وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل عبدالکریم العیسی کی خیرسگالی ملاقات

image

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں خیر سگالی ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو خوش آمدید کہا اور عید الفطر کے موقع پر پاکستان آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے کے لئے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مسلم امہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے، دنیا بھر میں مسلم مقاصد کی وکالت کرنے اور امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو پھیلانے میں مسلم ورلڈ لیگ کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی صحت اور درازی عمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل کے حالیہ دورے کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورانہیں مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ پاکستان کی مسلسل حمایت اور شراکت داری کی یقین دہانی کرائی۔

مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے وزیر اعظم کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے وزیراعظم کو ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی 07 سے 15 اپریل 2024 تک پاکستان کے دورہ پر ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.