جنوبی افریقا نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2-0 سے کلین سوئپ کر دیاجس نے بھارتی کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ گوہاٹی ٹیسٹ کی تاریخی فتح نے جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بغیر کوئی میچ ہارے سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والا کپتان بنا دیا۔ انہوں نے 12 ٹیسٹ میچز میں 11 فتوحات حاصل کیں اور ایک میچ ڈرا رہا۔
بھارت کے لیے یہ صدمہ دوگنا ہے کیونکہ 2024 میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر 3-0 کی کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا تھا اور محض ایک سال سے بھی کم عرصے میں اب جنوبی افریقا کے خلاف بھی وہ ہوم سیریز میں وائٹ واش ہو گیا۔
بھارتی کرکٹ حلقوں میں اس ناقابلِ قبول ناکامی کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگر کار کو ہٹانے کے مطالبات زور پکڑ گئے ہیں۔ سابق بھارتی بولر وینکٹش پرساد نے گوتم گمبھیر کو دماغی مریض قرار دیتے ہوئے تنقید کی جبکہ روی چندرن ایشون نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف یہ بھارت کی اب تک کی خراب ترین بیٹنگ تھی۔