خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں کی گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن سے متعلق اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کی جانب سے اسکول وکالج بسوں کی فٹنس لازمی قرار دیدی گئی۔
ڈائریکٹوریٹ ٹرانسپورٹ نے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی، خیبرپختونخوا کو مراسلہ جاری کردیا، جس میں ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کی جانب سے اسکول وکالج بسوں کی فٹنس لازمی قرار دیدی گئی ہے اور واضح کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کی گاڑیاں کمرشل وہیکل کے طور پر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی پابند ہیں۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ طلبہ کی ٹرانسپورٹ کی اجازت نہیں ہوگی، موٹر وہیکل ایگزامینر کے ذریعے گاڑیوں کی فٹنس جانچ لازمی ہوگی، فٹنس قوانین کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاری مراسلہ میں اسکول و کالج بسوں کی باقاعدہ انسپکشن کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ ہدایت کی گئی ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے اپنی ٹرانسپورٹ فوری طور پر رجسٹر اور فٹنس مکمل کرائیں۔