مسجدِ نبوی ﷺ کے مؤذن شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان انتقال کر گئے

image

مسجدِ نبوی ﷺ کے معروف اور طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے مؤذن شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان گزشتہ شام انتقال کر گئے۔ مرحوم گزشتہ تقریباً 25 برس سے مسجدِ نبوی ﷺ میں اذان کی سعادت حاصل کر رہے تھے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان کی نمازِ جنازہ منگل کی صبح نمازِ فجر کے بعد مسجدِ نبوی ﷺ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں جنت البقیع میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

مسجدِ حرام اور مسجدِ نبوی ﷺ کے امورِ دینیہ کی صدارت کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے مسجدِ حرام اور مسجدِ نبوی ﷺ کے آئمہ، مؤذنین، اساتذہ اور امورِ دینیہ کے تمام عملے کی جانب سے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان کو سال 2001 میں مسجدِ نبوی ﷺ کا مؤذن مقرر کیا گیا تھا۔ مسجد انتظامیہ کی جانب سے مرحوم کی آخری اذان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جس نے عقیدت مندوں کو آبدیدہ کر دیا۔

مرحوم مدینہ منورہ میں ہی پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم مدینہ میں حاصل کی جبکہ اعلیٰ تعلیم طیبہ یونیورسٹی سے مکمل کی۔ وہ ایک ایسے معزز اور دینی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے جو نسل در نسل مسجدِ نبوی ﷺ میں اذان دینے کی سعادت سے وابستہ رہا ہے۔

شیخ فیصل نعمان کے دادا اور والد دونوں اس عظیم منصب پر فائز رہے۔ ان کے والد شیخ عبد المالک نعمان نے محض 14 برس کی عمر میں مسجدِ نبوی ﷺ میں اذان دینا شروع کی اور نوّے برس سے زائد عمر تک یہ مقدس فریضہ انجام دیتے رہے۔

والد کے انتقال کے بعد شیخ فیصل نعمان اس منصب پر فائز ہوئے اور دہائیوں تک اخلاص، لگن اور خشوع کے ساتھ اس عظیم ذمہ داری کو نبھاتے رہے۔ ان کی خدمات کو مدینہ منورہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں میں ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US