Add Poetry

بتا دے میری طرح تو بھی تو اداس نہیں

Poet: dr.zahid Sheikh By: dr.zahid Sheikh, Lahore Pakistan

سخن شناس ہو لیکن نظر شناس نہیں
تمھاری سوچوں میں دل کی کوئی اساس نہیں

سمجھ سکو تو سمجھ لو ہوں کس قدر تشنہ
کہ میرے ہونٹوں سے ظاہر تو میری پیاس نہیں

ترے خیال سے آباد ہے مری دنیا
ہوا ہی کیا مری محبوب ! تو جو پاس نہیں

جو آج پھر تری یادوں کے پھول مہکے ہیں
بتا دے میری طرح تو بھی تو اداس نہیں

نبھاہ کیسے کروں میں منافقوں سے بھلا
منافقت مری فطرت کو دوست راس نہیں

کھلا رہے گا مرا در سدا تمھارے لیے
تمھارے آنے کی گرچہ کوئی بھی آس نہیں

خزاں نے سارے درختوں کو کر دیا عریاں
وہ سبز پتوں کا ان پہ رہا لباس نہیں

کہاں سے سیکھیں گے آداب بھوک کے مارے
کہ پیٹ بھرنے کو روٹی بھی جن کے پاس نہیں

ستم میں اپنوں کے سہتا رہا ہوں پر زاہد
ستم تو یہ ہے کہ کھوئے مرے حواس نہیں

Rate it:
Views: 1260
11 Dec, 2012
Related Tags on Love / Romantic Poetry
Load More Tags
More Love / Romantic Poetry
تُمہاری یاد میں دِل کا نِظام کس کا تھا تُمہاری یاد میں دِل کا نِظام کس کا تھا؟
یہ اِضطراب، یہ شوقِ دَوام کس کا تھا؟
جو بے نَقاب ہوا خواب میں، بتایا نہیں،
یہ حُسن، یہ نگہِ خوش کَلام کس کا تھا؟
سَکوتِ شَب میں جو دِل کو جَلا گیا آخر،
چَراغ کون تھا، شُعلۂ خام کس کا تھا؟
تُمہارے بعد جو تَنہائی کا سَفر گُزرا،
ہر ایک موڑ پہ سایہ، سَلام کس کا تھا؟
جو لَب ہِلے نہ کبھی، اَشک بَن کے بَہتا رہا،
وہ غَم تُمہارا تھا یا میرا نام کس کا تھا؟
جو زَخم دے کے بھی چُپ تھا، وہ شَخص کیسا تھا؟
نہ پُوچھ مجھ سے، وُہی اِنتقام کس کا تھا؟
دھُواں تھا دِل میں، مَگر روشنی سی باقی تھی،
جَلا جو خواب، وُہی احتشام کس کا تھا؟
جو زِندگی کو بِکھرنے سے روک لیتا تھا،
وہ حَرف، وہ دُعا، وہ کَلام کس کا تھا؟
سُنے بغیر جو خاموش ہو گیا مظہرؔ،
وہ آخری سا دِل آشوب جام کس کا تھا؟
نَظر میں عَکس رہا، دِل میں چُپ سا طُوفاں تھا،
یہ بے قَراری، یہ وَجد و قیام کس کا تھا؟
جو دَستِ غیر سے خط بھی ملا تو حَیرت تھی،
بِکھرتے حَرف میں وہ اِحترام کس کا تھا؟
کہیں سے آئی صَدا، اور سَب لَرز سے گئے،
یہ کَیف، یہ اَثر، یہ پَیام کس کا تھا؟
تُمہیں جو کہتے ہیں مظہرؔ وَفا سے دُور ہوا،
بَتاؤ ان کو، وُہی تو غُلام کس کا تھا؟
MAZHAR IQBAL GONDAL
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets