے حل کو معاشی ترقی کے وسیع بیانیے کا سنگ بنیاد بنا لیں۔

احمد وانی نے کہا کہ وفاقی حکومت قومی تعلیمی فریم ورک کے تحت وسیع تر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے صوبوں کے پسماندہ علاقوں جیسے کچی آبادیوں کے لیے تعاون کا وعدہ کرے گی۔عبداللہ اے فادیل نے کہا کہ یونیسیف 1948 سے پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف پسماندہ اور کمزور آبادیوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان میں تمام بچوں کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ اس میں سکول کے اندراج، برقرار رکھنے، اور سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ جامع اور بچوں کے لیے دوستانہ تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.