اسپیشل بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پشاور میں امید اسپیشل ایجوکیشن اسکول (USES) کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کور کمانڈر پشاور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے دلکش ٹیبلوز، ثقافتی پروگرامز اور ملی نغموں کے ذریعے اپنی خداداد صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
کور کمانڈر پشاور نے خصوصی بچوں کی جانب سے تیار کیے گئے سائنسی، فنی اور تصویری ماڈلز کا معائنہ کیا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کی تعلیم و تربیت میں امید اسپیشل ایجوکیشن اسکول کی انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کو بتایا گیا کہ امید اسپیشل ایجوکیشن اسکول میں اس وقت 188 خصوصی بچے زیرِ تعلیم ہیں، جہاں انہیں معیاری تعلیم، تربیت اور جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت صرف اداروں نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ امید اسپیشل ایجوکیشن اسکول کے تین ہونہار طلبہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں، جو ادارے کی بہترین تعلیمی اور تربیتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔