وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کو دھاندلی کا الزام لگانے کے بجائے کھلے دل سے اپنی شکست قبول کرنی چاہیے تھی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں جب عوام نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیا تو مسلم لیگ (ن) نے اسے تسلیم کیا تھا، لیکن آزاد کشمیر میں ہارنے کے بعد الیکشن پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں ہی آزاد کشمیر کے حالات خراب ہوئے تھے اور اب وہ اپنی کارکردگی پر غور کرنے کے بجائے دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 17 سال سے حکومت میں ہونے کے باوجود پیپلزپارٹی کے پاس آزاد کشمیر کے عوام کو دکھانے کے لیے ایک منصوبے تک کا روڈ میپ نہیں تھا۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو خود احتسابی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں صفائی، امن و امان اور سڑکوں کے نظام کو بہتر کیا جائے اور جمہوریت کے فروغ کے لیے عوام کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے۔