عالمی اداروں کی تمام رپورٹس درست نہیں ہوتیں، کراچی کو پلاننگ کے تحت بھی ٹارگٹ کیا جاتا ہے، پولیس چیف

image

ایڈیشنل آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کراچی چیمبر میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی دل ہے اور اس شہر کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کو مسلسل دہشت گردی کے خطرات کا سامنا رہتا ہے، تاہم پولیس کی پوری کوشش ہے کہ شہر میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہ ہو اور کراچی پولیس ان خطرات کو روکنے میں کم و بیش کامیاب رہی ہے، جس کے نتیجے میں شہر میں مجموعی طور پر جرائم میں 15 فیصد کمی آئی ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ اصلاح کے لیے تنقید ضرور ہونی چاہیے لیکن ہمیں اپنے ملک اور شہر کا منفی تاثر پیش کرنے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ یہی تاثر ملک اور بیرونِ ملک پھیل کر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ بھتہ خوری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس جرم پر کراچی پولیس کی زیرو ٹالرنس پالیسی قائم ہے اور بھتہ خوروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال پولیس نے کارروائیوں کے دوران 9 بھتہ خوروں کو ہلاک، 15 کو زخمی جبکہ 61 کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں، جبکہ غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف بھی سخت ایکشن جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ٹریفک مینجمنٹ کی نئی رجیم کے بعد حادثات میں 13 فیصد کمی آئی ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت اس کی رسائی کم ہے لیکن اس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ تجاوضات کے معاملے پر بات کرتے ہوئے پولیس چیف نے اعتراف کیا کہ کراچی میں انکروچمنٹ بڑھ رہی ہے، تاہم اس کی روک تھام کے لیے بلدیاتی اداروں اور پولیس کے درمیان رابطہ موجود ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ سندھ میں فرانزک لیب قائم کی جا رہی ہے اور ڈیجیٹل فرانزک کے شعبے میں بھی بہتری آئی ہے۔ سبزی منڈی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہاں ایک الگ تھانہ ہونا چاہیے جو جلد ہی قائم کر دیا جائے گا۔ بھکاری مافیا کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ پولیس کے پاس بھکاریوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اختیار نہیں ہے، کیونکہ اگر بھکاریوں کو گرفتار کیا جائے تو انہیں رکھنے کے لیے جگہ موجود نہیں۔

کراچی پولیس چیف اور ایڈیشنل آئی جی سندھ آزاد خان نے سینئر صحافی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کے لیے ایک نیا سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت شہریوں کی شکایات اور ایف آئی آر بغیر کسی انسانی مداخلت کے باآسانی درج ہو سکیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ پنکی کیس، جو میڈیا میں زیادہ ہائی لائٹ ہوا تھا، اس میں پولیس کو مزید کامیابی ملی ہے اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم کراچی پولیس نے پنکی سے بھی بڑے منشیات سپلائر شاہ فہد کو اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے، جبکہ منشیات کے تمام نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

شہر میں پولیس نفری اور وسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے اعتراف کیا کہ آبادی اور وسعت کے حساب سے نفری کم ہے اور وسائل میں اضافے کی ضرورت موجود ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے میں نفری سے زیادہ کارکردگی اہم ہوتی ہے اور پولیس اپنی کارکردگی بڑھا کر اس کمی کو پورا کرے گی۔ عالمی رپورٹس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے بارے میں عالمی اداروں کی رپورٹس اور سرویز 100 فیصد درست نہیں ہوتیں، بعض دفعہ کراچی کو پلاننگ سے ٹارگٹ بھی کیا جاتا ہے، رپورٹ اور سروے پرسیپشن پر بنائے جاتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US